Aaj Paka Lein Meetha Kaddu - Article No. 2143

Aaj Paka Lein Meetha Kaddu

آج پکا لیں میٹھا کدو - تحریر نمبر 2143

7 خوبیوں کا مالک ہے ایک اکیلا کدو

جمعرات 29 اپریل 2021

Pumpkin یعنی نارنجی رنگ کے گودے والا میٹھا کدو جسے گھیا اور پیٹھا بھی کہا جاتا ہے،بہت زیادہ غذائیت رکھنے والی سبزی ہے لیکن بہت سی بہنیں نہیں جانتیں کہ اس سبزی کا گودا،بیج اور تیل سب فائدہ بخش ہیں اور یہ حسن بھی نکھارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاکستان میں یہ سبزی اکثر موسموں میں دستیاب ہو جاتی ہے۔یہ ذائقے میں بھی لذیذ ہوتی ہے اسے گوشت کے ساتھ پکائیں یا بھجیا کی شکل میں،یہ ہر انداز میں ذائقہ دار بنتی ہے۔
غذائی ماہرین ان کی 7 اہم خوبیاں گنواتے ہیں،آپ بھی ملاحظہ کیجئے کدو کھائیں تو کیوں․․․․
یہ وزن میں کمی لاتا ہے
میٹھے کدو میں کیلوریز اور کاربوہائیڈریٹس بہت کم ہوتے ہیں اس لئے اسے بلا خوف کھایا جا سکتا ہے۔اس کا ذائقہ شکرقندی سے مماثلت رکھتا ہے اس لئے اگر آپ کی ہنڈیا میٹھی میٹھی سی لگے تب بھی اسے شکر سے بنی نہ سمجھئے یہ بے ضرر قدرتی مٹھاس ہے۔

(جاری ہے)

یہ فائبر سے بھرپور سبزی ہے آپ سیر ہو کہ نہ بھی کھایئے تب بھی بہت دیر تک بھوک دوبارہ نہیں ستائے گی۔اس میں فائبر کی وجہ سے بہت دیر تک بھوک نہیں لگتی۔
قدرتی اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور
میٹھے کدو کے بیج سے تیل حاصل کیا جاتا ہے اس میں قدرتی اینٹی آکسیڈینٹس اور پولی ان سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز کی کافی مقدار ہوتی ہے۔ خاص طور پر وٹامن E کی ایک مخصوص قسم Gamma Tocopherol موجود ہے جو بہت طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ سمجھا جاتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق اس سبزی کا مرکب سوزش گھٹاتا ہے اور بعض اقسام کے کینسر سے محفوظ رکھتا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق وٹامن E کی مذکورہ قسم ان جینز کو متحرک کرتی ہے جو نسیان کے مرض الزائمر کے حملے سے بچاتے ہیں۔
خوشگوار موڈ کی ضمانت
اس سبزی میں موجود میگنیشیئم سے دماغ کی کیمیائی حالت بہتر ہوتی ہے۔ذہن روشن اور تھکن مٹتی ہے فکر،پریشانی اور افسردگی سے نجات میں مدد لی جا سکتی ہے۔
ماضی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ جن لوگوں میں میگنیشیئم کی کمی ہوتی ہے ان کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔یہ قدرتی میگنیشیئم کو قدرتی سکون بخش بھی کہا جاتا ہے۔
نظر تیز
گاجر کے ساتھ ساتھ میٹھا کدو کھانے سے بھی نظر یعنی بینائی تیز ہوتی ہے اور اس کی وجہ بیٹا کیروٹین ہے جو جسم میں جا کر وٹامن A بن جاتا ہے۔
پھر یہ Retinol بنتا ہے۔جو بصارت میں اضافہ کرتا ہے۔پردہ چشم کی بیماریوں کو دور کرتا ہے۔جس سے بڑھتی ہوئی عمر میں بھی بینائی قائم رہتی ہے۔
جلد شگفتہ کرے
گاجر اور میٹھے کدو میں مشترکہ غذائیت نظر آتی ہے مثلاً ان دونوں میں بیٹاکیروٹین اور کیروٹینائڈز موجود ہیں اگر بیٹا کیروٹین کی مقدار کم ہو جائے تو زخم جلدی ٹھیک نہیں ہوتے۔
یہ دونوں مرکبات فری ریڈ یکلز کو پھلنے پھولنے کے مواقع نہیں دیتے تاکہ جسمانی خلیوں کو نقصان نہ پہنچے۔گاجر اور میٹھا کدو کھانے سے بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات سست رفتاری سے ظاہر ہوتے ہیں۔
دل کو تقویت ملتی ہے
میٹھے کدو میں مخصوص اینٹی آکسیڈینٹس جسمانی صحت کے لئے ناگزیر ہیں اس میں دل کی کارکردگی اور خون کی نالیوں میں روانی بھی شامل ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ یہ سبزی کولیسٹرول کی سطح کو قابو میں رکھتی ہے۔فائبر کی وجہ سے بلڈ پریشر نارمل سطح پر آجاتا ہے۔دل کی بیماری کا سدباب کرنے کے لئے یہ مفید ہے۔
مدافعتی نظام بحال کرتی ہے
میٹھا کدو وٹامن C اور A پر مشتمل سبزی ہے۔اس لئے نزلہ زکام اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کی ضامن ہے۔یہ عمدہ غذائیں جسم کے مدافعتی نظام کو توانا بنانے میں مدد دیتی ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat