Aik Anar Faide Hazar - Article No. 2535

Aik Anar Faide Hazar

ایک انار فائدے ہزار - تحریر نمبر 2535

انار میں بہت سے ایسے سود مند نباتات اور مرکبات پائے جاتے ہیں جو دوسرے عام پھلوں میں نہیں ملتے

جمعہ 9 ستمبر 2022

آمنہ ماہم
انار کو غذائی اور طبی خصوصیات کے باعث قدرت کا ایک انمول تحفہ تسلیم کیا جاتا ہے،اس پھل کو ”جنت کا پھل“ بھی قرار دیا گیا ہے،انار کو تمام پھلوں میں شہنشاہ کی سی حیثیت حاصل ہے،انار میں بہت سے ایسے سود مند نباتات اور مرکبات پائے جاتے ہیں جو دوسرے عام پھلوں میں نہیں ملتے۔طبی و غذائی ماہرین کے مطابق انار کا استعمال انسانی مجموعی صحت پر حیرت انگیز مثبت اثرات مرتب کرتا ہے اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے،ایک کپ انار کے دانوں (100 گرام) میں فائبر 4 گرام،پروٹین 17 گرام،وٹامن 17 فیصد،وٹامن B6 پانچ فیصد،فولیٹ 16 فیصد،شوگر 14 گرام اور پوٹاشیم 236 ملی گرام جبکہ سوڈیم 3 ملی گرام پایا جاتا ہے۔

انار منرلز اور توانائی کا خزانہ ہے جس میں کیلشیم،پوٹاشیم،فاسفورس،آئرن،ہائیڈروکلورک ایسڈ،فائٹو کیمیکلز،اینٹی آکسیڈنٹس،پولی فینول،کم کیلوریز،وٹامن اے،بی،سی اور بائیو ایکٹو کمپاوٴنڈز پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انار میں موجود وٹامن سی سورج کی شعاعوں کے مضر اثرات کو کم کرتا ہے،جلد پر جھریاں آنے سے بچاتا ہے،یہ جسم میں کولیجن کو محفوظ کرنے کی صلاحیت کو بڑھا دیتا ہے جس کے نتیجے میں رنگ قدرتی طور پر نکھرتا ہے۔

روزانہ 8 اونس انار کا جوس پینے سے جلد بے داغ،تروتازہ اور توانا ہوتی ہے،انار کے جوس میں الیجک (Ellagic) ایسڈ اور پیونی کلاجن (Punicalagin) موجود ہوتا ہے،یہ دونوں اجزاء جلد کو خراب ہونے،نقصان پہنچانے والے ماحولیاتی عوامل،جلد کو لٹکنے،سیاہ دھبے اور خشکی سے جلد کو محفوظ رکھتے ہیں۔انار میں پائے جانے والا پیونک ایسڈ بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے،جس کی وجہ سے بالوں کے گرنے میں کمی واقع ہوتی ہے۔
اسی وجہ سے اکثر لوگ انار سے حاصل کردہ تیل کو جلد اور بالوں کے لئے استعمال کرتے ہیں۔عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے قوت مدافعت کا مضبوط ہونا لازمی ہے،اس وبا سے بچنے کے لئے وٹامن سی سے بھرپور پھلوں کا استعمال نہایت مفید ہے۔
ماہرین کے مطابق موسم سرما میں عام نزلہ،زکام،بخار اور وائرل کا ہونا عام سی بات ہے مگر آج کل عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر اس وائرس اور تمام عام وائرل سے بچنے کے لئے وٹامن سی اور سیٹریس پھلوں کا استعمال کرنا مفید ہے جن میں انار،لیموں اور مالٹے شامل ہیں۔
100 گرام انار میں 83 کیلوریز ہوتی ہیں،جس سے آپ کو دن بھر بیدار،چوکنا اور توانا رہنے کے لئے مدد ملتی ہے،ڈائٹنگ کرنے والے افراد کے لئے انار نہایت مفید ہے،اس میں بڑی مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے،جس سے آپ کو بھوک کم لگے گی اور آپ کا ہاضمہ بھی تیز ہو گا۔
انار میں جذب ہونے والی چکنائی موجود نہیں ہوتی،جس کی وجہ سے یہ ڈائٹنگ کرنے والوں کے لئے بہترین غذا کا کام دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق روزانہ انار کا جوس پینے سے کمر کے اردگرد چربی کا خاتمہ ہو جاتا ہے،اس کے قدرتی اجزاء موٹاپے کا باعث بننے والے خلیات کا خاتمہ کرکے چربی پگھلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لئے بھی انار ایک بہترین ٹانک ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ انار میں سنگترے اور سبز چائے سے تین گنا زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں،جو جسم کو کئی فاضل مادوں کے اثرات سے بچاتے ہیں۔
اس کے علاوہ انار میں آئرن،پوٹاشیم اور میگنیز کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے،جس کی وجہ سے یہ انسانی صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔دوران حمل انار کا باقاعدگی سے استعمال انیمیا اور پٹھوں کے سخت ہو کر اکڑ جانے سے محفوظ رہتے ہیں۔
انار میں موجود فائٹو کیمیکلز کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرتے ہیں جبکہ روزانہ انار کا ایک اونس تازہ جوس پینے سے آپ کی کیروٹڈ آرٹری میں موجود رکاوٹیں دور ہوتی ہیں،یہ رکاوٹیں اسٹروک اور دل کی دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔
وٹامن سی،وٹامن بی فائیو،پوٹاشیم اور فائبر سے بھرپور اس پھل کے سفید چھلکے اور باہر کی پتلی جلد بھی کھائی جا سکتی ہے بلکہ وہ پھل کا ہی حصہ ہوتے ہیں۔صبح نہار منہ پانی کے علاوہ انار کا جوس پینا بے حد مفید ہے،انار کا تازہ جوس (ایک گلاس) گرم کریں،جب بھاپ نکلنا شروع ہو جائے تو اسے نیم گرم حالت میں نہار منہ پی لیں یا پھر مٹھی بھر انار دانے کو آدھے لیٹر پانی میں دس منٹ اُبال کر نچوڑیں،انجائنا کے مریضوں کو یہ پانی عام درجہ حرارت پر صبح کے وقت پینے کو دیں،اس سے سینے میں کھنچاؤ اور درد میں بے پناہ افاقہ ہو گا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat