Almond Aur Pomegranate - Behtareen Super Food - Article No. 2091

Almond Aur Pomegranate - Behtareen Super Food

بادام اور انار بہترین سپر فوڈ - تحریر نمبر 2091

موسم سرما کی ابتدائی ساعتوں میں انار جیسے رسیلے پھل اور بادام جیسے عمدہ میوے کا استعمال فرد کی ذہنی و جسمانی صحت قابل رشک بنائے رکھنے میں معاونت کرتا ہے

جمعرات 25 فروری 2021

افشین حسین بلگرامی
دنیا بھر کے طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ انسانی جسم میں توانائی کی وہ تمام رسد ذخیرہ کرنے کا موسم سردیوں کا ہے جو فرد کو پورے سال سخت ذہنی و جسمانی مشقت کے لئے درکار ہوا کرتی ہے۔اس موسم میں مقوی اور غذائیت بخش معمول کی غذاؤں کے استعمال کے علاوہ میوہ جات اور رسیلے پھلوں کا استعمال بھی بڑھ جایا کرتا ہے۔
انسانی جسم میں توانائی کو بہتر انداز میں ذخیرہ کرنے کے لئے اس موسم میں قدرت اپنے خزانوں سے صحت بخش رسیلے پھلوں کی صورت میں بیش قیمت جواہر بنی نوع انسان کے لئے بطور رحمت نازل کر دیا کرتی ہے۔قدرت نے حضرت انسان کو اپنی صحت و تندرستی قابل رشک حد تک بہتر بنانے کے لئے کچھ ایسی غذاؤں سے اسے نوازا ہے جسے طبی و غذائی ماہرین ”سپر فوڈ“ کے نام سے نوازتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپر فوڈ کے زمرے میں ان غذاؤں کو شامل کیا جاتا ہے جو اینٹی آکسیڈنٹ‘خوبیوں کی حامل فائبر‘ وٹامنز‘منرلز اور دیگر غذائی اجزاء کی رسد سے بھرپور ہوا کرتے ہیں ان میں انسانی صحت و تندرستی‘ درازی عمر اور فرد کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کی خاص خوبیاں موجود ہوا کرتی ہیں یوں تو فرد کی یومیہ خوراک پیٹ بھرنے سے نتھی ہوا کرتی ہے لیکن لوگوں کی اکثریت اس بات سے نا واقف ہے کہ غذا یا ہمارے کھانے پینے کی چیزوں کا براہ راست تعلق ہماری صحت سے ہوا کرتا ہے۔
جو افراد ان موسمی پھلوں و میوہ جات سے لطف اندوز ہوتے ہیں وہ یقینا موسم سرما کے بہت سے اثرات بد سے محفوظ و مامون رہتے ہیں اور ان کے نظام جسمانی میں ہر قسم کے موسمی امراض اور شدید اثرات سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی قوت مدافعت پیدا ہو جایا کرتی ہے جو لوگ ان پھلوں اور میوؤں کو محض مخصوص مواقعوں پر یا شاذو نادر ہی استعمال کرتے ہیں انہیں اس حقیقت سے باخبر ہو جانا چاہیے کہ موسم کے یہ پھل و میوہ جات قدرت کی جانب سے بنی نوع انسان کے لئے ایک بیش قیمت تحفے کی حیثیت رکھتے ہیں جو موسمی تبدیلی کے لحاظ سے اس کے جسم کو بیماریاں پھیلانے والے جراثیم اورجسم کو کمزور کر دینے والے موسمی اثرات سے نبرو آزما ہونے کی طاقت و توانائی فراہم کرتے ہیں۔
یوں تو بے شمار پھل اور میوہ جات پورے سال اور بالخصوص موسم سرما میں انتخاب و استعمال کے لئے فرد کی ضرورت و دلچسپی کے حوالے سے موجود ہوا کرتے ہی ہیں مگر موسم سرما میں جو خاص اہمیت سرخ سرخ رسیلے انار اور میوہ جات کے زمرے میں بادام کو حاصل ہے اس کا مقابلہ شاید ہی کوئی دوسرا پھل اور میوہ کر سکے۔
بادام․․․․․توانائی کا خزانہ
سردیوں کی آمد کیساتھ ہی گرما گرم مونگ پھلیوں و دیگر میوہ جات کی مانگ میں اضافہ ہو ہی جایا کرتا ہے مگر صحت و تندرستی کے تناظر میں اگر دیکھا جائے تو بادام جیسے میوے کا انتخاب و استعمال اس موسم میں بے مثال ثابت ہوا کرتا ہے۔
ویسے تو بادام ایک ایسا سدا بہار میوہ ہے جو کہ پورے سال ہی دستیاب ہوا کرتا ہے مگر سردیوں کے میوہ جات میں بادام ایک ایسے میوے کی حیثیت رکھتا ہے جس کی شہرت و پسندیدگی جاڑوں کے گلابی دنوں میں خصوصی مقام حاصل کر لیا کرتی ہے۔بادام ایک ایسا سپر فوڈ ہے جس کی خاصیت قوت انسانی کو بحال رکھنے اور اس میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں اہمیت کی حامل ہے جبکہ ذائقے‘تاثیر اور غذائیت و افادیت کے لحاظ سے باداموں میں صحت بھرا انمول خزانہ چھپا ہے۔
سردیوں کے موسم میں بادام کا یومیہ استعمال طبیعت کو نرم بناتا ہے‘دماغ و حلق کی خشکی دور کرکے اسے نرم اور صاف کرتا ہے جبکہ بادام کا مصری کے ساتھ استعمال دماغی صلاحیتوں میں حیرت انگیز اضافہ کرتا ہے۔جن افراد کو بصری (بینائی) کمزوری کا عارضہ لاحق ہو ان کے لئے یومیہ بنیادوں پر بادام کا استعمال مفید ہے۔اطباء و غذائی ماہرین کے مشورے سے مغز بادام کا روزانہ استعمال بالخصوص سردیوں کے دنوں میں نہ صرف ضعف بصارت کی شکایت دور کرتا ہے بلکہ دل و دماغ کو بھی اس سے خاطر خواں توانائی کی رسد ملتی ہے مگر دل کے عارضے میں مبتلا افراد اور وہ افراد جو زائد وزن یا جسم میں کولیسٹرول میں اضافے کی پریشانیوں میں مبتلا ہوں وہ بغیر اپنے معالج کے مشورے سے یومیہ بنیادوں پر بادام کے استعمال سے پرہیز کریں۔
کیونکہ بادام کی تاثیر گرم بھی ہے اور اس کا استعمال جسم میں گوشت و صحت مند چکنائی میں اضافہ بھی کرتا ہے اور دل کے مریضوں اور بڑھتے وزن کی پریشانی میں مبتلا افراد کے لئے بادام کی یہ خوبی خامی میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
انار․․․․․سردیوں کی سوغات
سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی بہت سے رسیلے پھل بازار میں آجاتے ہیں جو صحت انسانی کے لئے نہایت فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں یہ پھل و میوہ جات ہمیں توانائی اور غذائیت کی بہترین رسد فراہم کرتے ہیں۔
جو سردی کے موسم میں ہمیں درکار ہوا کرتی ہے۔ہر موسم کا پھل کھانا انسانی صحت کے لئے مفید ہے مگر انار وہ بہترین پھل ہے جو موسم سرما کی ابتدائی ساعتوں میں فرد کے جسم میں موسمی شدتوں سے نبرو آزما ہونے کی طاقت فراہم کرتا ہے بلکہ خشک و سرد موسم میں بتدریج کملا جانے والی جلد کی تروتازگی بحال رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔سردی کے موسم میں اس پھل کا استعمال نہ صرف ہماری صحت بلکہ حسن و خوبصورتی میں اضافے کے لئے بھی بے مثال سمجھا جاتا ہے۔

انار میں وٹامن C‘آئرن‘فائٹو کیمیکلز‘اینٹی آکسیڈنٹ پولی فینول‘کیلشیم کی کسیر جبکہ کیلوریز کی کم مقدار موجود ہوا کرتی ہے۔انار کا استعمال اسٹروک سے حفاظت کے لئے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے اس کے علاوہ ڈائریا‘پیچش اور جوڑوں کے درد میں بھی انار کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔ہم میں سے اکثر افراد سردیوں میں صرف گرم مشروبات اور خشک میووں کا استعمال کرتے ہیں اور ٹھنڈ لگ جانے اور گلا خراب ہونے کے ڈر سے پھلوں کا استعمال بالکل ترک کر دیتے ہیں لیکن یاد رکھیے قدرت نے جتنے بھی پھل جس موسم میں بھی پیدا کیے ہیں وہ موسم کے لحاظ سے نہایت مفید ہوا کرتے ہیں۔
اس لئے ضروری ہے موسم سرما میں خشک میوہ جات کے علاوہ تازے رسیلے موسمی پھلوں سے بھی لطف اندوز ہوا جائے۔
جدید طبی تحقیقات کے مطابق‘تمام پھلوں میں انار کو ایک سپر فوڈ(Super Food) کی حیثیت حاصل ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے طبی ماہرین نے ایک سال کے دوران سپر فوڈ کے حوالے سے طبی تحقیقات‘جانچ(ٹیسٹ)اور ان کے نتائج پر ایک تجزیاتی رپورٹ پیش کی جس سے پتہ چلتا ہے کہ حالیہ دنوں میں دل کی صحت اور اس کی حفاظت کے طور پر سپر فود اُبھر کر سامنے آیا ہے وہ انار ہے۔
تحقیقات کے مطابق‘ تمام پھلوں کے مقابلے میں انار میں صحت و تندرستی کی حفاظت کرنے والے تمام غذائی عناصر کثیر مقدار میں موجود ہوتے ہیں ماہرین صحت کے مطابق انار میں قدرت کی طرف سے شفایابی کا راز چھپا ہوا ہے۔یومیہ بنیادوں پر انار کا رس پینے سے کمر کے اردگرد موجود چربی کا خاتمہ ہوتا ہے اس کے قدرتی اجزاء موٹاپے کا باعث بننے والے خلیات کو خاتمہ کرکے چربی پگھلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ذہنی تناؤ کو کم کرنے کے لئے بھی انار کے رس کو بہترین ٹانک قرار دیا گیا ہے۔

انار منفرد غیر تکسیدی مادوں سے بھرپور ایک مزیدار رسیلا پھل ہے۔جس میں سنترے اور سبز چائے سے تین گنا زیادہ اینٹی آکسیڈنٹ پائے جاتے ہیں۔یہ غیر تکسیدی مادے جسم کے زہریلے آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز) کے حملوں سے جسم کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔یہ پھل ذیابیطس کی بیماری کی روک تھام کے حوالے سے مفید ہے کھانا کھانے کے بعد انار کھانے سے جسم میں بلڈ شوگر لیول کو متوازن رکھا جا سکتا ہے ۔جو ذیابیطس ٹائپ 11 مریضوں کے لئے ایک اہم مسئلہ ہے۔یہ پھل عارضہ قلب کے مریضوں کے لئے بھی بے حد مفید ہے دوران خون متوازن رکھنے اور دل کی شریانوں سے چربی صاف کرکے خون کی روانی کو بہتر بنانے شریانوں کی سختی دور کرتے جلد اور جگر کی صحت کے حوالے سے بھی اک اکثیر پھل کی حیثیت رکھتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat