Angoor Khayeen Shifa Payeen - Article No. 2525

Angoor Khayeen Shifa Payeen

انگور کھائیں،شفا پائیں - تحریر نمبر 2525

یہ پھل صرف لذیذ ہی نہیں بلکہ صحت کے لئے انتہائی مفید بھی ہے

ہفتہ 27 اگست 2022

ہماء بلوچ
ویسے تو کون ہے جسے انگور کھانا پسند نہیں ہو گا؟مگر یہ پھل صرف لذیذ ہی نہیں بلکہ صحت کے لئے انتہائی مفید بھی ہے۔انگور کو بیریز کے خاندان کا حصہ سمجھا جاتا ہے جس کی مختلف اقسام دنیا بھر میں مختلف رنگوں جیسے سبز،سرخ،نیلے،جامنی اور سیاہ رنگوں میں دستیاب ہیں۔انگور سے خشک میوہ یعنی کشمش بھی تیار کیا جاتا ہے اور یہ وہ پھل ہے جو سال بھر آسانی سے ملتا ہے۔
یہاں آپ اس پھل کے صحت پر اثرات کو جان سکیں گے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
انگور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جسے کیروٹین،پولی فینولز اور دیگر۔مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق یہ اینٹی آکسیڈنٹس دل کی صحت کو مستحکم رکھنے کے ساتھ مخصوص اقسام کے کینسر کا خطرہ کم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ پھل جسم میں گردش کرنے والے مضر ذرات کو اکھٹا ہونے سے روکتا ہے جس سے خون کی شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے،دوران خون بہتر اور بلڈ پریشر کی سطح کم ہوتی ہے۔


جلدی مسائل کی روک تھام
انگور میں موجود اجزاء عمر بڑھنے سے سامنے آنے والی علامات اور دیگر جلدی مسائل کی روک تھام کرنے کے لئے بھی فائدہ مند ہیں۔انگور میں موجود ایک جز Resveratrol کیل مہاسوں کا باعث بننے والے بیکٹیریا کے خلاف جدوجہد کرتا ہے۔
پوٹاشیم کے حصول کا ذریعہ
100 گرام انگوروں میں 191 ملی گرام پوٹاشیم ہوتا ہے،پوٹاشیم کا استعمال جسم کے لئے متعدد طریقوں سے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے،جیسے ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنا،کولیسٹرول اور دل کی صحت کو بہتر بنانا وغیرہ۔
ایک تحقیق کے مطابق پوٹاشیم پیٹ میں گیس یا پھولنے کے مسئلے سے نجات میں بھی مدد دینے والا جز ہے،یعنی انگور پیٹ میں گیس کے مسئلے سے نجات کے لئے بھی بہترین ہے۔
آنکھوں کے لئے بھی فائدہ مند
انگور کھانے کی عادت آنکھوں کی صحت کو بہتر کرتی ہے۔انگور کھانے سے آنکھوں کے قرینے میں نقصان دہ مالیکیولز کے اخراج کا خطرہ کم ہوتا ہے،یہ پھل ڈی این اے کو نقصان سے بچا کر صحت مند خلیات کو تحفظ فراہم کرتا ہے،جس سے بینائی کو فائدہ ہوتا ہے۔

دماغی صحت بھی بہتر کرے
انگور کھانے کی عادت دماغی تنزلی کا خطرہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔انگور کھانے سے ان اثرات سے تحفظ میں مدد ملتی ہے جو کہ الزائمر امراض سے جڑے ہوتے ہیں۔
جوڑوں کے لئے بہترین
انگور کو کھانے کی عادت گھٹنوں کے جوڑ کی تکلیف سے ریلیف میں مدد دیتا ہے،اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جوڑوں کی لچک اور حرکت کو بہتر کرتے ہیں۔
جگر کیلئے مفید
ایک تازہ تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ غذا میں تقریباً دو پیالی انگوروں کا استعمال جگر پر موجود چکنائی کو کم کرتا ہے اور عمر دراز کرتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat