Bitter Melon - Mufeed Tareen Sabzi - Article No. 2083

Bitter Melon - Mufeed Tareen Sabzi

کریلا مفید ترین سبزی - تحریر نمبر 2083

کریلا غذائیت سے بھرپور بے حد مفید سبزی ہے

پیر 15 فروری 2021

نسرین شاہین
کریلا غذائیت سے بھرپور بے حد مفید سبزی ہے۔اس کی کڑواہٹ میں ہی اس کی افادیت ہے۔کریلے میں قدرتی طور پر ایسے اجزاء ہوتے ہیں ،جو خون صاف کرتے ہیں اور جگر کے لئے انتہائی فائدہ مند ہیں۔اس میں حیاتین الف،د،ج اور بی 6 (وٹامنز اے،ڈی،سی اور بی6)،لحمیات (پروٹینز)اور پوٹاشیئم کی بھی مقدار پائی جاتی ہے۔اس کے علاوہ اس میں فولاد،کیلسیئم اور فاسفورس بھی ہوتے ہیں۔
اس کا مزاج گرم و خشک ہوتا ہے۔کریلے میں حرارے(کیلوریز)اور کولیسٹرول کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔کریلا مانع تکسید (Antioxidant) سبزی ہے،جو ہضم و جذب کے نظام کو بہتر بنا کر وزن میں جلد کمی کرنے کا سبب بنتی ہے۔کریلے کے مانع تکسید اجزاء جسم سے فاضل مادوں سمیت چربی کو زائل کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسے روزانہ کھانے سے وزن میں واضح کمی آتی ہے۔
ذیابیطس کے علاج کے لئے کریلے کو بہترین دوا مانا جاتا ہے۔

کریلے میں ایسے خامرے(انزائمز)بھی پائے جاتے ہیں،جس سے خون میں انسولین کی افزائش ہوتی ہے اور اس طرح خون میں شکر کی سطح متوازن رہتی ہے۔کریلے میں موجود بعض دوسرے اجزاء بھی لبلبے کے خلیات(سیلز)کی تعداد بڑھانے کے علاوہ انسولین بھی پیدا کرتے ہیں۔اس میں ایک ایسا خامرہ بھی پایا جاتا ہے،جس سے ذیابیطس قسم دو میں شکر کی سطح متوازن رہتی ہے۔

کریلا آسانی سے ہضم ہو جانے والی مفید سبزی ہے۔اس میں موجود ریشہ(فائبر)قبض کشا اور اس کا رس جراثیم کش ہوتا ہے،جو جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج کرکے خون کی گردش میں روانی پیدا کرتا ہے۔کڑوا ہونے کے باعث کریلے کا رس خون صاف کرنے میں بہت مدد دیتا ہے،جس سے کیل مہاسے ،خون کا تعدیہ(انفیکشن)،پھوڑے پھنسی اور جلد کی دوسری بیماریوں کے ساتھ ساتھ خارش جیسے جلدی مرض کا خاتمہ بھی ہو جاتا ہے۔
کریلے میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو مناسب رکھنے کی قدرتی صلاحیت موجود ہے۔یہ دل کی شریانوں میں خون کی رکاوٹ دور کرکے دل کے دورے کا امکان کم کر دیتا ہے اور خون میں شکر کی مقدار میں کمی لا کر دل کو صحت مند و توانا رکھتا ہے۔
کریلے میں موجود بیٹا کیروٹین (Beta Carotene) آنکھوں کے تعدیے سے بچاتی ہے اور بینائی تیز کرتی ہے۔اس سبزی میں مختلف خامرے پائے جاتے ہیں،جن سے شریانوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والی چربی اور مضر صحت اجزاء جسم سے خارج ہو جاتے ہیں۔
دل کی صحت کے لئے یہ بہت مفید سبزی ہے۔کریلا ہر لحاظ سے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔اس کے کھانے سے قوت مدافعت بڑھتی ہے۔ کریلے میں موجود حیاتین ج جسم میں موجود مضر صحت اجزاء کا خاتمہ کر دیتی ہے۔جگر کی تکالیف ہونے کی صورت میں کریلے کا رس بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔روزانہ آدھا گلاس کریلے کا رس پینے سے صرف ایک ہفتے میں ہی واضح فرق محسوس ہوتا ہے۔
اس کے رس کی کڑواہٹ جگر کے امراض میں فائدہ مند ہے۔
موسمی بیماریوں میں بھی کریلا مفید ہے۔کریلے کو پانی میں اُبال لیں اور اس کا پانی پی لیں۔یہ عمل چند روز کرنے سے موسمی بیماریوں کے ساتھ ساتھ تعدیے اور حساسیت(الرجی)سے بھی نجات مل جاتی ہے۔کریلے میں موجود جراثیم کش اجزاء کی بدولت کئی قسم کے جلدی مسائل سے تحفظ ملتا ہے۔کریلا اور اس کا رس صحت کے لئے بہت مفید ہیں۔
کریلے میں قبل از وقت سفید ہونے والے بالوں کا علاج بھی موجود ہے۔ اس کے لئے کریلے کا رس بالوں میں لگائیں۔دس دن میں ایک بار یہ عمل کرنے سے قبل از وقت سفید ہونے والے بالوں کے علاوہ بال مزید سفید ہونے سے رک جاتے ہیں اور صاف ستھرے،نرم و ملائم،چمک دار و مضبوط ہو جاتے ہیں۔کریلے کے جادوئی اثرات تو بے شمار ہیں،لیکن اس کا رس صحت پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
اس کا رس روزانہ کم مقدار میں ہی پینا چاہیے،ورنہ پیٹ میں درد اور متلی کی شکایت ہو سکتی ہے۔حاملہ خواتین کو بھی کریلے کا رس زیادہ مقدار میں پینے سے گریز کرنا چاہیے،حالانکہ یہ رس توانائی بڑھانے اور بھرپور نیند لانے میں معاون ہے،تاہم اعتدال ضروری ہے،تاکہ زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔بخار میں کریلا کھانے سے بخار میں کمی آجاتی ہے۔ یہ درد کو دور کرتا اور اعصاب کو توانائی بخشتا ہے۔
کریلا جوڑوں کے درد اور گٹھیا کو ختم کرنے میں بھی موٴثر ہے۔لقوہ اور فالج میں بھی کریلے کا کھانا بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔کریلے کی یہ خاصیت بھی ہے کہ یہ گردے اور مثانے کی پتھری کو توڑ کر خارج کر دیتا ہے۔دمے کے مریضوں کے لئے بھی یہ بے حد فائدہ مند ہے۔
سرد اور بلغمی مزاج والے لوگوں کے لئے بھی کریلا فائدہ مند ہے۔خونی اور بادی بواسیر کے خاتمے کے لئے بھی کریلے کی سبزی بہت مفید ہے ،چونکہ کریلے کی تاثیر گرم ہوتی ہے،اس لئے اس کے ساتھ لسی پینے یا دہی کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔
یہ پیٹ کے کیڑے ہلاک کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔بچوں کے پیٹ کے ہر مرض میں کریلے کے پتوں کا رس پلانے سے فائدہ ہوتا ہے۔اس کے پتوں کو نچوڑ کر اس کا عرق نکال لیا جاتا ہے،جو بہت کڑوا ہوتا ہے،لیکن پیٹ کے امراض کے لئے ایک مفید دوا ہے۔کریلے کو اس کے چھلکے سمیت پکایا جائے تو اس کے فوائد زیادہ ہیں۔ہمیشہ ہرے چھلکوں والے تازہ کریلے خریدیں اور اگر چھلکوں پر کوئی داغ دھبا ہو تو چھری سے صاف کر لیں۔
پھر اسے خوب دھو کر لمبائی میں کاٹیں اور نمک لگا کر رکھ دیں۔پکانے سے پہلے پھر دھو لیں،تاکہ نمک نکل جائے،پھر اسے پکا لیں۔کریلے کو کئی طریقوں سے پکایا جا سکتا ہے،مثلاً کریلے گوشت،کریلے قیمہ،چنے کی دال کریلے،پیاز کریلے اور قیمہ بھرے کریلے۔کریلوں کو چاہے جیسے بھی پکائیں،ان کی افادیت برقرار رہتی ہے۔غذائیت سے بھرپور اس مفید سبزی کو ہر ہفتے ضرور کھائیں اور اس کے مفید اجزاء سے فائدہ حاصل کریں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat