Haldi - Gharelo Dawa - Article No. 1712

Haldi - Gharelo Dawa

ہلدی ۔گھریلو دوا - تحریر نمبر 1712

ہلدی ایک عام استعمال ہونے والی چیز ہے اور تقریباً ہر باورچی خانے میں موجود ہوتی ہے۔

بدھ 30 اکتوبر 2019

حکیم راحت نسیم سوہدروی
ہلدی ایک عام استعمال ہونے والی چیز ہے اور تقریباً ہر باورچی خانے میں موجود ہوتی ہے۔یہ دراصل ایک پودے کی جڑ ہے۔اس پودے کا پھول زرد ہوتا ہے۔پودے کی جڑ کے پاس سے بہت سی شاخیں نکلتی ہیں۔ہر شاخ پر کیلے کے پتوں کی طرح پتے لگتے ہیں،مگر ان سے چھوٹے ہوتے ہیں۔جب جڑ کھود کر ہلدی حاصل کی جاتی ہے تو اس وقت یہ بد مزہ اور بُو دار ہوتی ہے ،لیکن تین چار ماہ گزرنے پر خوشبو اور ذائقے والی ہو جاتی ہے۔


ہر شخص جانتا ہے کہ ہلدی مسالے کا ایک جزو ہے اور کھانوں میں شامل کرنے سے نہ صرف غذا خوش نما ہو جاتی ہے ،بلکہ غذاؤں کا بادی پن بھی ختم ہو جاتاہے،لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ یہ جڑکئی امراض کی بہترین دوا ہے۔
منھ سے خون ،پرانا بخار
منھ سے خون آنے اور پرانے بخار کی شکایت میں ہلدی فائدہ مند ہے ۔

(جاری ہے)

اسے پیس کر ایک گرام کی مقدار میں لے کر مکھن یا دودھ سے کھایا جاتا ہے اور روزانہ اس مقدار میں ایک ایک گرام اضافہ کیا جاتاہے، یہاں تک کہ اس کی مقدار 12گرام تک پہنچ جائے تو ان شکایات میں آرام آجاتاہے۔


سر چکرانا
بعض اوقات سر چکرانے اور آنکھوں کے گرد اندھیر اآنے کی شکایت لاحق ہو جاتی ہے ۔اس شکایت کو دور کرنے کے لیے ہلدی پیس کر اس میں پانی ملا کر سر اور پیشانی پر لیپ کرنے سے فائدہ ہوتاہے۔
کھانسی
کھانسی کی شکایت دور کرنے میں ہلدی کھلائی جاتی ہے ۔اگر کھانسی کے ساتھ بلغم بھی آتا ہوتو ہلدی کو بھون کر باریک پیس لیں اور ایک گرام کی مقدار میں نیم گرم پانی سے کھائیں، بلغم اور کھانسی چند دنوں میں دور ہو جائے گی۔

بخاراور نزلہ
بعض اوقات بخاراور نزلے کی تکلیف کئی دن چلتی رہتی ہے ۔اس سے نجات پانے کے لیے نیم گرم دودھ میں ہلدی اور کالی مرچ کا سفوف دودھ میں ملا کر پینے سے بخار ختم ہو جاتا ہے اور نزلے کی تکلیف بھی جاتی رہتی ہے۔
پیٹ کے کیڑے
ہلدی کھانے سے پیٹ کے کیڑے ہلاک ہو جاتے ہیں ۔اس کا طر یقہ یہ ہے کہ ہلدی کو پانی میں جوش دے کر پلایا جاتاہے یا اس کا سفوف نیم گرم پانی سے کھلایا جاتاہے۔
اس کے کھانے سے کیڑے اجابت میں خارج ہو جاتے ہیں۔
جگر کے امراض
جگر کے امراض میں ہلدی کا دہی میں ملا کر کھلایا جاتاہے۔یرقان کی شکایت میں ہلدی کا سفوف بارہ گرام کی مقدار میں لے کردہی میں شامل کرکے کھلانے سے بہت جلد افاقہ ہوتاہے۔
چوٹ اور سوجن
چوٹ اندرونی ہو یا بیرونی ،دونوں صورتوں میں ہلدی فائدہ پہنچاتی ہے۔پسی ہوئی ہلدی ایک گرام کی مقدار میں دودھ سے کھلائی جاتی ہے اور اس کے ساتھ ہلدی اور چونا ہم وزن پیس کر چوٹ کی جگہ پر لگائیں تو درد اور سوجن بہت جلد ختم ہو جاتی ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat