Hari Piyaz - Lazzat Bhi Umdah Ghizaiyat Bhi Khoob - Article No. 2599

Hari Piyaz - Lazzat Bhi Umdah Ghizaiyat Bhi Khoob

ہری پیاز،لذت بھی عمدہ غذائیت بھی خوب - تحریر نمبر 2599

یہ ایک ایسی مستقل طور پر اُگنے والی سبزی ہے جو دنیا بھر کے باورچی خانوں کی زینت بن گئی ہے

منگل 13 دسمبر 2022

ہری پیاز موسم سرما میں پیدا ہونے والی ایسی سبزی ہے جسے تنا تسلیم کیا گیا ہے۔اس کی مختلف اقسام ہوتی ہیں جو Allium سے تعلق رکھتی ہے۔ہری پیاز اپنے پتوں سمیت مکمل پیاز کہلائی جاتی ہے۔اس کا پودا زیر زمین بڑھتا ہے۔برطانیہ کے سیہام ٹاؤن میں ایک مقامی کسان نے دنیا کی سب سے وزنی ہری پیاز اُگائی۔دس کلو گرام وزنی ہری پیاز کو دنیا کی سب سے وزنی اور بڑی پیاز کی حیثیت سے تسلیم کرتے ہوئے ریکارڈ بکس میں شامل کیا گیا ہے۔

پیاز کو کاشت کی جانے والی قدیم بوٹی کہا جاتا ہے۔قدیم ہندوستان میں پیاز کو دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔زخموں کو مندمل کرنے کے لئے پیاز کا رس استعمال ہوتا تھا۔اس کا ذکر قدیم لوک داستانوں اور مختلف روایتوں میں بھی موجود ہے۔قدیم مصریوں کا یہ عقیدہ ہوتا تھا کہ یہ بد روحوں کو بھگاتی ہے۔

(جاری ہے)

وہ جب کوئی قسم کھاتے تھے تو ایک ہاتھ میں پیاز رکھتے تھے۔


پیاز سالن کا اہم جز ہے۔ہری پیاز کو مختلف کھانوں میں استعمال کرنے کے علاوہ سوپ میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔ہری پیاز کی لذیذ چٹنی ہری پیاز کے پکوڑوں کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔اس میں بلڈ شوگر کم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔یہ خون کی نالیوں میں عمر رسیدگی کے باعث ہونے والی تبدیلیوں کو روکتی ہے۔اس طرح دل متحرک رہتا ہے۔امریکہ میں سبزیوں اور جڑی بوٹیوں کو دواؤں کے طور پر استعمال کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھتا نظر آ رہا ہے۔

ہری پتوں والی سبزیوں کی افادیت اب مغرب میں تسلیم کی جا رہی ہے کیونکہ یہ سبزیاں اپنے اندر معدنیات کا خزانہ رکھتی ہیں لہٰذا ہری پیاز کی اہمیت بھی اس کے خواص کی بناء پر مغرب میں مقبول ہے۔یہ ایک ایسی مستقل طور پر اُگنے والی سبزی ہے جو دنیا بھر کے باورچی خانوں کی زینت بن گئی ہے۔
سردیوں میں سوپ اور چائنیز کھانوں میں استعمال کرنے کی وجہ سے اس کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس میں فولاد بھی پایا جاتا ہے۔اگر آپ ہری پیاز کو کسی بھی صورت میں اپنی غذا کا حصہ بنائیں گے تو اس سے کھانوں کا نہ صرف ذائقہ بہتر ہو گا بلکہ آپ اپنی صحت میں بھی تبدیلی دیکھیں گی اور خود کو توانا محسوس کریں گی۔پیاز بہت زیادہ بھوننے سے رنگت اور غذائیت دونوں کھو دیتی ہے۔یہ پورا سال بازار میں نظر آنے والی سستی سبزی ہے۔
اس کو فریزر میں محفوظ کرنے سے گریز کریں۔اسے تین چار دن سے زیادہ فریج میں نہ رکھیں۔فریج میں رکھنے سے پہلے اسے اخبار میں لپیٹ لیں اس طرح یہ چند دن یونہی تازہ محفوظ ہو جائے گی۔
آئیے ہری پیاز خود کاشت کر لیں
ہری پیاز یا Spring Onion کی ڈنٹھل کے آخری ایک انچ کے حصے کو پانی کی بوتل میں ڈال کر رکھا جائے تو اس سے پندرہ روز کے اندر ہری پیاز کے پتے نکلنا شروع ہو جاتے ہیں۔
اس بوتل یا کنٹینر کو گھر کی کھڑکی یا ٹیرس پر رکھیں،گھر کی خوبصورتی بڑھے گی اور آپ کو گھر بیٹھے تازہ سبزی ملتی رہے گی۔اسے آپ سلاد،آملیٹ اور چاولوں کے علاوہ آلو کے ساتھ ترکاری بنائیے۔کیمیائی کھاد کے مضر اثرات سے پاک ہری پیاز بے حد غذائیت بخش ہے۔
احتیاطی تدابیر
اگر کوئی سبزی بوتل یا کنٹینر میں اُگائی جا رہی ہو تو اس کا پانی ہر روز بدلنا ضروری ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat