Lahsun - Qudrat Ka Behtareen Tohfa - Article No. 2251

Lahsun - Qudrat Ka Behtareen Tohfa

لہسن ۔ قدرت کا بہترین تحفہ - تحریر نمبر 2251

لہسن کو نہ صرف کھانوں میں شامل کیا جاتا ہے،بلکہ اسے کچا بھی کھایا جاتا ہے

پیر 20 ستمبر 2021

آفرین اعجاز
لہسن بیشتر کھانوں میں ڈالا جاتا ہے۔یہ کھانوں میں لذت اور ذائقے میں اضافہ کرتا ہے۔اس کے علاوہ اس کے دیگر فوائد بھی ہیں،جو ذیل میں درج کیے جا رہے ہیں:
لہسن جسمانی وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔روزانہ لہسن والی غذائیں کھانے سے چربی کے ذخیرے اور وزن میں کمی واقع ہونے لگتی ہے۔لہسن میں مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) پائے جاتے ہیں،جو بیکٹیریا کا خاتمہ کرتے ہیں۔
لہسن کے جووں کی لگدی (پیسٹ) چند روز کیل مہاسوں پر لگانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔لہسن کو نہ صرف کھانوں میں شامل کیا جاتا ہے،بلکہ اسے کچا بھی کھایا جاتا ہے۔یہ دونوں صورتوں میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔غرض کہ یہ کیل مہاسوں کا بہترین علاج ہے۔
ایک جدید تحقیق کے مطابق لہسن معدے کے رس کو تحریک دے کر نہ صرف غذا ہضم کرنے میں اعانت کرتا ہے،بلکہ بھوک میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

لہسن بچوں کے پیٹ کے کیڑوں کا یقینی خاتمہ کر دیتا ہے۔چونکہ لہسن دافع جراثیم خصوصیات رکھتا ہے،اس لئے یہ حشرات گزیدگی (Insect Bite) میں مفید ثابت ہوتا ہے۔
لہسن خون میں کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں بھی موٴثر ہے۔یہ کولیسٹرول کی سطح میں دس فیصد تک کمی کر دیتا ہے۔لہسن خون کو پتلا کرتا ہے، لہٰذا خون میں تھکے (Clots) بننے کا خطرہ جاتا رہتا ہے۔
دورانِ خون میں روانی پیدا کرنے میں بھی لہسن معاون ہے۔اس کے علاوہ لہسن خون کی شریانوں میں رکاوٹ پیدا ہو جانے کے عارضے ”تھرومبوسس“ (Thrombosis)،حملہ قلب،ہائی بلڈ پریشر اور فالج (Stroke) کے خطرات میں بھی نمایاں کمی کرتا ہے۔ان امراض میں مبتلا افراد کو اگر باقاعدگی سے لہسن کھلایا جائے تو ان کا دوسری احتیاطی تدابیر اور ادویہ پر انحصار کم ہو جاتا ہے۔

لہسن آنتوں میں پائے جانے والے بیکٹیریا کو ختم کرکے نزلے زکام سے محفوظ رکھتا ہے۔دمے میں مبتلا افراد کے لئے بھی لہسن موٴثر ثابت ہوتا ہے۔اس کے کھانے سے دمے کی شدت میں کمی آجاتی ہے۔معدے کے لئے لہسن قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔صبح نہار منہ روزانہ لہسن کا ایک جوا کچا کھانے سے دل کے امراض سے تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
اگر گھر کے کسی فرد کے کان میں شدید درد ہو تو لہسن کے ایک بڑے جوے کو دس سیکنڈ کے لئے مائیکرو ویو میں رکھ دیں،دس سیکنڈ کے بعد جوے کو مائیکرو ویو سے نکال کر اُس کے ایک سرے پر وکس لگا کر اُسے احتیاط سے کان میں رکھ لیں،زیادہ اندر نہ رکھیں(یہ جوا بھی بڑا ہونا چاہیے،تاکہ کان کے اندر نہ جائے)،تھوڑی دیر میں درد میں بڑی حد تک کمی آجائے گی۔

جن مرد اور خواتین کے بال گرتے ہوں،انھیں چاہیے کہ وہ کسی معیاری تیل میں لہسن کی لگدی کو اچھی طرح ملا کر سر پر لگائیں اور سر کا مساج کریں۔پھر آدھے گھنٹے کے بعد سر دھو لیں۔اس طرح نہ صرف اُن کے بال گرنا بند ہو جائیں گے،بلکہ بال خوبصورت اور لچکدار بھی ہو جائیں گے۔لہسن میں قدرتی طور پر ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں،جو بالوں پر مفید اثرات مرتب کرتے ہیں۔

لہسن مدافعتی قوت (Immunity) میں بھی اضافہ کرتا ہے،جو امراض سے مزاحمت کرتی ہے۔موسم میں اگر خنکی پیدا ہو جائے تو لہسن کی چائے بھی پی جا سکتی ہے۔یہ چائے فائدہ پہنچاتی ہے۔شدید گرمی اور پسینے کی وجہ سے اکثر خارش ہو جاتی ہے،اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے لہسن کے تیل کی تھوڑی سی مقدار کو خارش والی جگہ پر لگائیں،تھوڑی دیر بعد خارش ختم ہو جائے گی۔

بعض دوا ساز ادارے لہسن کی گولیاں یا کیپسول بھی بناتے ہیں۔بعض امراض میں معالج مریضوں کو لہسن کی ایک خاص مقدار کھانے کی ہدایت کرتے ہیں،ایسی صورت میں ان گولیوں یا کیپسولوں کا کھانا مناسب و مفید ہوتا ہے،تاہم عام افراد کے لئے کھانوں میں تازہ لہسن ہی شامل کرنا اور کھانا موزوں و موٴثر ہوتا ہے،جو صحت کی حفاظت کے ساتھ کھانوں کی لذت و ذائقے میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

سردی کے موسم میں اکثر افراد کے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں۔اس کے علاج کے لئے لہسن کے چند جووں کو پیس کر لگدی بنا لیجیے اور پھر تھوڑی دیر کے لئے پھٹے ہوئے ہونٹوں پر لگا لیجیے،اس میں چونکہ قدرتی طور پر ایسی خصوصیات ہوتی ہیں،جو سوجن و درد کو کم اور زخم کو اچھا کرتی ہیں، اس لئے ایک دو روز میں پھٹے ہوئے ہونٹ اچھے ہو جاتے ہیں۔ہمیں اپنی روزمرہ کی غذاؤں میں لہسن ضرور شامل کرنا چاہیے،اس لئے کہ یہ ہمارے لئے بہت فائدہ مند ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat