Lazzat Or Ghazayat Saal Bhar - Article No. 1890

Lazzat Or Ghazayat Saal Bhar

لذت اور غذائیت سال بھر - تحریر نمبر 1890

سبزیاں اور پھل اسٹور کریں اب گھر پر

جمعرات 2 جولائی 2020

سبزیاں اور پھل تازہ ہوں یا خشک ان کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں۔پاکستان میں وسیع پیمانے پر سبزیاں اور پھل کاشت ہوتے ہیں،جب ان کی فصل ہوتی ہے تو یہ وافر مقدار میں تازہ،غذائیت سے بھر پور اور سستے ملتے ہیں،اس لئے اگر انہیں اس وقت محفوظ کر لیا جائے تو آف سیزن میں ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔بچت کے خیال سے بھی انہیں محفوظ کیا جائے تو اچھا خیال ہے۔
موسم کے علاوہ بھی انہیں پکا کر کھانے میں تنوع پیدا کیا جا سکتا ہے۔
آپ انہیں دھوپ میں پھیلا کر یا مصنوعی حرارت پہنچا کر خشک کر سکتی ہیں؟
ان دونوں طریقوں میں سبزیوں اور پھلوں کی نمی کو خارج کرکے انھیں محفوظ کیا جاتا ہے،جب ان غذائی اشیاء کی رطوبت 30فیصد سے کم رہ جاتی ہے تو یہ صحیح حالت میں محفوظ رہ سکتی ہیں مثلاً کسی برتن میں انہیں دھو کر تیز چھری سے چھیل لیجیے اور حسب پسند شکل میں کاٹ لیجیے۔

(جاری ہے)

اب کسی کھلی جگہ چٹائی یا کسی ٹرے میں پھیلا کر رکھاجائے اور پھر ململ کے کپڑے میں سبزیوں کو لپیٹ کر یا باندھ کر محفوظ کرلیں۔اسے جالی کے کپڑے سے ڈھک کے رکھ دیں تاکہ گرد و غبار اور مکھیوں سے محفوظ کیا جا سکے۔
پتوں والی سبزیاں کیسے خشک کی جائیں؟
یعنی میتھی،پالک اور ساگ وغیرہ کو 3سے 5منٹ تک اُبلتے ہوئے پانی میں ڈال کر نکال لیں یا پتے دھو کر صاف ململ کے کپڑے میں باندھ کر اُبلتے ہوئے پانی میں ڈال کر نکال لیں،یہ خاصی دیر محفوظ رہیں گے۔
شلجم،آلو،گاجر،کریلے اور گوبھی بھی خشک کی جا سکتی ہیں۔ان سبزیوں کو دھو کر چھیل لیں اور ان کے مناسب ٹکڑے کاٹ لیں۔پھول گوبھی کے پھول علیحدہ کرلیں،پھر انہیں ململ کے کپڑے میں باندھ کر درج ذیل وقت کے مطابق اُبلتے ہوئے پانی میں ڈال کر نکال لیں۔
کریلے 1منٹ،مٹر 3منٹ،شلجم5منٹ ،بندگوبھی اور پھول گوبھی6منٹ ،گاجر6منٹ،آلو 10منٹ ان سبزیوں کو اُبلتے ہوئے پانی سے نکال کر ٹھنڈے پانی سے دھولیا جائے تو بہتر ہے۔
پانی سے نکالنے کے بعد انہیں صاف ٹرے پر صاف کپڑا بچھا کر دھوپ میں پھیلا دیں اور جالی سے ڈھک دیں۔روزانہ الٹتی پلٹتی رہیں ،اس طرح تین چار دن میں سبزیاں خشک ہو جائیں گی۔
خشک حالت میں سبزیاں محفوظ کرنا
ان خشک سبزیوں کو شیشے کے مرتبانوں میں محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔مٹر کو پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر اس کا منہ موم بتی کے شعلے سے بند کردیں تاکہ یہ زیادہ عرصے تک محفوظ رہ سکیں۔
خشک سبزیوں کو پکانا جب بھی ان سبزیوں کو پکانا چاہیں 30منٹ پہلے نیم گرم پانی میں بھگو دیں تاکہ یہ پانی جذب کرکے نرم ہو جائیں۔اب انہیں جس شکل میں پکانا چاہیں پکالیں۔
کریلے خشک کرنے کا صحیح طریقہ
ثابت کریلوں کو پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر صاف پانی سے دھولیں۔تیز چھری سے انہیں درمیان سے کاٹیں اور ان کے بیج نکال دیں۔بیج نکالنے کے بعد انہیں نمک لگا کر رکھ دیں،دھوپ میں رکھیں تو زیادہ بہتر ہے۔
اب نمک لگے کریلوں کو اچھی طرح ہاتھوں سے دبا کر ان کا کڑوا پانی نکال دیں۔پھر سادہ پانی سے انہیں مل مل کر دھولیں اور صاف ململ کے ٹکڑے میں باندھ کے رکھ دیں۔علیحدہ پتیلے میں پانی بھر کر اُبال لیں اور اُبلتے ہوئے پانی میں کریلوں کی پوٹلی ایک منٹ تک رکھ کر نکال دیں۔اب ان کریلوں کو پوٹلی کو پوٹاشیم میٹا بائی سلفائیٹ کے محلول میں آدھے گھنٹے تک ڈبو کر رکھ دیں اور اُسے اونچی جگہ پر لٹکا دیں تاکہ اس کا سارا پانی نکل جائے۔
اب کسی ٹرے یا چٹائی کو صاف کرکے دھوپ میں ان کریلوں کو پھیلا کے رکھ دیں۔اس ٹرے پر جالی ضرور ڈھک دیں۔تین سے چار دن میں کریلے خشک ہو جائیں گے لیکن ہر روز انہیں الٹتی پلٹتی رہیں۔خشک ہونے پر انہیں کسی مرتبان میں محفوظ کرلیں۔ضرورت کے وقت انہیں نکال کر دھوئیں اور کھانوں کی تیاری میں استعمال کرلیں۔اس ہوشربا مہنگائی کے زمانے میں ہمیں اپنے ذاتی اور گھریلو وسائل کو عمدگی سے چلانا چاہیے اور یہ ذمہ داری نبھانے میں ’فخر‘اور محنت میں عظمت کے احساس کو اجاگر کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat