Mausam Barsaat Amraz Aur Aam - Article No. 2488

Mausam Barsaat Amraz Aur Aam

موسم برسات،امراض اور آم - تحریر نمبر 2488

بارش کے بعد دستیاب ہونے والا آم زیادہ مزیدار ہوتا ہے اور مختلف قسم کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے

ہفتہ 9 جولائی 2022

آفرین اعجاز
موسم برسات کی آمد آمد ہے۔بارش کا یہ خوبصورت موسم بہت یادگار ہوتا ہے۔اس موسم کا ہر منظر حسین ہوتا ہے،مثلاً سورج کا بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنا،کبھی قوس و قزح کے رنگوں کا افق پہ بکھرنا،کبھی نرم نرم بوندوں کا مٹی کو مہکانا تو کبھی موسلا دھار بارش کا رات بھر برسنا۔برسات کا موسم بڑا سہانا ہوتا ہے۔
ہر شے نکھری نکھری نظر آتی ہے۔ساون کا چھینٹا پڑتے ہی روح تازہ ہو جاتی ہے۔ہر فرد خوش و خرم نظر آتا ہے۔درختوں کی شاخوں میں نئی کونپلیں پھوٹنے لگتی ہیں۔دلوں میں نئی آرزوئیں اور اُمنگیں جاگتی ہیں۔بچے بارش میں بھیگتے اور شور مچاتے نظر آتے ہیں،لیکن اس موسم میں بعض اوقات امراض اس طرح گھیرتے ہیں کہ موسم کا سارا لطف زائل ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس ہری بھری رُت میں بیمار افراد کے مرجھائے ہوئے زرد چہرے اور اُداس آنکھیں بہت افسردہ اور افسوس ناک منظر پیش کرتی ہیں۔


موسم برسات میں بارشوں اور سیلاب کے بعد مختلف قسم کے امراض کے پھیلنے کا زبردست اندیشہ ہوتا ہے،جو وبائی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ان امراض پر قابو پانے کے لئے عمومی نوعیت کی آسان اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والے امراض یا پانی سے پھیلنے والے امراض،جیسے ملیریا،ڈینگی،آنکھوں اور جلد کی بیماریاں وغیرہ جیسے خطرناک امراض پیدا ہوتے ہیں۔
گندے پانی سے بھی امراض پھیلتے ہیں،کیونکہ اس پانی میں مختلف قسم کے امراض کے جراثیم پائے جاتے ہیں۔جراثیم والا پانی پینے یا استعمال کرنے سے زیادہ تر معدے اور آنتوں کے امراض لاحق ہوتے ہیں،مثلاً ہیضہ،معیادی بخار،پیچش،اسہال (ڈائریا)،بدہضمی اور پیٹ کے کیڑے وغیرہ۔ان امراض سے بچنے کے لئے ذیل میں دی گئی حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے:
پینے کے لئے صاف پانی استعمال کیا جائے اور اگر ممکن ہو تو وبا کے دنوں میں پانی کو اُبال کر پینے اور کھانے پکانے کے لئے استعمال کریں۔
گلے سڑے پھل اور کچی سبزیاں کھانے سے پرہیز کریں۔سبزیاں خوب اچھی طرح دھو کر پکائیں۔کھانے پینے کی اشیاء کو مکھیوں سے بچانے کے لئے ڈھانپ کر رکھیں،کیونکہ مکھیاں مختلف امراض کے جراثیم کا سبب بنتی ہیں۔بارشوں اور سیلاب کے بعد گندا پانی جوہڑوں اور تالابوں کی شکل میں جمع ہو جاتا ہے اور ایسی جگہوں میں مچھر آسانی سے پھلتے پھولتے ہیں۔یہی مچھر انسان کو سوتے یا جاگتے میں کاٹ کر ملیریا بخار میں مبتلا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔
ان سے بچنے کے لئے اپنے گرد و نواح میں گندے پانی کے جوہڑوں اور تالابوں وغیرہ کو چونا یا مٹی ڈال کر بند کر دیا جائے،تاکہ ان جگہوں پر مچھر پرورش نہ پا سکیں۔سیلاب اور بارش زدہ علاقوں میں پھوڑے پھنسیوں اور خارش کے امراض پھیلنے کا زبردست اندیشہ ہوتا ہے۔جلد کے امراض سے بچنے کے لئے ہمیں حفاظتی تدابیر پر ضرور عمل کرنا چاہیے۔ہر عمر کے افراد کو چاہیے کہ وہ جسم کی صفائی کا خاص طور پر خیا ل رکھیں۔

برسات کے موسم میں خارش کی بیماری کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔خارش اگر کسی ایک فرد کو ہو جائے تو خارش دور کرنے والی دوا گھر کے تمام افراد کو استعمال کرنی چاہیے۔جسم پر خارش ہونے کی صورت میں متاثرہ حصے کو بار بار کھجانے سے اجتناب کیا جائے،اس لئے کہ خارش سے بننے والے زخموں میں جراثیم منتقل ہو کر پھوڑوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔گرمی کے دنوں میں کولا مشروبات پیاس بجھانے میں کوئی خاص مدد نہیں کرتے،بلکہ گھر میں بنائے گئے دیسی مشروبات،مثلاً لسی،ستو،تخم ملنگا اور دوسرے سستے مشروبات،مثلاً فالسے کا شربت روزانہ پئیں۔
ان مشروباب کے علاوہ برسات میں لیموں،ہری مرچ،سرکہ،پیاز،لہسن اور پودینہ زیادہ کھائیں۔دوپہر کے کھانے میں پیاز،سرکہ اور ہری مرچ شامل رکھیں تو بہت اچھا ہے،ان کے کھانے سے وبائی امراض دور رہتے ہیں۔
موسم برسات میں دیگر قسم کے پھلوں کے علاوہ سب سے زیادہ مقبول عام پھل آم بھی دستیاب ہوتا ہے۔برسات کا موسم شروع ہونے سے پہلے آم بازار میں آ جاتا ہے۔
آم کی خاصیت یہ ہے کہ خواہ لنگڑا ہی کیوں نہ ہو،گرمی کی آمد کے ساتھ ہی دکانوں اور ٹھیلوں پر پہنچ جاتا ہے۔اس موسم میں انتہائی ذوق و شوق سے آم کھانے والے افراد کو چاہیے کہ وہ بارش کی پہلی جھڑی سے پہلے آم نہ کھائیں تو بہتر ہے،کیونکہ آم اور برسات ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں۔
برسات کے بعد درخت سے جھڑنے والا آم ذائقے میں زیادہ شیریں،لذیذ اور بہت ہاضم ہوتا ہے۔
بارش سے پہلے کا آم جسم میں گرمی پیدا کرتا ہے۔اگرچہ آم ایک معتدل اور زود ہضم پھل ہے،لیکن بارش سے پہلے کاربائیڈ ایسڈ (Carbide Acid) کے ذریعے کیریوں کو پکا کر جو آم بنایا جاتا ہے،وہ کھجلی اور دانے پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے،لہٰذا ایسے آم اگر کھائے جائیں تو کھانے کے بعد آٹھ دس جامن کھا لینی چاہیے یا دودھ کی لسی پی لینی چاہیے،اس طرح جسم کو بھرپور غذائیت اور توانائی مل جاتی ہے،لیکن بہتر تو یہی ہے کہ بارش کے بعد بازار میں آنے والا آم کھائیں۔بارش کے بعد دستیاب ہونے والا آم زیادہ مزیدار ہوتا ہے اور مختلف قسم کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat