Mong Phali - Gharebon Ka Badam - Article No. 2587

Mong Phali - Gharebon Ka Badam

مونگ پھلی ۔ غریبوں کا بادام - تحریر نمبر 2587

خشک میوہ جات کی آسماں سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے غریبوں کے پاس ایک مونگ پھلی کا ہی سہارا باقی رہ گیا تھا جس کے استعمال سے وہ سرد موسم میں اپنے جسم میں حرارت پیدا کر سکتے تھے

ہفتہ 26 نومبر 2022

فیصل حق
موسم سرما کی سوغاتوں میں مونگ پھلی کو اپنی افادیت اور کم قیمت ہونے کے باعث خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔اسی لئے موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی اس کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔دسمبر کی سخت سردی ہو اور گرم گرم ریت میں بھونی جا رہی مونگ پھلیوں کی خوشبو ہو تو ہر کوئی اس کی طرف کھینچا چلا آتا ہے۔خشک میوہ جات کی آسماں سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے غریبوں کے پاس ایک مونگ پھلی کا ہی سہارا باقی رہ گیا تھا جس کے استعمال سے وہ سرد موسم میں اپنے جسم میں حرارت پیدا کر سکتے تھے۔

مونگ پھلی کو غریبوں کا بادام کہا جاتا ہے جبکہ اس میں بعض صورتوں میں بادام سے بھی زیادہ افادیت موجود ہے۔مثال کے طور پر مونگ پھلی میں ایسے اینٹی آکسیڈینٹ ہیں جو فوائد کے اعتبار سے سیب،گاجر اور چقندر سے بھی بڑھ کر ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں موجود غذائی اجزاء کم وزن افراد سمیت باڈی بلڈنگ کرنے والوں کے لئے بھی نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔اس میں پایا جانے والا وٹامن ای کینسر کے خلاف لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔


مونگ پھلی سردیوں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ڈرائی فروٹ میں شمار ہوتی ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق مونگ پھلی توانائی سے بھرپور ہے مونگ پھلی انسان کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے مونگ پھلی میں وٹامن ای پایا جاتا ہے وٹامن ای کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ کینسر جیسے موضی مرض کے خلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس میں موجود اجزاء خون کے نئے خلیات بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں دنیا کے مختلف ممالک میں مونگ پھلی کا تیل بھی استعمال کیا جاتا ہے مونگ پھلی انسانی جسم کی نشوونما کے لئے بہت ضروری ہے اور سیب کا بہترین نعم البدل ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat