Mujhe Annas (Pineapple) Kehte Hain - Article No. 2114

Mujhe Annas (Pineapple) Kehte Hain

مجھے انناس کہتے ہیں - تحریر نمبر 2114

مجھ میں کئی حیاتین (وٹامنز) اور معدنی اجزاء ہوتے ہیں،جن کی وجہ سے میں ایک توانائی بخش پھل شمار کیا جاتا ہوں

بدھ 24 مارچ 2021

میں گرم مرطوب آب و ہوا کے ایک پودے”انناسی انناس“ کا پھل ہوں۔میں انگریزی میں پائن ایپل (Pineapple) کہلاتا ہوں۔ میرا اصل وطن جنوبی امریکہ ہے۔پرتگالی بہت سے پھلوں کی طرح مجھے بھی دوسرے ملکوں میں لے گئے۔اب میری کاشت دنیا کے کئی ملکوں میں ہوتی ہے اور ہر جگہ لوگ مجھے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔میری اپنی ایک خاص خوشبو ہے،جو اسی نام سے مشہور ہے۔
میں دیکھنے میں بہت خوب صورت ہوتا ہوں۔میں سابق مشرقی پاکستان (بنگلہ دیش) سے آکر خوب بکتا تھا۔اب بھی آپ مجھے دکانوں پر دیکھتے ہیں،لیکن کم مقدار میں۔میرے مربے کے ٹن،جوس اور جام کی بوتلیں بھی خوب بکتی ہیں۔
مجھ میں کئی حیاتین (وٹامنز) اور معدنی اجزاء ہوتے ہیں،جن کی وجہ سے میں ایک توانائی بخش پھل شمار کیا جاتا ہوں۔

(جاری ہے)

مجھ میں کلورین (Chlorine) بھی ہوتی ہے،جس کی وجہ سے میں کھانا ہضم کرنے میں بڑی مدد کرتا ہوں،خاص طور پر پروٹینز،یعنی لحمیات میری وجہ سے بڑی آسانی سے ہضم ہو جاتی ہیں۔

میں قبض کی شکایت بھی دور کرتا ہوں،کیونکہ آپ نے محسوس کیا ہو گا کہ مجھ میں ریشہ بھی خوب ہوتا ہے۔ میں چونکہ ہضم کی طاقت میں اضافہ کر دیتا ہوں،اس لئے وزن کم کرنے میں بھی مجھ سے مدد لی جا سکتی ہے۔
جسم میں موجود مختلف گلٹیوں یا غدود (Glands) کی صحت اور چستی کے لئے بھی مجھے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔آپ نے دیکھا ہو گا کہ بعض لوگوں کے گلے،ایک غدے تھائی رائڈ (Thyroid Gland) کے بڑھ جانے کی وجہ سے پھول جاتے ہیں۔
یہ تکلیف غوطر یا گلھڑ کہلاتی ہے۔یہ غذا میں ایک اہم جزو آیوڈین کی کمی سے ہوتی ہے۔مجھے اس تکلیف کو دور کرنے کے لئے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔مجھے کھانے سے بد ہضمی کی تکلیف بھی ختم ہو جاتی ہے۔اسی طرح سانس کی نالیوں کی سوجن کی تکلیف سے نجات کے لئے بھی مجھے مفید سمجھا جاتا ہے۔مجھ سے نزلے زکام کی پرانی شکایت بھی دور ہو جاتی ہے۔مجھے کھانے سے بڑھا ہوا بلڈ پریشر کم رہتا ہے اور گٹھیا،یعنی جوڑوں کے درد کی شکایت بھی دور ہو سکتی ہے۔
اگر جسم میں رسولیاں ہوں تو یہ بھی مجھے باقاعدہ کھانے سے دور ہو جاتی ہیں۔
دنیا کے بعض ملکوں میں مجھے پیٹ کے کیڑوں سے چھٹکارے کے لئے بھی کھایا جاتا ہے۔معالجین مجھے گردوں اور مثانے کی تکالیف سے نجات کے لئے بہت مفید بتاتے ہیں،کیونکہ میں پیشاب خوب لاتا ہوں۔اس طرح گردے صاف ہو جاتے ہیں۔پیشاب کے راستے مضر اور خراب مادوں اور پتھریوں کے اخراج سے جسم بیماریوں سے نجات پا لیتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ میرا رس پینے سے یرقان،یعنی پیلیا کے مریضوں کو بھی آرام مل جاتا ہے۔
پاکستان میں میری کاشت نہیں ہوتی،لیکن اس زرعی تحقیق کار نے چند برس پہلے کراچی کے نواحی علاقے میں میری کاشت کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔میرا مربا دوسرے ملکوں سے آکر یہاں بکتا ہے،جو بہت خوش ذائقہ اور مفید بھی ہوتا ہے۔مجھ میں حیاتین ج کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،اسی طرح کیلسیئم بھی خوب ہوتا ہے۔
سندھ میں میری کاشت عام کرنے کی ضرورت ہے۔
میرے 100 گرام کے ٹکڑوں میں درج ذیل صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں:
حیاتین الف(وٹامن اے)130 بین الاقوامی یونٹ
تھایامن ا(وٹامن بی 1) 80 ملی گرام
رائبو فلاون(وٹامن بی 2) 20ملی گرام
نایاسن(وٹامن بی 3) 2 ملی گرام
حیاتین ج(وٹامن سی) 24 ملی گرام
لحمیات(پروٹینز) 4 ملی گرام
حرارے(کیلوریز) 52
نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ) 137 گرام
کیلسیئم 16 ملی گرام
فولاد 3 ملی گرام
فاسفورس 11 ملی گرام
پوٹاشیم 150 ملی گرام

Browse More Ghiza Aur Sehat