Piyaz, Lehsun , Adrak Aur Tomato - Article No. 2485

Piyaz, Lehsun , Adrak Aur Tomato

پیاز،لہسن،ادرک اور ٹماٹر - تحریر نمبر 2485

ہماری ہانڈیوں کے بنیادی اجزاء

بدھ 6 جولائی 2022

کوئی دن خاص ہو یا تہوار یا پھر روزمرہ کے کھانے تیار کرنے ہوں،ہماری ہانڈیوں کے یہ چار بنیادی اجزاء ہیں جن کے بغیر سادہ سی سبزیوں کے پکوان بھی تیار نہیں کئے جا سکتے آئیے آج ان کا حوال پڑھتے ہیں․․․
پیاز
اس سبزی کا لاطینی نام Allium Cepa ہے۔یہ سبز رنگ میں ہو یا کاسنی ہر رنگ میں صدیوں سے استعمال ہو رہا ہے۔چائنیز ڈشز میں ہم سبز پیاز بھی استعمال کرتے ہیں مثلاً فرائیڈ رائس خواہ کسی گوشت کے ساتھ بنائے جائیں یا صرف سبزیوں (گاجر،بند گوبھی،شملہ مرچ) کے ساتھ،سبز پیاز ان کھانوں کا خاص جزو ہوتا ہے۔
برصغیر کی ہانڈیوں میں رنگین پیاز جو سرخی مائل بھی دستیاب ہوتی ہے۔اس میں ایک خاص جز Quercetin پایا جاتا ہے جو کینسر اور دل کی بیماریوں میں جسم کا دفاع کرتا ہے۔

(جاری ہے)

سبز پیاز میں آئرن،وٹامن C,B اور Malic Acid وغیرہ پائے جاتے ہیں۔ڈچ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ روزانہ سلاد کے طور پر کچا پیاز کھانے سے معدے کے کینسر کا خطرہ بہت کم رہ جاتا ہے۔کھانسی نزلہ،زکام میں بھی پیاز کے ساتھ شہد شامل کرکے کھانے سے آرام ملتا ہے۔


لہسن
دنیا کی پانچ اہم تہذیبوں مثلاً چین،یونان،ایران،بھارت اور مصر کی تاریخی دستاویزات میں لہسن کا نام پڑھنے کو ملتا ہے۔چین میں تین ہزار سال قبل کے Calendar Of Hsia میں لہسن کا ذکر ملتا ہے۔اس طرح لہسن کا استعمال دونوں جنگوں میں کیا گیا کیونکہ یہ زخموں کو جلد بھرتا ہے۔جدید سائنسی تحقیق کے مطابق لہسن میں Allicine کے علاوہ Ajoene (آجون) جیسا عنصر پایا جاتا ہے جو دل کی بیماریوں کی روک تھام میں موٴثر ثابت ہوتا ہے۔
شوگر کی بیماری ٹائپ 2 میں بھی لہسن کا استعمال بے حد مفید ہوتا ہے۔لہسن کی وجہ سے جسم میں انسولین کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔غذائی لہسن کا استعمال معدے کے انزائمر،کو بڑھاتا ہے،نظام ہضم کو درست رکھتا ہے۔پھیپھڑے صاف کرتا ہے اور سانس کی تکالیف دور کرتا ہے۔بلڈ پریشر معتدل کرتا ہے۔بالوں کا جھڑنا روکتا ہے۔کولیسٹرول کم کرتا ہے اور قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔

ادرک
یہ ایک کرشماتی جڑ ہے اور کھانوں کے بادی اثرات زائل کر دیتی ہے۔یہ ایک معروف سبزی ہے جو کھانوں کے علاوہ چائے اور مشروبات میں بھی استعمال ہوتی ہے۔یہ غذا کو ہضم کرنے اور قبض دور کرنے میں معاون سبزی ہے۔سانس کی بدبو دور کرکے منہ کے خراب ذائقے کو درست کرتی ہے۔حافظے کی خرابی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کے نظام کو بھی درست کرتی ہے۔
ہمارے متعدد مرغن کھانوں کی گارنشنگ ادرک سے کی جاتی ہے جس کے بعد یہ کھانے ثقیل نہیں رہتے۔شیرخوار بچوں کو ہچکی لگے تو انہیں سوکھی ادرک (سونٹھ کا پاؤڈر) خالص شہد میں ملا کر چٹانے سے فائدہ ہوتا ہے اگر بڑوں کو یہی شکایت ہو تو انہیں سیاہ کٹی مرچ اور چار گرام ادرک کے قہوے سے آرام محسوس ہوتا ہے۔ذیابیطس کے مرض میں بھی ادرک کے پانی کو چٹکی بھر شہد میں ملا کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔
ادرک کے کیمیائی تجزئیے کے مطابق اس میں 12 سے 15 فیصد پانی میں حل ہونے والے نمکیات ہوتے ہیں اور ایک سے چار فیصد کے درمیان روغن ہوتا ہے۔100 گرام خشک ادرک میں روغن کی مقدار 33 فیصد،کاربوہائیڈریٹس 7.20 فیصد،پروٹین 4.7 فیصد اور سوڈیم 5 فیصد کے علاوہ پوٹاشیم،میگنیشیم،سلفر،فاسفورس اور فلورائیڈ بھی شامل ہیں۔
ٹماٹر
سبزیوں کے ساتھ جہاں گوشت اور قیمہ مختلف شکلوں اور ذائقوں میں تیار کیا جاتا ہے وہیں ٹماٹر ڈال کے ہانڈی بھوننے سے الگ ہی ذائقہ اور خوشبو بھوک کی اشتہا بڑھا دیتی ہے۔
ہانڈی کا سرخی مائل رنگ بھی آنکھوں کو بھلا لگنے لگتا ہے۔سلاد میں بھی تازہ ٹماٹر شامل کئے جائیں یا چھولوں کی چاٹ میں ٹماٹر کے تراشے شامل کئے جائیں تو ان غذاؤں کی افادیت اور رنگ متاثر کرتی ہے۔ٹماٹر کا روزانہ استعمال معدے کے کینسر اور پروٹیسٹ کینسر میں بے حد مفید ہے۔اس سبزی میں وٹامن E,C،کیروٹین جسے Lycopene کہا جاتا ہے۔ہماری غذاؤں کو پُرتاثیر بنا دیتا ہے۔
دل اور متعدد بیماریوں کے لئے مفید اثرات رکھتا ہے البتہ گردوں کے امراض میں مبتلا افراد ٹماٹر اپنے معالج کے مشورے سے استعمال کریں عام طور پر ان کو ٹماٹر کے بیج علیحدہ کرکے کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔غرضیکہ مشرقی کھانوں اور بدیسی پکوانوں کی رنگت اور ذائقے میں اضافے کے لئے پیاز،لہسن،ادرک اور ٹماٹر بنیادی اہمیت کی حامل سبزیاں ہیں۔یونہی تو ہمارے کھانے دنیا بھر میں پسند نہیں کئے جاتے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat