Saaf Pani Sehat Ka Zamin - Article No. 2726

Saaf Pani Sehat Ka Zamin

صاف پانی صحت کا ضامن - تحریر نمبر 2726

پانی روزمرہ استعمال کی چیز ہے۔یہ کہنا درست ہے یہ ہر جاندار کی زندگی اور صحت کے لئے بہت اہم ہے۔

بدھ 14 جون 2023

ڈاکٹر فوزیہ سعید
پانی روزمرہ استعمال کی چیز ہے۔یہ کہنا درست ہے یہ ہر جاندار کی زندگی اور صحت کے لئے بہت اہم ہے۔جس میں انسان،جانور،چرند پرند اور پودے سب شامل ہیں۔یہ سب پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔زندگی اور صحت کو برقرار رکھنے کے لئے ہوا کے بعد سب سے زیادہ ضروری چیز پانی ہے۔تندرستی کو قائم رکھنے کے لئے ہمیں پاک صاف ہوا (آکسیجن) کی طرح خالص اور پاکیزہ پانی کی بھی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
جس طرح گندی ہوا میں ہم سانس لینے سے بیمار پڑھ جاتے ہیں اسی طرح گندا پانی پینے سے بھی ہماری صحت خراب ہو جاتی ہے۔پانی کی کمی سے انسان معدے اور آنتوں کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں بدہضمی کی شکایت ہو سکتی ہے۔پیٹ خراب ہو سکتا ہے۔دست اور پیچش کی شکایت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

آلودہ پانی پینے سے بعض اوقات خطرناک اور مہلک وبائی امراض کے جراثیم کی آمیزش ہو سکتی ہے جس میں ٹائیفائیڈ اور ہیضے جیسے امراض میں انسان مبتلا ہو سکتا ہے۔

غرض یہ کہ صاف پانی صحت کے لئے نہایت ضروری ہے۔اگرچہ پانی میں بذات خود کوئی غذائیت اور ٹیسٹ نہیں مگر یہ ہماری غذا اور جسمانی خون کے لئے ضروری جزو ہے۔یہ ہمارے جسم کے نظام کو چلانے میں خون کو پتلا رکھنے میں مدد کرتا ہے۔خون پتلا ہو کر رگوں میں آسانی اور تیزی سے سفر کرتا ہے جو ہماری صحت مند زندگی کی علامت ہے۔
پانی کا استعمال:
پانی ایک یونیورسل Solvent ہے۔
جو ہمارے جسم کے درجہ حرارت کو برقرار رکھتا ہے۔پانی کا استعمال دوسری غذاؤں کے ساتھ اس لئے ضروری ہے کہ یہ ہماری غذا کو زود ہضم بناتا ہے۔اس کو سیال شکل میں رکھتا ہے اور دوسرے غذائی اجزاء کو باریک باریک خون کی نالیوں میں پہنچاتا ہے۔اسی کی ٹھنڈک اور گرمی سے ہمارے جسم کا درجہ حرارت کو اعتدال میں رہتا ہے۔اسی کی وجہ سے ہماری حیات اور خیالات تیزی سے سفر کرتے ہیں۔
یہ پیاس کو بھجاتا ہے بے ہوشی،تھکاوٹ،قے،قبض اور پیشاب کی جلن سے بچاتا ہے۔یرقان کے لئے مفید ہے۔جسم کے زہریلے مادوں کو پسینے اور پیشاب کے ذریعے خارج کرتا ہے۔خون کو گاڑھا ہونے سے بچا کے کسی قسم کے ہارٹ اٹیک سے محفوظ رکھتا ہے۔گویا پانی زندگی کا دوسرا نام ہے۔
پانی کی قلت کو کم کرنے اور اس کو بچانے کے طریقے:
پانی کو وضو کرنے،منہ دھونے یا نہانے میں اتنا استعمال کریں جتنا ضروری ہے۔
شیو کرتے وقت یا دانت صاف کرتے وقت نل کو بند رکھیں۔گھر کی صفائی یا گاڑی دھوتے وقت پانی کے نل کو ویسے ہی کھلا نہ چھوڑ دیں۔پودوں کو بوقت ضرورت ہی پانی ڈالیں۔پانی کی ٹینکی جب بھر جائے فوراً پانی بند کر دیں۔گھر کے نل یا پانی کے پائپ اگر خراب ہیں ان میں سے پانی ٹپکتا ہے تو ان کو فوراً مرمت کرا لیں۔باتھ روم کے پائپ بھی چیک کرتے رہیں کوئی کھلا تو نہیں رہ گیا۔
یا کوئی خراب تو نہیں ہو چکا۔کھانا کھاتے اور پکاتے وقت بھی ان باتوں کا خیال رکھیں کہ پانی خوامخواہ ضائع نہ ہو۔کھانا کھاتے ہوئے بہت زیادہ برتن نہ بھرے جائیں۔قطرہ قطرہ کر کے ہم کافی پانی بچا سکتے ہیں۔نئے بڑے ڈیم بنانے کی بجائے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں۔جن سے ملک کی بجلی کی کمی پہ بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔کسی بڑے ڈیم پہ دس سے پندرہ سال کا عرصہ درکار ہے جبکہ چھوٹے چھوٹے ڈیم دو سے تین سال میں تیار ہو جاتے ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat