Sehat Ke Liye Intehai Mufeed Batain - Article No. 1538

Sehat Ke Liye Intehai Mufeed Batain

صحت کے لئے انتہائی مفید باتیں - تحریر نمبر 1538

ان اشیاء کو کچرے میں پھینکنے سے گریز کریں!

پیر 8 اپریل 2019

موسم چاہے گرمی کا ہو یا سردی کا ،سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کھانوں میں بہت شوق سے کیا جاتا ہے ۔
موسمی سبزیاں اور پھل کھانے سے آپ کو ذائقے کے ساتھ ساتھ بھر پور صحت بھی ملتی ہے کیونکہ ان میں کئی وٹامن اور منرلز کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے ۔سبزیوں اور پھلوں کو کچابھی کھایا جا سکتا ہے اور پکا کر بھی ۔یہ دونوں ہی صورتوں میں صحت کے لئے اچھی ہیں۔


ہمارے ملک میں سبزیوں اور پھلوں کی کئی اقسام موجود ہیں جن میں سے بہت سی ایسی ہیں جنہیں کھانے سے پہلے چھلکا اتارنا ضروری ہوتا ہے لیکن بہت سی سبزیاں اور پھل ایسے بھی ہیں جن کو چھلکا اتارے بغیر بھی کھایا جا سکتا ہے ،لیکن ہمارے ہاں بہت سے لوگ سبزیوں اور پھلوں کو کھانے سے پہلے ان کے چھلکے اتار دیتے ہیں ۔پھل اور سبزیاں کھاتے ہوئے ہم ان کے کنارے اور چھلکے پھینک دیتے ہیں ،لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کئی سبزیوں کے چھلکوں میں بھی بہت فوائد چھپے ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پھینکی جانے والی یہ اشیاء لا تعداد وٹامنز اور غذائیت سے بھر پور ہوتی ہیں۔
حالیہ تحقیقات سے یہ بات پتہ چلی ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں میں ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جن کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے ۔پھلوں اور سبزیوں کے چھلکے کیلوریز میں کم ہونے کے ساتھ ساتھ وٹامن‘منرلز اور بھرپور غذائیت کے حاصل ہوتے ہیں ۔ہم ان سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں کو اتارکر ان ضروری غذائی اجزاء کو ضائع کر دیتے ہیں ۔
اگر ہم اپنی معلومات میں اضافہ کرتے ہوئے موسم کے لحاظ سے پائی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کے بارے میں یہ معلوم کریں کہ ہم کس سبزی اور پھل کو چھلکے سمیت کھاسکتے ہیں اور یہ ہمارے لئے کتنا مفید ہے تو یہ صحت کے لیے ایک مددگار عمل ہو گا
۔
ذیل میں ہم چند ایسی سبزیاں اور پھل پیش کررہے ہیں جن کا استعمال اگر چھلکوں سمیت کیا جائے تو کئی فائدے حاصل ہو سکتے ہیں ۔
سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے کھانے سے ناصرف آپ بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ ان میں موجود وٹامن اور فائبر جسم میں موجود غذائی اجزاء کی کمی کو بھی پورا کرتے ہیں ۔جس سے رنگت ،صحت اور موڈ میں بہت اچھے بدلاؤ آتے ہیں ۔اس کے علاوہ روزانہ کھانے میں ملنے والی مزیدار سبزیاں اور پھل بھوک کو بھی بڑھاتے ہیں ۔آئیں دیکھتے کہ کن چیزوں کو پھینکنے سے گریز کرنا چاہیے۔

آلو کے چھلکے
آلو کے چھلکے میں اس کے گودے کی نسبت10گنا زیادہ غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔آلوکو چھلکوں سمیت کھانے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ موسم میں آنے والے نئے آلوؤں کا استعمال کیے جائیں ۔نئے آلو میں چھلکا بہت ہی زیادہ پتلا ہوتاہے ۔اس کو چھلکے سمیت پکا کر یاابال کر آسانی سے کھا سکتے ہیں۔
شکر قندی
شکر قندی کے چھلکے میں بیٹا کیروٹین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے ۔
یہ بیٹا کیروٹین دوران ہضم وٹامن اے میں بدل جاتی ہے ۔وٹامن اے ہمارے جسم کے خلیوں کی صحت اورمدافعتی نظام کی درستی کے لیے ضروری جزوہے۔یہی وٹامن ہمارے جسمانی اعضاء کو فعال رکھنے میں بھی مدد دیتاہے۔
پھول گوبھی کے کنارے
پھول گوبھی صحت کے لیے فائدہ مند شے ہے ۔اس کے کنارے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں ۔ماہرین کے مطابق یہ کنارے جسم میں ٹیو مرکا خطرہ کم کرتے ہیں اور ڈی این اے کی توڑ پھوڑ میں بھی کمی کرتے ہیں۔

پیاز کے چھلکے
پیاز کاٹتے ہوئے اس کے چھلکے پھینکے جانامعمول کی بات ہے ۔پیاز کے سرخ چھلکے کینسر سے بچاؤ فراہم کرسکتے ہیں اور دل کو صحت مند رکھتے ہیں۔
ککڑی اور کھیرے کا چھلکا
ککڑی اور کھیرے کے گہرے سبزرنگ کے چھلکے اینٹی آکسیڈنٹس،غیر حل پذیر فائبر اور میگنیشیم سے بھرے ہوتے ہیں ۔وٹامنKکی مقدار بھی ان میں اچھی خاصی ہوتی ہے ،کھیرے کے چھلکے میں شامل اجزاء خون میں لوتھڑے بننے سے حفاطت کرتے ہیں اور ہڈیوں کو صحت مندرکھتے ہیں ۔
کھیرے کے چھلکے میںChlorophyIIپایا جاتا ہے جو کہ سبز رنگ کا پگمنٹ ہے ۔یہ کینسر سے حفاظت کے لئے کار آمد ہے ۔کھیرے کو چھلکے سمیت کچا ہی کھائیں تو زیادہ بہتر ہے ۔کھیرے سے سلاد بھی بنا سکتے ہیں اور اس کا جوس بنا کر بھی پیا جا سکتاہے۔
لیموں کا چھلکا
لیموں کے کئی فوائد ہیں ۔یہ خاص طور پر گردوں اور جگر کی صفائی کے لیے بہترین ہیں۔اگر لیموں کا صرف رس نکال کر استعمال کیا جائے تو ہم اس کے کئی فوائد سے محروم ہو سکتے ہیں ۔
لیموں کو استعمال قبل اسے جما دینے سے اس کے فوائد تادیر محفوظ رہ سکتے ہیں ۔لیکن کیا آپ جانتے ہیں لیموں کے چھلکے اپنے اندر کیا فوائد رکھتے ہیں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ لیموں کے چھلکے میں اس کے گودے سے زیادہ وٹامن سی موجود ہوتا ہے ۔لیموں کا چھلکا قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے ۔کولیسٹرول میں کمی کرتا ہے ۔لیموں کا چھلکا کینسر سے بچاؤ میں بھی معاون ہے ۔
یہ جسم کے کئی اقسام کے انفیکشن کو ٹھیک کرتا ہے ۔لیموں کا چھلکا آنتوں سے نقصان دہ جراثیم کا خاتمہ کرتاہے۔
ماہرین کی تجویز ہے کہ لیمن جوس کے بجائے لیمن سمو تھی کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہو گا کیونکہ اس میں چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں۔
گاجر
گاجر کے چھلکے میں گاجر کی نسبت10گنا زیادہ Falcarindiolپایا جاتا ہے ۔یہ گاجر کے چھلکے کے بالکل نیچے ہوتا ہے ۔
یہ جزوکینسر سے بچاؤ میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے ۔چھلکے سمیت گاجر کو کھانے کے لئے بہتر ہے کہ چھوٹی گاجروں کا انتخاب کیا جائے ۔اس کا جوس بنا کر پےئیں یا پھر ایسے کچا ہی کھا لیں۔
دونوں صورتوں میں یہ فائدہ مند ہے ۔گاجروں کو دوسری سبزیوں کے ساتھ پکا کر بھی کھاسکتے ہیں۔
بینگن
بینگن کے چھلکے میںNansumاورAnthocyaninپائے جاتے ہیں۔
یہ اجزاء بینگن کو پرپل رنگ دیتے ہیں۔ بینگن کو چھلکے سمیت کھانے کے لئے اسے چھلکے سمیت گول ٹکڑوں میں کاٹ کر باربی کیو کر سکتے ہیں ۔اس کے لئے تازہ اور سائز میں چھوٹی بینگنوں کا انتخاب کرنا چاہیے کیونکہ چھوٹے بینگن کے چھلکے پتلے ہوتے ہیں اور غذائیت سے بھر پور بھی ہوتے ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹر کے چھلکے میںLycopeneپایا جاتا ہے ۔یہ جزودل کی بیماریوں اور کینسر سے محفوظ رکھتا ہے ۔
اس کے علاوہ اس کے چھلکے اور گودے اور بیجوں کی نسبت زیادہ وٹامن سی پایاجاتا ہے ۔اکثر لوگ کھانا بناتے وقت ٹماٹر کے چھلکوں کو اتاردیتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سے غذائی اجزاء ضائع ہوجاتے ہیں ۔ٹماٹر کو چھلکے سمیت کچا بھی کھا سکتے ہیں اور اس کا جوس بھی بنا کر پی سکتے ہیں ۔کھانا بناتے وقت کو شش ہونی چاہیے کہ ٹماٹر کے چھلکے نہ اتاریں اور اگر بہت زیادہ ضروری ہوتو ٹماٹر کو پہلے دو منٹ کے لئے کسی الگ برتن میں پکا لیں تاکہ اس کا چھلکا الگ ہو کر اتر جائے اور بعد میں اسے کھانے میں شامل کریں اس طرح ٹماٹر کے کئی غذائی اجزاء بھی مل جائیں گے اور کھانے میں چھلکے بھی نظر آئیں گے۔

نارنگی اور مالٹا کے چھلکے
نارنگی وٹامن سی سے بھر پور پھل ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں نارنگی کے چھلکے میں پھل سے 3گنا زیادہ وٹامن سی موجود ہوتا ہے۔یہ چھلکے ریشہ اور منرلز سے بھر پور ہوتے ہیں ۔مالٹے کے چھلکوں میں ڈی لیمینن نامی ایک قدرتی سالوینٹ پایا جاتاہے۔
یونیورسٹی آف ایریز ونا کی تحقیقات کے مطابق مالٹے کے چھلکےSquasmous Cell Carcin سے بچاتا ہیں جو کہ جلد کے کینسر کی دوسری اہم قسم ہے ۔
مالٹے کے چھلکے کے فوائد حاصل کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اس کا چھلکے سمیت جوس بنا کر نہ پےئیں۔
انار کا چھلکا
کیا آپ نے کبھی انار کے چھلکے کی چائے کے بارے میں سنا ہے؟اگر نہیں سنا تو آج سن لیں ،انار کے چھلکے سے بنی چائے میں کئی فائدے پائے جاتے ہیں ۔ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ انار کے چھلکوں میں بھی متعدد اقسام کے غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں اور اگر آپ ان غذائی اجزاء کے حصول کا ایک طریقہ انار کی چائے ہے۔
یہ چائے انار کے سوکھے چھلکے کے سفوف سے بنتی ہے۔
اس سفوف کی تیاری کے لئے انار کے چھلکوں کو صاف پانی سے اچھی طرح دھو کر دھوپ میں رکھ کر خشک کرلیں۔
جب یہ چھلکے خشک ہو جائیں تو انہیں چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑلیں ،پھر انہیں پیس کر بلینڈ کرلیں۔ اس سفوف کو کافی پاؤڈر کی طرح بوتل میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
ایک کپ پانی میں ایک چمچ انار کے چھلکے کا پاؤڈر ڈال کر چند منٹ تک ابالیں اور پھر چھان کر کپ میں نکال لیں۔
اگر چاہیں تو اس چائے میں لیموں کا رس اور شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔
انار کے چھلکوں کی یہ چائے نظام انہضام کو درست کرکے قبض اور بدہضمی جیسی بیماریوں سے چھٹکارادلاتی ہے اور دوران خون کو بھی بہتر بناتی ہے۔
تربوز کے بیج
تربوز کھاتے ہوئے عموماً اس کے بیجوں اور سفید حصے کو ضائع کردیا جاتا ہے ،ان دونوں چیزوں سے امائنو ایسڈ موجود ہوتا ہے جو خون کی روانی کو بہتر بناتا ہے اور دل کو صحت مند رکھتا ہے۔

سیب کا چھلکا
سیب کا چھلکا بھی اپنے اندر گودے سے زیادہ غذائیت رکھتا ہے ۔سیب کے چھلکے میں اس کے گودے کی نسبت 9گنا زیادہ غذائیت ہوتی ہے اور سیب کا 75فیصد فائبر اس کے چھلکے میں ہوتا ہے ۔یہ جسم سے فاسد مواد خارج ہونے میں مدد دیتا ہے ۔یہ فائبرا ور وٹامن سی سے بھی بھر پور ہوتا ہے ۔اس لئے سیب کو چھلکے سمیت کھانا زیادہ مفید ہے۔
سیب کے چھلکے میں صرف وٹامنز ہی نہیں ہوتے،بلکہ اس میں Quercetinنام کا ایک ضروری اینٹی آکسیڈینٹ بھی پایاجاتا ہے ،یہ جزو پھیپھڑوں کی حفاظت اور سانس کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے ۔

Quercetinدماغ کے ٹشوز کو تباہ ہونے سے بھی روکتا ہے اور یادداشت بہتر بنانے میں مدد دیتاہے۔
بوڑھے ،جسمانی طور پر کمزور افراد،پیچش ،ٹائیفائیڈ کی کمزوری یا پھر جوڑوں کے درد میں مبتلا لوگ سیب چھلکوں کی چائے سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ۔سیب کے چھلکے تازہ یا خشک حالت میں لے کر کھولتے ہوئے پانی میں ڈال کر چائے تیار کرلیں ۔شہد اور لیموں کا رس ملا کر نوش فرمائیں تو اور بھی مفید ہے۔

کیلے کا چھلکا
کیلے کی اصل غذائیت اس کے چھلکے میں چھپی ہے۔ان چھلکوں میںLuteinبھی ہوتی ہے ۔یہ ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو آنکھوں کی صحت کے لیے لازمی تصور کی جاتی ہے ۔کیلے کے چھلکے میں ایک امینو ایسڈ Tryptophanبھی زیادہ ہوتا ہے ۔دیگر بہت سے فوائد کے ساتھTryptophan کے استعمال سے ڈپریشن میں کمی،موڈ بہتر بنانے میں دماغ کو مدد ملتی ہے ۔کیلے کے چھلکے کے سفید حصہ میں سیروٹونین Serotoninپایاجاتاہے۔

اگر چہ کیلے کے چھلکے کھانے میں کڑوے محسوس ہوتے ہیں مگر زیادہ پکے ہوئے کیلوں کا چھلکا کچھ میٹھا ہوتا ہے اس لیے انہیں چبا یا جا سکتا ہے ۔یہ مشکل لگے تو بنا ناشیک بناتے وقت چھلکوں کو بھی جوسر میں ڈال دیں ۔چھلکوں کو چند منٹ پانی میں ابال کر یا فرائنگ پین پر ہلکا ساتل کر بھی کھایا جا سکتا ہے ۔اگر یہ بھی مناسب نہ لگے تو چھلکوں کو بیس منٹ تک یا جب تک وہ اچھی طرح خشک نہ ہو جائیں،اوون میں رکھیں ۔

پھر اس کی چائے بنا کر پئیں․․․․
انناس
انناس میںBromelainپایاجاتا ہے ،یہ ایک انزائم ہے جو ناک کی سوزش کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔انناس کے چھلکے میں اس کے گودے کے مقابلے میں چالیس فیصدSinusesزیادہ ہوتی ہے ۔
اب اس کا چھلکا کون کھائے ۔اس کا طریقہ آسان ہے ،جب انناس کا جوس بنائیں تو جو سرمیں اس کے چھلکے کے بھی کچھ مقدار شامل کردیں۔

آم کا چھلکا
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ آم کے چھلکوں میں Resveratrolجیسی خصوصیات پائی جاتی ہیں ۔جو جسم میں نہ صرف چربی کی زائد مقدار کو جلاتا ہے بلکہ انہیں بڑھنے سے بھی روکتا ہے ۔ماہرین نے مشورہ دیا کہ اگر جسم سے چکنائی کی زائد مقدار سے نجات پانی ہے تو آم کے چھلکوں کا استعمال بھی شروع کردیں۔
ان چھلکوں میں گودے کے مقابلے میںs Polyphenols,Carotenoid،اومیگا تھری،اومیگا سکس فیٹی ایسڈ بھی زیادہ پائے جاتے ہیں۔
ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا کہ آم کے چھلکوں میں کینسر،ذیابیطس اور امراض قلب سے محفوظ رکھنے والے مرکبات کی مقدار بھی موجود ہوتی ہے ۔آم کے چھلکوں کو اس کے گودے کے ساتھ کچا بھی کھایا جا سکتا ہے اور مختلف تراکیب کے ساتھ پکا کر بھی استعمال میں لایا جا سکتاہے۔
فائبر
فائبر آپ کی غذا کا ایک بہت اہم جزہے۔American Heart Associationکے مطابق روزانہ کی ڈائٹ میں 25گرام فائبر کا ہونا لازمی ہے ۔
سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے فائبر کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں ۔ان کو کھانے سے آپ لوبلڈ پریشر ‘کم کولیسٹرول اور قبض جیسے امراض سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
وٹامن
وٹامن اے اور سی کی بہت سی مقدار سبزیوں اور پھلوں کے چھلکوں میں پائی جاتی ہے ۔جس میں آم‘سٹرابری‘مالٹا‘کی وی اور تربوز شامل ہیں۔ وٹامن اے آپ کی نظر کو بڑھانے اورہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے ۔وٹامن سی بھی بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتاہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat