Apple - Ek Jadui Phal - Article No. 2783

Apple - Ek Jadui Phal

سیب ۔ ایک جادوئی پھل - تحریر نمبر 2783

اس کے حیرت انگیز طبی فوائد ہیں

منگل 14 نومبر 2023

سعید اقبال
سیب کو انسان کے لئے اگر قدرت کا انمول تحفہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا،کیونکہ یہ بہت سے طبی فوائد کا حامل ہوتا ہے۔آپ نے وہ کہاوت سنی ہو گی کہ “روزانہ ایک سیب کھانے کی عادت ڈاکٹر کو دور رکھتی ہے”اس کہاوت کو سائنس بھی کافی حد تک درست کہتی ہے۔سیب ایک جادوئی پھل ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس،وٹامنز اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔
سیب میں پائے جانے والے دیگر غذائی اجزاء میں کاپر،میگنیز،وٹامن بی 1،بی 2،بی 6،وٹامن A،وٹامن C،وٹامن K اور پوٹاشیم شامل ہے۔سیب کے استعمال سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
سیب اور سبز چائے
ایک طبی تحقیق کے مطابق سبز چائے اور سیب میں ایسے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم کو دل کے مسائل اور کینسر وغیرہ جیسی جان لیوا بیماریوں کے خطرات سے بچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

جب سیب کو سبز چائے کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے تو ان دونوں میں قدرتی طور پر پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس ایسے مالیکیول کو بلاک کرتے ہیں جو خون کی شریانوں میں چربی بنانے کا باعث بنتے ہیں۔یاد رہے کہ خون کی شریانوں میں چربی جمع ہونے سے دل کے دورے اور فالج کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ایک اور طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سبز چائے اور سیب میں پائے جانے والے نائٹرک ایسڈ سے شریانوں کو پھیلنے میں مدد ملتی ہے جس کی وجہ سے جسم کو نقصان نہیں پہنچتا۔

وزن میں کمی
سیب پانی اور فائبر سے بھرپور پھل ہے جس کی وجہ سے دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس رہتا ہے۔سیب کو اگر کھانے سے پہلے استعمال کیا جائے تو بھوک میں کمی آتی ہے اور ہم کھانا کم کھاتے ہیں جو وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے۔جب ہم سیب کھاتے ہیں تو یہ پیٹ میں موجود پانی جذب کر کے ایک جیل کی شکل اختیار کر لیتا ہے،اس جیل کے بننے کی وجہ سے دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا۔

کینسر کے خطرات میں کمی
بہت سی ٹیسٹ ٹیوب اور جانوروں پر ہونے والی طبی تحقیقات کی مدد سے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ سیب میں پائے جانے والے فائٹو نیوٹرینٹس پھیپھڑوں اور بڑی آنت کے کینسر کے خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔ایک طبی تحقیق کے مطابق جو لوگ ہر روز ایک سیب استعمال کرتے تھے ان میں کینسر کے خطرات میں کمی واقع ہوئی۔

معدے کے لئے مفید
زیادہ تر بیکٹیریا جسم کے لئے نقصان دہ ہوتے ہیں،تاہم معدے میں کچھ ایسے بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جو ہاضمہ کے نظام کو بہتر بناتے ہیں۔سیب میں ایک قسم کا فائبر پایا جاتا ہے جو معدے میں جا کر پری بائیوٹک کا کام کرتا ہے اور ان بیکٹیریا کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
دماغی صحت میں بہتری
عمر بڑھنے کی وجہ سے عام طور پر انسان دماغ کے مختلف مسائل کا شکار ہو جاتا ہے۔
سیب کا جوس اگر باقاعدگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو عمر بڑھنے کی وجہ سے دماغی تنزلی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔سیب کے استعمال دماغ کے ایسے ٹرانسمیٹرز تنزلی کا شکار نہیں ہوتے جن کی وجہ سے دماغی صحت برقرار رہتی ہے اور الزائمر کے خطرات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj