Strawberry Ke Woh Hairat Angez Fawaid Jo Aap Nahi Jante - Article No. 2822

Strawberry Ke Woh Hairat Angez Fawaid Jo Aap Nahi Jante

اسٹرابیری کے وہ حیرت انگیز فوائد جو آپ نہیں جانتے - تحریر نمبر 2822

اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کر کے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے

پیر 4 مارچ 2024

آمنہ غفار
کھٹی میٹھی اسٹرابیری بچوں اور بڑوں سب ہی کو پسند ہوتی ہیں، لیکن انسانی جسم اور صحت پر اس کے اثرات سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔دنیا بھر میں اسٹرابیریز کی 600 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ اس پھل کی بڑی تعداد میں پاکستان میں بھی افزائش ہوتی ہے جس میں سالہا سال اضافہ ہو رہا ہے۔ماہرین غذائیت کی جانب سے اسٹرابیری کو صحت کی ضمانت قرار دیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا استعمال میٹھی غذاؤں جیسے کے آئسکریم،ملک شیک اور دیگر مشروبات کا ذائقہ بڑھانے کے لئے کیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کر کے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس میں موجود مختلف ایسڈ کی خصوصیات اور فلیونوئڈز مل کر مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو کہ دل کے لئے مفید قرار دیئے جاتے ہیں، اسٹرابیری کا استعمال ایسے خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرتا ہے جو شریانوں میں خون کو گاڑھا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین کی جانب سے دل کی بیماریوں سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔


غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے،وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور بناتا ہے۔
کھٹی میٹھی اسٹرابیری نہ صرف کھانے میں مزیدار ہے بلکہ اس کا روزانہ استعمال انسان کو صحت مند بناتا ہے اور خون کی افزائش بڑھاتا ہے۔

اسٹرابیری کے استعمال سے نہ صرف انسان کی قوت مدافعت بڑھتی ہے بلکہ اسٹرابیری کا استعمال ہارٹ اٹیک کے خدشات کو بھی دور کرتا ہے۔اسٹرابیری کا استعمال خواتین کے جسم میں نسوانی ہارمون کی سطح بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین کے چہرے پر اضافی بالوں جیسی شکایت کا خاتمہ ہوتا ہے۔اسٹرابیری جوڑوں کے درد کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔اسٹرابیری کھانے سے کینسر جیسے مہلک بیماری سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔
اسٹرابیری کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے دوا کا کام کرتا ہے، تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں موجود اجزاء رگوں میں خون کی روانی کو کم کر کے متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اسٹرابیری جگر کے لئے بھی بہت مفید ہے، جگر کی کارکردگی سے متعلق شکایت جیسے کہ ہیپاٹائٹس میں خالی پیٹ 2 سے 3 کپ روزانہ اسٹرابیری جوس کا پینا جگر کو قوت دیتا ہے۔
اسٹرابیری کے استعمال سے پھیپڑوں کی نمی دور ہونے سے خشک کھانسی دور ہو جاتی ہے۔اسٹرابیری کھانے سے نظر بھی واضح اور صاف ہوتی ہے۔اسٹرابیری کولیسٹرول کے نقصانات سے محفوظ رکھتی ہے، یہ خون میں موجود کولیسٹرول کی سطح کم کر کے خون کو پتلا کرتی ہے۔اسٹرابیری تھکن کو دور کرتی ہے، فرحت بخش احساس جگاتی ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بھی کرتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj