Ek Neeli Chai Ki Garam Pyali - Article No. 2640

Ek Neeli Chai Ki Garam Pyali

ایک نیلی چائے کی گرم پیالی - تحریر نمبر 2640

یہ چائے ذہنی مشقت کرنے والوں کے لئے ایک تحفہ ہے

جمعرات 9 فروری 2023

نیلی چائے یا بلیو ٹی ایک بیل دار پودے کے پھولوں سے تیار کی جاتی ہے۔اس پودے کو لاطینی میں Clitoria Ternatea،بنگالی زبان میں اپراجتا اور عرفِ عام میں کوئل بوٹی کے نام سے جانا جاتا ہے۔اس پودے کو مٹر کی شکل میں پھلیاں لگتی ہیں،جب کہ پھول تتلی کی مانند نیلے رنگ کا ہوتا ہے،اس لئے اس کے پھولوں کو بٹرفلائی پی فلاور (Betterfly Pea Flower) بھی کہتے ہیں۔
بلیو ٹی جو کہ خالصتاً ہربل چائے ہے۔اپنے حیرت انگیز فوائد کی وجہ سے کئی ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے۔نیلی چائے تازہ اور خشک دونوں طرح کے پھولوں سے تیار کی جاتی ہے۔جدید تحقیق کے مطابق بلیو ٹی میں کیلشیم،میگنیشیم،پوٹاشیم،زنک (جست)،فولاد،اور سوڈیم پائے جاتے ہیں،جو انسانی صحت کے لئے ضروری ہیں۔نیز،اس میں کئی حیاتین (وٹامنز) اور مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) بھی پائے جاتے ہیں،جو ہمارے جسم کے لئے ازحد مفید ہیں۔

(جاری ہے)

نیلی چائے میں بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کے مخالف (Anti-Aging) خصوصیت بھی پائی جاتی ہے،جو ہماری جلد کو تروتازہ رکھتی ہے اور بڑھاپے کے اثرات ظاہر ہونے سے روکتی ہے۔بلیو ٹی ابتدائی ذیابیطس کا بھی موٴثر علاج ہے۔نیلی چائے کا روزانہ استعمال کولیسٹرول کی مقدار میں کمی لاتا ہے اور شریانیں صاف رکھتا ہے۔یہ موٹاپے کا بہترین علاج اور جگر پر چربی چڑھنے (Fatty Liver) سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
دن میں دو بار بلیو ٹی پینے سے بڑھا ہوا پیٹ کم ہو جاتا ہے۔بلیو ٹی جسم سے فاسد مادے خارج کرکے جلد کو صاف و شفاف بناتی ہے،جس سے کیل و مہاسے دُور ہونے میں مدد ملتی ہے۔بلیو ٹی کا استعمال بالوں کو گھنا اور مضبوط بناتا ہے،کیونکہ اس کے استعمال سے خون کی گردش بالوں کی جڑوں تک بھرپور عمل میں آتی ہے۔
یہ چائے ذہنی مشقت کرنے والوں کے لئے ایک تحفہ ہے۔
اس کا استعمال ڈپریشن یعنی ذہنی تناؤ ختم کرتے ہوئے مزاج کو خوشگوار بناتا ہے۔جسم سے تھکاوٹ دُور کرکے چستی پیدا کرتا ہے۔اس چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کینسر کے مرض میں بھی مفید ہیں۔Acetylcholine ایک کیمیائی مادہ ہے،جو کہ دماغ کے مواصلاتی نظام کے لئے نہایت اہم ہے،لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ اس کیمیائی مادے کی افزائش کم کر دیتا ہے۔جدید تحقیق سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بلیو ٹی فلاورز کی چائے کا استعمال مذکورہ کیمیائی مادے میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
بلیو ٹی کے استعمال سے قوتِ یادداشت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔اس کے فوائد کی وجہ سے بلیو ٹی کو انرجی ڈرنک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
نیلے پھولوں کی چائے بنانے کے لئے سب سے پہلے ایک پتیلی میں ایک کپ پانی لے کر اُبلنے کے لئے رکھ دیں،جب پانی اُبلنے لگے،تو اس میں بلیو پی فلاور کے سات یا آٹھ پھول تازہ یا خشک حالت میں ڈال کر اچھی طرح اُبلنے دیں۔
دو تین منٹ کے بعد جب خوب اچھی طرح اُبال آ جائے تو چولہا بند کرکے پانی چھان کر کپ میں اُنڈیل لیں۔اب اس میں ایک چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ شہد مکس کر لیں۔آخر میں چار پانچ قطرے لیموں کے رس کے شامل کر لیں۔لیموں کا رس شامل کرنے پر مشروب فوراً نیلے رنگ سے تبدیل ہو کر خوش نما جامنی رنگ میں بدل جائے گا۔لیجیے،مزے دار بلیو ٹی تیار ہے۔اسے گرما گرم نوش فرمائیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj