Ganna - Angint Fawaid Ka Hamil - Article No. 2643

Ganna - Angint Fawaid Ka Hamil

گنا ․․․ اَن گنت فوائد کا حامل - تحریر نمبر 2643

اس کے پودے کی اونچائی چھ سے بارہ فٹ تک اور تقریباً ہر آدھا فٹ پر گانٹھیں بنی ہوتی ہیں،جب کہ فصل تیار ہونے میں تقریباً پورا سال لگ جاتا ہے

منگل 14 فروری 2023

نور میاں خان
گنا دنیا کی سب سے زیادہ اُگائی جانے والی فصل ہے اور جن ممالک میں اس کی کاشت زیادہ کی جاتی ہے،اُن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ہمارے ملک میں گنے کی کاشت جنوری اور فروری میں ہوتی ہے۔اس کے پودے کی اونچائی چھ سے بارہ فٹ تک اور تقریباً ہر آدھا فٹ پر گانٹھیں بنی ہوتی ہیں،جب کہ فصل تیار ہونے میں تقریباً پورا سال لگ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق گنے کے رس میں پروٹین،چکنائی،کاربوہائیڈریٹ،کیلشیم،فاسفورس اور لوہے کی وافر مقدار شامل ہوتی ہے۔اس کا رس دل کے امراض سے محفوظ رکھتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح بڑھنے نہیں دیتا،جب کہ گردوں اور جگر کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔گنا قدرتی طور پر جگر اور گردے کی صفائی کرکے ان کے افعال کی استعداد بڑھا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

گنے کو پہلے بیلے میں ڈال کر رس نکالا جاتا ہے،پھر اس سے گُڑ یا چینی تیار کی جاتی ہے۔

اگر وہ افراد،جنہیں بھوک کم لگتی ہے،وہ 25 گرام گنے کا رس،6 گرام ادرک کا رس،ایک گرام لیموں کا رس،کالا نمک اور بُھنا ہوا زیرہ مناسب مقدار میں مکس کر کے پی لیں،تو بھوک کُھل کر لگے گی۔زیادہ پیاس لگنے والے افراد کو بھی گنے کا رس استعمال کرنا چاہیے۔
اس کے استعمال سے پیشاب کی بندش اور جلن ختم ہو جاتی ہے۔جب کہ انار اور گنے کا رس ملا کر پینے سے خونی دست رُک جاتے ہیں۔
اگر شہد میں گنے کا رس ملا کر پیا جائے،تو قے رُک جاتی ہے۔محنت کش طبقے کے لئے تو گنا بہت ہی اچھی خوراک ہے کہ اس میں کیلوریز کی زائد مقدار پائی جاتی ہے،جو توانائی میں اضافے کا موجب بنتی ہے۔گُڑ پیٹ کو صاف کرنے،بلغم،کھانسی،دمے اور سینے کے درد میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے،جب کہ وہ بچے،جو ہڈیوں کی کمزوری،دانتوں کے نقائص کا شکار ہیں،ان کے لئے بھی گُڑ کا استعمال فائدہ مند ہے۔نیز،جن بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہوں،اگر انہیں گُڑ میں پلاس (ڈھاک) کے بیج مناسب مقدار میں ملا کر کھلائے جائیں،تو کیڑے مر جاتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj