Piyaz - Mufeed Sehat Sabzi - Article No. 1680

Piyaz - Mufeed Sehat Sabzi

پیاز-مفید صحت سبزی - تحریر نمبر 1680

پیاز ایک عام سبزی ہے،جو ہر سالن کی زینت بنتی ہے ۔کوئی سالن اس کے بغیر مزہ نہیں دیتا۔

پیر 23 ستمبر 2019

پیاز ایک عام سبزی ہے،جو ہر سالن کی زینت بنتی ہے ۔کوئی سالن اس کے بغیر مزہ نہیں دیتا۔سر کہ ملا کر اس کا اچار بھی بنایا جاتا ہے اور چٹنی بھی تیار کی جاتی ہے ۔شہروں میں اگر پیاز بطور سلاد کھاتے ہیں تو دیہات میں روٹی پیاز بڑی رغبت کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔موسیقی کے شائق اسے اپنی آواز کو سُر یلا بنانے کے لیے ایک زمانے سے کھاتے چلے آرہے ہیں۔
روم کا بادشاہ نیروبھی روزانہ پیاز کھایا کرتا تھا،تاکہ اس کی آواز خوب صورت ہو جائے۔پیازمیں نشائستہ(کاربوہائیڈریٹ)،پروٹین(لحمیہ)، نمکیات،فاسفورس اور حیاتین ب اور”ہ“(وٹامنز بی اور ای )ہوتے ہیں۔
پیاز بطور دوا
پیاز ایک بہترین دافع جراثیم سبزی ہے۔جزائر غرب الہند(ویسٹ انڈیز)میں آج بھی مریض کا کمرا تعدیے(انفیکشن)سے پاک کرنے اورجراثیم کو ختم کرنے کے لیے ہر روز پیاز چھیل کر کمرے میں پھیلا دی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

زمانہ وسطی کے معالج مریض کے پاس جانے سے پہلے ہاتھوں میں پیاز پکڑ لیا کرتے تھے یا پیاز کا پانی ہاتھوں پر مل لیا کرتے تھے،اس سے وہ مریض سے تعدیے اور مرض کے جراثیم سے محفوظ رہتے تھے۔بچھو اور بھڑ کے کاٹنے پر پیاز کا پانی لگادینے سے ان کے زہر کا اثر ختم ہوجاتا ہے اور درد بھی نہیں رہتا۔
پیاز معدے کو طاقت دیتی ہے ۔پیاز سے بھوک بھی کھلتی ہے۔
بدن پر سیاہ داغ ہوں تو ان پر پیاز کا عرق لگاتے رہنے سے یہ سیاہ داغ ختم ہو جاتے ہیں۔
پیاز کا 25گرام پانی صبح سویرے نہار منھ پینے سے گردے اور مثانے کی پتھری ریزہ ریزہ ہو کر خارج ہو جاتی ہے۔پیاز چھیل اور دھو کر اس پر نمک چھڑک کر کھانے سے ہچکی رک جاتی ہے۔اگر کئی روز سے ہچکی آرہی ہوتو چند روز پیاز کھانے سے بھی ہچکی بند ہو جاتی ہے۔پیاز کان کے امراض کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔
اس کے عرق کے دوتین قطرے کان میں ٹپکانے سے اونچا سننے کی شکایت ختم ہو جاتی ہے۔پیاز کا عرق کان میں ڈالنے سے میل نکل کر کان صاف ہو جاتے ہیں ۔پیاز کو پیس کر سر پر اس کا لیپ کرنے سے سیاہ بال اُگنا شروع ہو جاتے ہیں۔
سفید پیاز حسب ضرورت لیں اور اسے خشک کرلیں۔پھر اس خشک پیاز کو خوب کوٹ کر اس کا سفوف بنالیں اور کسی شیشی میں احتیاط سے رکھ لیں۔
گھر میں کسی کو دست یا پیچش کی شکایت ہو گئی ہوتو متاثرہ فرد کو نصف پیالی دہی میں چھے گرام یہ سفوف ملا کر کھلادیں۔اگر اسہال میں شدت ہوتو ایک گھنٹے بعد ایک اور خوراک دیں۔پیاز کا اچار کھانے سے ریاح کی شکایت جاتی رہتی ہے۔پیاز کچل کر زخم پر باندھنے سے زخم کو آرام آجاتاہے۔پیاز کو آگ پر بھون کر چھلکا اتار کر اسے گھر میں بریاں کرلیں۔یہ گرم گرم پیاز بواسیر کے مسّوں پر باندھنے سے مسّے ختم ہو جائیں گے اور درد کو فوری آرام آجائے گا۔
اسی طرح بھنی ہوئی پیاز پھوڑوں پر باندھنے سے درد اور سوجن ختم ہو جاتی ہے اور پھوڑے پھٹ جاتے ہیں۔
اگر سر میں جوئیں ہو جائیں تو پیاز کا عرق سر پر ملنے سے جوئیں مر جاتی ہیں۔مرگی کے مریض کی ناک میں پیاز کے عرق کے چند قطرے ڈالنے سے اسے ہوش آجائے گا۔پیاز کا عرق ایک دو قطرے ناک میں ٹپکانے سے جاری نکسیر بند ہو جاتی ہے۔اگر پیٹ میں ریاحی درد شروع ہو جائے تو پیاز کو آگ پر بھون کر اس کا گر م عرق پلانے سے درد ختم ہو جاتا ہے۔
خارش میں پیاز کا عرق جلد پر ملنے سے خارش دور ہو جاتی ہے۔پیاز اور کریلے کا عرق ہم وزن ملا کر ہیضے کے مریض کو دینے سے اسہال بند ہو جاتے ہیں۔
نوشادر اور پیاز کا عرق ہم وزن لے کر نوشادر کو عرق میں رگڑیں کہ دونوں یک جا ہو جائیں۔اسے شیشی میں بھر کرمحفوظ کرلیں۔بچھوکے کاٹنے کاموٴثر علاج ہے ۔اس کے چند قطرے متاثرہ مقام پر لگانے سے درد اور زہر کا اثر ختم ہو جاتا ہے۔
چند کالی مرچیں اور 25گرام پیاز لے کر ،پیس کر اس کی لگدی بنالیں۔پھر اس میں پانی شامل کرکے ہیضے کے مریض کو 50۔50گرام پلاتے رہنے سے گھبراہٹ اور قے کی کیفیت ختم ہو جاتی ہے اور چند خوراکیں کھانے سے مریض صحت یاب ہو جاتاہے۔
احتیاط
پیاز کو سر کے میں ملا کر کھانا زیادہ مفید ہے ۔رات کو کھانے میں بطور سلاد کچی پیاز نہیں کھانی چاہیے،البتہ موسم برسات میں اسے زیادہ کھانا چاہیے،اس طرح موسمی بیماریاں قریب نہیں آئیں گی۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj