Sabz Elaichi Ke Bemisal Fawaid - Article No. 2371

Sabz Elaichi Ke Bemisal Fawaid

سبز الائچی کے بے مثل فوائد - تحریر نمبر 2371

اس کی مہکتی ہوئی خوشبو ناصرف ماحول اور آپ کی شخصیت کو خوشگوار بناتی ہے بلکہ آپ کی اور پورے گھر بھر کی صحت کے لئے بہت مفید ہے

جمعہ 11 فروری 2022

آمنہ ماہم
سلیقے سے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
آج ہم ایک ایسی چیز کے بارے میں جانیں گے جو بولی نہیں جاتی بلکہ کھائی جاتی ہے اور اس کی مہکتی ہوئی خوشبو ناصرف ماحول اور آپ کی شخصیت کو خوشگوار بناتی ہے بلکہ آپ کی اور پورے گھر بھر کی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔
ہم بات کر رہے ہیں الائچی کی جس کو مصالحوں کی ملکہ بھی کہا جاتا ہے۔اور کیوں کہا جاتا ہے یہ آپ آج جان جائیں گے۔
تاریخ میں پانچ ہزار سال پہلے تک یونان اور مصر کی تہذیبوں میں الائچی کے بطور دوا کے استعمال کا تذکرہ ملتا ہے اور آج جدید سائنسی تحقیق نے بھی صحت کے حوالے سے اس کی افادیت کو ثابت کر دیا ہے۔
الائچی دو طرح کی ہوتی ہے،چھوٹی یا سبز الائچی اور بڑی الائچی جسے کالی الائچی بھی کہتے ہیں۔

(جاری ہے)


سائنسی تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سبز یا ہری الائچی کے باقاعدگی سے استعمال کے آپ کی صحت پر بہت ہی زبردست اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ یہ وٹامنز،اینٹی آکسیڈنٹس،منرلز اور دوسرے فائدہ مند غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے۔اس میں موجود تیل میں کم از کم چھبیس ایسے اجزاء معلوم کیے جا چکے ہیں جو نہ صرف آپ کا وزن کم کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ پیٹ کے درد،گیس،ہاضمے کے مسائل جیسے تیزابیت،ڈائریا،پیٹ کے کیڑوں،پیشاب کی بیماریوں جیسے گردے کی پتھری،مسوڑھوں اور دانتوں کے انفیکشن،سانس کی بدبو وغیرہ میں بھی بے حد مفید ہیں۔

آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہو گی ایک اسٹڈی یعنی تحقیق کے مطابق سبز الائچی کا باقاعدہ استعمال کینسر کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔اسی طرح الائچی دل اور جگر کیلئے بھی ایک ٹانک کا کام دیتی ہے اور شوگر یعنی ذیابیطس اور خون میں چکنائی کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سبز الائچی کو استعمال کتنا اور کیسے کیا جائے۔
اس کے دو طریقے ہیں۔
پہلا طریقہ تو یہ ہے کہ آپ الائچی کو اپنی روزمرہ کی خوراک کا حصہ بنا لیں۔یعنی سلاد یا جو بھی کھانا آپ کھائیں یا جب بھی چائے پئیں،اس میں الائچی کو شامل کریں۔
دوسرا طریقہ جو زیادہ بہتر اور آزمودہ ہے وہ یہ کہ آپ اس کو ثابت حالت میں یا پسے ہوئے پاؤڈر کے طور پر استعمال کریں۔عام طور پر پانچ سو ملی گرام پاؤڈر یا ایک گرام ثابت سبز الائچی آپ روزانہ کھا سکتے ہیں یا پھانک سکتے ہیں۔یعنی ایک چوتھائی چائے کا چمچ پسی ہوئی سبز الائچی روزانہ۔یہ تقریباً تین سے چار سبز الائچیاں بنتی ہیں جن کو آپ دو،دو کرکے صبح اور رات کے کھانے کے بعد استعمال کر سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj