Sangtara - Article No. 2389

Sangtara

سنگترہ - تحریر نمبر 2389

وٹامن سی کا یہ خزانہ،کئی بیماریوں میں مفید ہے

ہفتہ 5 مارچ 2022

سنگترہ ایک لذیذ پھل ہے جس میں کئی امراض کا علاج بھی ہے۔سنگترے میں سٹرک ایسڈ اور وٹامن سی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔کچا سنگترہ کھٹا ہوتا ہے لیکن جیسے جیسے پکتا جاتا ہے اس میں ترشی کم اور شرینی زیادہ ہو جاتی ہے۔فوائد کے اعتبار سے سنگترہ ایک مفید پھل ہے۔ دمہ،زکام،پرانی کھانسی اور دیگر بلغمی امراض میں جب بلغم کا اخراج مشکل ہو تو ایسی صورت میں سنگترے کے جوس میں ایک چمچ شہد اور چٹکی بھر نمک ملا کر پینے سے فائدہ ہوتا ہے۔
کوئی پھل یا سبزی جس موسم میں آئے وہ اس موسم کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھنے کا ذریعہ بنتی ہے۔موسم سرما میں آنے والے سنگترے کے چند فائدے درج ذیل ہیں۔
اینٹی ایجنگ فروٹ
روزانہ سنگترے کھانے سے انسان ناصرف صحت مند رہتا ہے بلکہ بڑھتی عمر کے اثرات سے بھی محفوظ رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)


بخار سے نجات
بخار میں سنگترے (Orange) کا رس ایک عمدہ غذا ہے۔

ٹائیفائیڈ،تپ دق اور خسرہ سے ہونے والے بخاروں میں بھی یہ ایک بہترین غذا ہے۔یہ توانائی مہیا کرکے انفیکشن کے خلاف قوت مدافعت بڑھا کر صحت بحال کرنے کا عمل تیز کرتا ہے۔
ہڈیوں اور دانتوں کے لئے
دانتوں کے مسائل زیادہ تر کیلشیم اور وٹامن سی کی کمی سے ہوتے ہیں۔کیلشیم اور وٹامن سی کا ایک عمدہ ذریعہ ہونے کے باعث یہ پھل دانتوں اور ہڈیوں کی بیماریوں کے لئے مفید بتایا جاتا ہے۔

بچوں کے لئے
بچوں کی اچھی افزائش کے لئے نارنجی کا جوس ایک عمدہ غذا بھی ہے۔
دل کے مریضوں کے لئے
سنگترے (Orange) کا جوس دل کی بیماریوں میں مفید ہے۔اس جوس میں چینی کے بجائے خالص شہد استعمال کرنا چاہیے۔جب صرف سیال غذا ہی دینی ہو ایسی صورت میں یہ جوس ایک محفوظ اور توانائی بخش غذا کا کام کرتا ہے۔

قبض کے لئے
سونے سے پہلے اور صبح ایک یا دو سنگترے کھانا آنتوں کے فعل کو بہتر بناتا ہے۔سنگترے کی تاثیر نظام اخراج میں مدد کرتی ہے۔بڑی آنت میں فضلہ جمع ہونے سے روکتی ہے۔
جلد کی خوبصورتی
سنگترے اور اس کے چھلکے جلد کے لئے مفید ہیں۔سنگترے کھانے کے بعد اس کے چھلکے سکھا کر پیس کر رکھ لیے جائیں تو پورا سال چہرے کو شاداب رکھنے کا اہتمام ہو سکتا ہے۔
سنگترے کے چھلکے پسے ہوئے دو چمچ،جو اور چاول کا آٹا دو دو چمچ ملا کر عرق گلاب یا نارمل پانی سے پیسٹ بنا کر چہرے پر لگانے سے چہرے کی جلد نرم و ملائم اور چمکدار ہو جاتی ہے۔
لذیذ سنگترے کا رس
سنگتروں کا چھلکا دور کرکے ان کو دو حصوں میں کاٹ لیں تمام بیج نکال لیں۔اس گودے کو کھانڈ (دیسی چینی) کے لذیذ برف ملے گاڑھے شربت میں ملا کر چند گھنٹے رہنے دیں۔
اب یہ سنگترہ کھا کر اوپر سے رس پئیں۔یہ ایک فرحت بخش و طاقتور غذا ہے۔سنگترے کے چند مزید مفید فوائد درج ذیل ہیں۔
وہ افراد جنہیں بھوک نہیں لگتی وہ سنگترے کی پھانک پر پسی ہوئی سونٹھ،کالی مرچ اور تھوڑا سا نمک چھڑک کر استعمال کریں۔
خوب پکے ہوئے سنگترے کھانے سے کھانسی میں آرام ملتا ہے۔
سنگترے کے رس میں شہد ملا کر پینے سے بچوں کی کمزوری دور ہوتی ہے اور وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔

چہرے کے کیل مہاسوں کے لئے سنگترے کے چھلکے خشک کرکے انہیں پیس کر تھوڑے سے پانی میں ملا کر لیپ کرنے سے کیل مہاسے اور داغ دھبے دور ہونے لگتے ہیں۔
ٹائیفائیڈ کے دوران مالٹے،سنگترے یا کینو کا جوس پینا مفید بتایا جاتا ہے۔
سنگترہ دل اور معدے کو طاقت پہنچاتا ہے۔بخار،گرمی،قے اور متلی میں مفید ہے۔
سنگترہ جگر،تلی اور بخار کے مریضوں کے لئے مفید ہے۔
سنگترے کے رس میں مصری ملا کر پینا کھانسی میں مفید ہے۔
سنگترہ دماغی کام کرنے والوں کے لئے ایک مفید پھل ہے۔
پیشاب کی رکاوٹ اور جلن کی صورت میں سنگترے کا رس مفید ہے۔
دانتوں کے امراض،مسوڑھوں کا پھولنا اور مسوڑھوں سے پیپ آنے کی صورت میں سنگترہ مفید ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj