Sangtra - Article No. 2364

Sangtra

سنگترہ - تحریر نمبر 2364

ایک لذیذ اور مفید پھل

جمعرات 3 فروری 2022

آمنہ ماہم
سردی کے موسم کی آمد بہت سی ہر دل عزیز سوغات کے ساتھ ہوتی ہے۔خشک میوہ جات اور رسیلے پھلوں کا یہ موسم کچھ ہی عرصے کا مہمان ہوتا ہے۔اس موسم کے پھلوں میں سنگترہ بھی شامل ہے جو کہ خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے فوائد کا بھی حامل ہے۔اس پھل میں موجود وٹامن سی آپ کو سرد موسم کی سختی سے بھی بچاتی ہے اور آپ کی صحت کی حفاظت بھی کرتی ہے۔
یہ ایک موسمی پھل ہے اسے موسم سرما کی سوغات کہا جاتا ہے اس کا تعلق Citrus خاندان سے ہوتا ہے۔جہاں مالٹا،سنگترہ،گرے فروٹ،مٹھا اور کاغذی رہتے ہیں۔سنگترہ کو وٹامن سی کا گودام کہا جاتا ہے۔100 گرام سنگترہ میں 11.75 گرام کاربوہائیڈریٹ،9.35 گرام شوگر،2.4 گرام فائبر،0.12 گرام فیٹ،0.94 گرام پروٹین،وٹامن 53 ملی گرام کے علاوہ وٹامن اے،بی،ای، میگنیشیئم،فاسفورس،کیلشیم،آئرن اور زنک بھی کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سنگترہ نہ صرف خوشنما بلکہ خوش ذائقہ پھل بھی ہے۔سنگترہ کو بطور غذا دوسرے پھلوں کی طرح کھایا جاتا ہے۔اس کا جوس بھی کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے چھلکے کو بہت سی بیماری کے علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے چھلکوں سے تیل بھی نکالا جاتا ہے جو بطور خوشبو استعمال ہوتا ہے۔سنگترے کے مارملیڈ کو بچے اور بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔اس کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔

سنگترے کے مسلسل استعمال سے ذہن اور حافظ قوی ہوتا ہے بینائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
اس کے استعمال سے زہریلا مادہ خارج ہو جاتا ہے اور جسم اعتدال میں آتا ہے۔
سنگترہ کثرت سے استعمال کرنے سے چہرہ صاف ہو جاتا ہے اس پر داغ دھبے اور چھائیاں پیدا نہیں ہوتیں۔
سنگترہ تیز بخار کے بعد کمزوری کو دور کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسے کمزور سے کمزور مریض کی غذا میں شامل کر لیا جاتا ہے۔

یہ زود ہضم ہے سنگترہ خوب پکا ہوا اور میٹھا ہو جتنا زیادہ میٹھا ہو گا اتنی ہی اس میں غذائی افادیت ہو گی۔
اس میں وٹامن اے،بی،سی اور ای کافی مقدار میں ہوتا ہے۔قلب کی کمزوری دور کرنے کے لئے سنگترہ مفید ہے۔
معدے کے افعال کیلئے ذہنی اور تخلیقی کام کرنے والے افراد کیلئے سنگترہ قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔
اس کا مزاج سرد تر ہے اس لئے گرم مزاج کے لوگوں کیلئے بہت مفید ہے یہ جلد ہضم ہو جاتا ہے اور بھوک بھی خوب لگاتا ہے۔

اس کا شربت پیاس کی تسکین کرتا ہے اور قوت قلب کے لئے مفید ہے۔
اس کے رس میں وٹامن سی اور کیلشیم وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو انسانی توانائی اور نشوونما کے لئے ضروری ہیں۔
اس کے علاوہ وٹامن اے،بی اور ڈی بھی سنگترے میں پائے جاتے ہیں۔
ثقیل خوراک کھانے کے بعد سنگترہ مفید ہے۔
اس کے استعمال سے وبائی بیماریاں قریب نہیں آتیں۔
سنگترہ کا استعمال قدرتی ٹانک ہے اور اسے طاقت بخش مشروب کے طور پر پینا چاہیے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj