Sardiyon Ki Sehat Bakhsh Sabziyan Aur Phal - Article No. 2607

Sardiyon Ki Sehat Bakhsh Sabziyan Aur Phal

سردیوں کی صحت بخش سبزیاں اور پھل - تحریر نمبر 2607

پھلوں اور سبزیوں کو کچا بھی کھایا جاتا ہے اور پکا کر بھی

پیر 26 دسمبر 2022

آفرین اعجاز
اللہ تعالیٰ نے ہر موسم کے لحاظ سے ہمارے لئے پھل اور سبزیاں پیدا کی ہیں۔پھل اور سبزیاں صحت کے لئے بہت مفید ہوتی ہیں۔پھلوں اور سبزیوں کو کچا بھی کھایا جاتا ہے اور پکا کر بھی۔یہ دونوں صورتوں میں آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ان میں معدنیات (منرلز) اور حیاتین (وٹامنز) کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔
پھل اور سبزیوں میں ایسے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں،جن کی ہمارے جسم کو اشد ضرورت ہوتی ہے۔یہ ہمارے جسم کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پھل اور سبزیاں ہمیں بہت سی بیماریوں سے دور رکھتے ہیں۔ذیل میں جاڑوں میں بہ آسانی دستیاب ہونے والے پھلوں اور سبزیوں کے فوائد درج کیے جا رہے ہیں:
گاجر
گاجر ایسی سبزی ہے،جس میں سب سبزیوں سے زیادہ غذائیت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

گاجر بینائی تیز کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتی،بلکہ اس کے کئی طبی فوائد بھی ہیں۔گاجر کا رس روزانہ پینے سے ناخن،بال،دانت اور ہڈیوں کو بہت فائدہ پہنچتا ہے۔گاجر میں حیاتین الف،ب اور ھ (وٹامنز اے،بی اور ای) سمیت کئی ایسے قدرتی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں،جو صحت کے لئے انتہائی مفید ہیں۔گاجر کا مربہ دل اور دماغ کو طاقت دینے میں لاجواب ہے۔
یہ جسمانی کمزوری کو بھی دور کر دیتا ہے۔کھانسی اور سینے کے درد سے نجات پانے کے لئے گاجر بے حد مفید سبزی ہے۔
بند گوبھی
بند گوبھی مشہور اور پسندیدہ سبزیوں میں شمار کی جاتی ہے۔یہ بادی ہوتی ہے،لیکن گھی اور گرم مسالے کی آمیزش سے اس کا بادی پن ختم ہو جاتا ہے۔اس میں نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ)،لحمیات (پروٹینز) اور حیاتین الف جیسے مفید صحت اجزاء پائے جاتے ہیں۔
جگر اور معدے کے لئے یہ بہت مفید سبزی ہے۔اس میں غذائیت قدرے کم ہوتی ہے،مگر صحت بخش سبزی ہے۔یہ بلغم کو بننے سے روکتی ہے اور مسوڑوں کے لئے بہترین سمجھی جاتی ہے۔لوگ اسے سلاد کے طور پر کچا بھی کھاتے ہیں اور پکا کر بھی۔
پالک
پالک دنیا بھر میں پایا جانے والا وہ ساگ ہے،جو کثرت سے کھایا جاتا ہے۔اس میں حیاتین اے،بی اور سی (ج) کے علاوہ تانبا اور فولاد بھی کافی مقدار میں ہوتا ہے۔
دیگر سبزیوں کے مقابلے میں یہ ساگ بہت جلد ہضم ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ معدے میں سوزش اور جلن کی شکایت کو بھی دور کرتا ہے۔گلے کا درد دور کرنے کے لئے اس کے پتوں کو اُبال کر ان سے غرارے کرنا بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔بخار میں مبتلا لوگ اسے بلا جھجک کھا سکتے ہیں۔یہ بخار اور نزلہ زکام دور کرنے کے لئے بہت عمدہ غذا ہے۔
چقندر
چقندر ہماری صحت اچھی کرنے کے ساتھ خوبصورتی بڑھانے کا بھی ضامن ہے۔
چقندر ایک فائدہ مند سبزی ہے۔اس میں حیاتین الف اور ج کے علاوہ فولاد بھی پایا جاتا ہے۔چقندر بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے۔یہ سرطان سے بچاتا ہے،قبض دور کرتا ہے،نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے،خون کو فاسد مواد سے پاک کرتا ہے،کولیسٹرول کو کم کرتا ہے،جلد کو جوان اور تروتازہ رکھتا ہے،یادداشت کو تیز کرتا ہے اور چکنائی کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
قدرت نے ہمیں بے شمار پھلوں کی نعمت سے نوازا ہے،جن میں غذائیت اور بہت سی بیماریوں کا علاج چھپا ہوا ہے،لہٰذا ان پھلوں کا کھانا ہماری صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔اگر روزانہ کی بنیاد پر پھلوں کو اپنی غذا کا حصہ بنا لیں تو یقینا ہم بے شمار بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔
سنگھاڑا
سنگھاڑے سردیاں شروع ہوتے ہی بازاروں میں نظر آنے لگتے ہیں۔
سنگھاڑا پودے کی جڑوں میں اُگتا ہے۔آلو کی فصل کی طرح اس کی سبز رنگ کی ٹہنیوں پر پتے نہیں اُگتے۔اس کے اندر کا گودا سفید رنگ کا ہوتا ہے،جسے عام طور پر کچا یا اُبال کر کھایا جاتا ہے۔سنگھاڑے میں نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ) بہت زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔اس میں لحمیات،حیاتین ب اور پوٹاشیم بھی کافی مقدار میں ہوتے ہیں۔سنگھاڑا بھوک بڑھاتا ہے۔
یہ دبلے پتلے افراد کو موٹا کرتا ہے،تلی کی کمزوری کو دور کرتا ہے،جسم میں خون کی روانی کو بہتر بناتا ہے اور گردے کی پتھری کو ختم کرنے کے لئے تیز کام کرتا ہے۔سنگھاڑا زخموں سے خون بہنے کو روکتا ہے۔اسے اندرونی اور بیرونی طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔بیرونی طور پر اس کا سفوف زخموں پر چھڑکا جاتا ہے،جس سے زخم جلد مندمل ہو جاتے ہیں۔

انار
قدرت نے ہر پھل میں کچھ نہ کچھ فوائد پوشیدہ رکھے ہیں۔انار کو اللہ تعالیٰ نے دلکش رنگوں سے سرفراز کیا ہے۔انار نہایت خوش ذائقہ اور رسیلا پھل ہے۔اس میں حیاتین ج بہ کثرت پائی جاتی ہے،اس لئے یہ جلدی امراض کے لئے ایک قدرتی علاج ہے۔اس کا رس پیاس بجھاتا ہے اور توانائی کو قائم رکھتا ہے۔انار کے دانوں کو بیج سمیت کھانے سے معدہ صاف رہتا ہے۔
یہ بالوں کی افزائش میں مدد دیتا ہے اور بدن کو فربہ کرتا ہے۔انار ہضم کے نظام کو درست رکھنے میں مدد دیتا ہے۔یہ بصارت،جگر اور قلب کے لئے بہت توانائی بخش پھل ہے۔خشک کھانسی ختم کرنے میں میٹھا انار بہت مفید ہے۔انار قدرے قابض ہوتا ہے۔کھٹا انار نہ صرف بلغم خارج کرتا ہے،بلکہ پیشاب کی جلن اور دل کی بے چینی کو بھی دور کرتا ہے۔
سیب
پھلوں میں سیب کو سب سے زیادہ صحت و توانائی بخش اور لذیذ ترین پھل کہا جاتا ہے۔
سیب ایک خوش ذائقہ،خوش رنگ اور خوش شکل پھل ہے۔یہ اپنی غذائیت کے لحاظ سے سب پھلوں میں سب سے مقبول ہے۔بچے،بوڑھے،جوان،بیمار اور تندرست سب ہی اسے رغبت سے کھاتے ہیں۔سیب معدے میں پہنچ کر پیپسن (Pepsin) نامی جزو کے فعل کو تیز کرتا ہے،جس سے ہاضمے میں مدد ملتی ہے،بھوک خوب لگتی ہے اور جگر کا فعل بھی فعال ہو جاتا ہے۔سیب کھانے سے جسم میں چستی اور عمل کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔
اسے فاسفورس کا قدرتی خزانہ کہا جاتا ہے۔سیب کے چھلکوں میں حیاتین ج بہت زیادہ ہوتی ہے،اس لئے سیب کا چھلکا ضائع نہیں کرنا چاہیے،بلکہ اسے چھلکے سمیت کھانا چاہیے۔قے کی کیفیت میں سیب کا پانی نچوڑ کر قدرے نمک ملا کر پلائیں تو فوراً قے آنا بند ہو جاتی ہے۔بچوں کے پیٹ کے کیڑوں سے نجات کے لئے رات کو سوتے وقت اگر انھیں ایک سیب کھلا دیا جائے اور اس کے بعد پانی ہر گز نہ پلایا جائے،تو بہت فائدہ ہوتا ہے۔

کیلا
حیاتین کے لحاظ سے کیلا مفید ترین پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے،کیونکہ اس میں حیاتین الف،ب اور ھ ہوتی ہیں۔اسہال اور پیچش کے خاتمے کے لئے پختہ کیلے میں املی کا گودا اور شکر ملا کر کھلایا جاتا ہے،جس سے فائدہ ہوتا ہے۔حلق کی خراش،خشک کھانسی اور مثانے کی خراشوں کو دور کرنے کے لئے کیلا بہت مفید پھل ہے۔کچا کیلا ذیابیطس میں بھی فائدہ دیتا ہے۔
دل کے درد میں دو عدد پختہ کیلوں میں ایک تولہ شہد ملا کر کھانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔مثانے کی کمزوری دور کرنے میں کیلا کھانا مفید ہے۔اس کے علاوہ کیلے میں شامل حیاتین ب ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔کیلا روزانہ کھانے سے نہ صرف یہ دل کے درد سے بچاتا ہے،بلکہ ہڈیوں کی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔کیلا جسم میں خون کی کمی نہیں ہونے دیتا ہے،کیونکہ یہ فولاد سے بھرپور ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj