Sunehra Doodh - Sehat Bakhsh Tonic - Article No. 2645

Sunehra Doodh - Sehat Bakhsh Tonic

سنہرا دودھ ․․․ صحت بخش ٹانک - تحریر نمبر 2645

سنہرا دودھ دراصل ہلدی ملے دودھ کو کہا جاتا ہے،جسے برصغیر پاک و ہند کے لوگ صدیوں سے استعمال کرتے چلے آ رہے ہیں

جمعرات 16 فروری 2023

شمشیر حیدر
سنہرا دودھ دراصل ہلدی ملے دودھ کو کہا جاتا ہے،جسے برصغیر پاک و ہند کے لوگ صدیوں سے استعمال کرتے چلے آ رہے ہیں۔بھارت،پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے جنوبی ایشیائی ممالک میں اندرونی چوٹ اور جسمانی درد کی صورت میں ہلدی ملے دودھ کا پینا عام بات ہے،لیکن اب اس قدیمی نسخے کا استعمال جرمنی اور دیگر یورپی ممالک میں بھی بڑھ رہا ہے۔
اس کے اجزاء شفا بخش قوتوں کے حامل اور انسانی مدافعتی نظام کے لئے بھی مفید ہیں اور اگر آپ اسے اپنی پسند کے مطابق تیار کر لیں،تو یہ لذیذ بھی ہوتا ہے۔
سنہرے دودھ کے اجزاء اور خصوصیات
اس مشروب کی تیاری کے لئے پہلی چیز حلال ممالیہ جانوروں کا دودھ ہے،لیکن اگر آپ سبزی خور (Vegetarian) یا گوشت،دودھ اور جانوروں سے حاصل کی گئی کسی بھی قسم کی مصنوعات استعمال کرتے ہیں،تو اس صورت میں آپ سویا،بادام یا ناریل سے بنایا گیا دودھ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہلدی دودھ کو نہ صرف سنہرا رنگ دیتی ہے،بلکہ اس کی افادیت بھی کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔ماہرین کے مطابق اس میں ایسا مانع تکسید جزو (اینٹی آکسیڈینٹ) پایا جاتا ہے،جو سوزش ختم کرتا ہے۔علاوہ ازیں،ہلدی نظامِ ہضم بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔اگر سنہرے دودھ میں ہلدی کے ساتھ ادرک اور دار چینی بھی شامل کر لی جائے،تو امراضِ قلب لاحق ہونے کے امکانات معدوم ہو جاتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق انسانی نظامِ ہضم بہتر بنانے میں ادرک خاصی معاون ثابت ہوتی ہے۔ادرک میں پائے جانے والے مادے کی دافع انسدادِ سوزش خاصیت بھی مسلمہ ہے،جو پٹھوں کا درد ختم کرنے کے لئے بہت کارگر ہے۔نیز،ادرک کا استعمال بلند فشارِ خون میں بھی کمی لاتا ہے۔سنہرے دودھ کی تیاری کے لئے دودھ 300 ملی لیٹر،ہلدی (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ،شہد ایک چائے کا چمچ،دار چینی ایک ٹکڑا،ادرک کا پانی ایک چائے کا چمچ،کالی مرچ حسب ذائقہ،ناریل کا تیل ایک چائے کا چمچ درکار ہے۔
اس کے بعد ایک پتیلی میں دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔جب ایک اُبال آ جائے،تو اس میں تمام اجزاء ایک ایک کر کے ڈالتے جائیں اور ساتھ ساتھ چمچ بھی چلاتے رہیں۔جب دودھ میں تمام اجزاء اچھی طرح مکس ہو جائیں،تو چھان کر گلاس میں انڈیل لیں۔لیجیے،صحت بخش اور لذیذ سنہرا دودھ تیار ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj