Til - Mufeed Roghni Beej - Article No. 2361

Til - Mufeed Roghni Beej

تل ․․․ مفید روغنی بیج - تحریر نمبر 2361

یہ گوشت کا نعم البدل بھی ہے

ہفتہ 29 جنوری 2022

آپ نے تل کے لڈو خاص اس موسم سرما میں فروخت ہوتے دیکھے ہوں گے۔تل والے نان تو گرمیوں میں بھی کھائے ہوں گے خاص کر نہاری،قورمے اور کنا گوشت کے ساتھ یہ لوازمات بھرپور ذائقے دیتے ہیں۔
تل ایک روغنی بیج ہے جو ایشیائی ملکوں میں غذائیت کے حصول کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔تل کی تین قسمیں ہیں سفید،کالا اور سرخ، ہمارے یہاں سیاہ تل بھی خوب پسند کئے جاتے ہیں۔
تل میں وٹامنز کے علاوہ معدنیات (میگنیزیئم،فاسفورس،تانبا،جست (زنک) اور فائبر پائے جاتے ہیں۔
غذائی فوائد
ہڈیوں کی کمزوری،ہائی بلڈ پریشر،شوگر کی بیماری اور جلدی امراض کے ساتھ ساتھ دل کی تکالیف میں بھی موثر ہے۔کالے تلوں کا تیل ادویات میں شامل کیا جاتا ہے اور سفید تل کیلشیم کی کمی دور کرتے ہیں مگر یاد رہے کہ اعتدال سے انہیں استعمال کیا جائے وگرنہ مضر اثرات بھی ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بواسیر کا مرض اور خون کی کمی میں بھی اکسیر مانے جاتے ہیں کیونکہ ان میں آئرن موجود ہے۔حکماء کے تجربات بتاتے ہیں کہ تلوں کو نیم گرم پانی میں بھگو کر گرائنڈ کرکے چھان کر دودھ میں ملا کر مریضوں کو پلانے پر خون کی کمی رفتہ رفتہ کم اور بالآخر ختم ہو گئی۔تل کی تاثیر گرم ہے مگر توانائی سے بھرپور ہے۔بچوں کو بستر گیلا کرنے کی عادت چھڑانے کے لئے بھی انہیں استعمال کیا جاتا ہے۔
بہتر ہے کہ اس موسم میں بچوں کو تل کے لڈو اور ریوڑیاں کھلائی جائیں اور ہفتے میں دو بار زیادہ سے زیادہ نہ کھلائے جائیں تو اچھا ہے۔
نوجوان بچیاں ایام کی تکالیف سے بچنے کے لئے (آدھی چمچ چائے کا) پسے ہوئے تل گرم پانی سے کھا لیا کریں تو درد سے نجات ملے گی اور ایام کی کمی بھی دور ہو سکتی ہے۔سردیوں کے تحائف میں یہاں خشک میوہ جات،مختلف حلوے،پنجیری اور روغنی کھانے شامل ہیں وہیں تل کے لڈو،ریوڑھیاں،گچک،(تل والی اور مونگ پھلی والی) یہ جنوبی ہندوستان اور راجستھان کی خاص سوغات ہے۔
اس کے علاوہ تل چکی یا ڈرائی فروٹ چکی،تل کٹ،کوکونٹ چکی اور برفی خاص اس موسم کی سوغاتوں میں شمار کئے جاتے ہیں۔یہ کئی ماہ تک محفوظ رکھے جا سکتے ہیں۔ ان میں فائبر،کیلشیم،وٹامنز B،زنک،آئرن اور وٹامن E پائے جاتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj