5 Ghazain Sozish Ghatain - Article No. 2453

5 Ghazain Sozish Ghatain

5 غذائیں سوزش گھٹائیں - تحریر نمبر 2453

اچھا کھائیں،نپاتلا کھائیں اور رہیں صحت مند

منگل 31 مئی 2022

معدے یا جلد پر سوزش کا ہونا دراصل ہمارے مدافعتی نظام کی جانب سے کسی انفیکشن یا الرجی کا ردعمل ہوتا ہے۔عام طور پر اس کے نتیجے میں جسم کا کوئی بھی حصہ یا تو سوجن کا شکار ہو جاتا ہے یا پھر سرخ ہو جاتا ہے اور اکثر اوقات اس میں درد کی شکایت بھی ہوتی ہے۔جس کا بروقت علاج ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں یہ کئی خطرناک بیماریاں جیسے موٹاپا،امراض قلب اور سرطان کا باعث بنتی ہے۔
ذیل میں بیان کردہ اہم غذاؤں کو اپنی خوراک کا حصہ بنا کر آپ باآسانی ان متوقع بیماریوں سے بچ سکتی ہیں۔
تُلسی
یہ خوشبودار بوٹی مختلف اقسام کے پاستا ساس اور پزا میں باکثرت استعمال کی جاتی ہے۔اس میں سوزش کا سبب بننے والے خامرے (Enzyme) Cyclooxygenase سے مقابلہ کرنے کی خاص صلاحیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

روزمرہ استعمال ہونے والے برقی آلات جیسے موبائل فون اور ٹیبلٹ سے خارج ہونے والی شعاعیں اور فری ریڈیکلز سے جسمانی خلیوں اور کروموسومز کو پہنچنے والے نقصانات سے بچاؤ کے لئے بھی تُلسی کارگر ثابت ہوتی ہے۔

تُلسی جوڑوں کے درد،گٹھیا اور معدے کی سوزش میں بھی آرام کا باعث بنتی ہے۔
بیل پیپر
یہ ذائقہ دار سبزیاں وٹامن C اور اینٹی آکسیڈنٹس جیسی صلاحیتیں رکھتی ہیں جو سوزش کے خلاف مدافعت کرنے میں مدد دیتی ہیں۔اس میں شامل Sinapic Acid اور Ferulic Acid سوزش سے متاثر جگہ پہ راحت پہنچاتا ہے اور عمر بڑھنے کے اثرات میں بھی کمی لاتا ہے۔
Phytonutrients کے حصول کا بہترین ذریعہ ہونے کے باعث یہ سرطان کے امکانات میں کمی کا باعث بنتا ہے۔
بند گوبھی
چاہے جامنی ہو یا سبز بند گوبھی میں موجود Polyphenols جیسے خاص اجزاء سوزش کے مسائل حل کرنے کا اہل بناتے ہیں۔بند گوبھی میں موجود اجزاء مضر صحت چکنائی کے اثرات زائل کرتے ہیں جو سوزش اور دیگر کئی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

پھول گوبھی
یہ سبزی اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش کے خلاف لڑنے والے مرکبات سے لیس ہے اور یہ سوزش کا سبب بننے والے فری ریڈیکلز کا خاتمہ کرتے ہوئے ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ساتھ ہی ایسے جراثیم سے بھی محفوظ رکھتی ہے جو انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔اس کے علاوہ پھول گوبھی جسمانی توانائی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ خون میں موجود سرخ خلیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کرتا ہے اور مضبوط ہڈیوں کی بھی ضامن ہے۔

دار چینی
یہ کرشماتی مصالحہ مدافعتی نظام اور دماغ کی بہتر کارکردگی میں مدد کرتا ہے۔یہ سرطان،ذیابیطس اور بدہضمی جیسے مسائل کا بھی خاتمہ کرتا ہے اور وزن کی کمی میں بھی کارگر ثابت ہوتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق دار چینی سوزش کے خلاف انتہائی موٴثر ثابت ہوئی ہے کیونکہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس خاصے تناسب میں پائے جاتے ہیں۔یہ مصالحہ بلڈ پریشر کم کرنے والی ایک اور جز میگنیشیم کے ساتھ مل کر زیادہ موٴثر طریقے سے کام کرتی ہے۔

Browse More Healthart