Tang Ki Enthan Ka Ilaj - Article No. 2802

Tang Ki Enthan Ka Ilaj

ٹانگ کی اینٹھن کا علاج - تحریر نمبر 2802

ٹانگوں کی اینٹھن کی ایک بڑی وجہ عضلات کا بہت زیادہ استعمال اور سرد موسم بھی ہے

ہفتہ 6 جنوری 2024

ٹانگوں کی اینٹھن‘مروڑ یا بل کی شکایت اکثر لوگوں کو ہوتی ہے تاہم اس کی وجوہات ایک سے زائد ہیں ٹانگوں کی اینٹھن کی ایک بڑی وجہ عضلات کا بہت زیادہ استعمال اور سرد موسم بھی ہے۔جب عضلات کو بہت زیادہ کام کرنا پڑتا ہے تو وہ سخت ہو جاتے ہیں اور ان میں اینٹھن پیدا ہو جاتی ہے تکلیف کا سبب سامنے آنے کے بعد اس اینٹھن کا علاج دشوار نہیں بعض اینٹھن ایسی بھی ہوتی ہیں جن کا ٹریٹمنٹ ضروری ہوتا ہے۔
عام طور پر اینٹھن ایک مخصوص پٹھے میں ہوتی ہے جسے Calf کہا جاتا ہے اور جو گھٹنے کے نیچے پیچھے کی طرف پایا جاتا ہے۔اس سے پہلے کہ ہم اینٹھن کے مختلف علاج آپ کو بتائیں پہلے تکلیف کی وجوہات پر غور کرنا ضروری ہے۔
وجوہات
عضلات پر دباؤ۔
پیر یا ٹانگ کی فوری حرکت۔

(جاری ہے)


سرد موسم۔
پانی کی کمی۔
مختلف ادویات کے ضمنی اثرات۔


خون کے بہاؤ میں نمک کے توازن کا فرق۔
گردوں کی صفائی کا عمل۔
حمل۔
تھائی رائیڈ گلینڈ کا زیادہ متحرک ہونا۔
شراب نوشی۔
ٹانگوں کی اینٹھن ختم کرنے کے آسان طریقے
اس مسئلے سے نجات کا ایک حل پانی بھی ہے پانی نہ صرف بہترین دوا بلکہ بہترین علاج بھی ہے۔پانی سے نہ صرف اینٹھن ختم ہوتی ہے بلکہ اینٹھن کی ایک اہم وجہ کا بھی مکمل خاتمہ ہو جاتا ہے۔
اگر آپ کا پیشاب پیلے رنگ کا ہے تو اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے جسم کو درکار پانی کی ضروری مقدار کو جسم کا حصہ نہیں بنا رہے۔اس وقت تک زیادہ پانی پیتے رہیں جب تک پیشاب شفاف نہ ہو جائے۔اینٹھن کے خاتمے کا ایک طریقہ تو پانی کے ساتھ کونین کا استعمال ہے تاہم کونین کے لئے ضروری ہے کہ پہلے ڈاکٹر سے اس حوالے سے مشورہ حاصل کر لیا جائے کیونکہ کونین کے ضمنی اثرات بھی ہوتے ہیں۔
جن میں سے ایک سنسناہٹ ہے۔ٹانگوں کی اینٹھن ختم کرنے کے لئے ہلدی بھی بہت موٴثر ہے۔دو کھانے کے چمچے ہلدی پاؤڈر میں تھوڑا سا ناریل کا تیل ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنا کر اس وقت ٹانگ پر لگائیں جس وقت آپ کو ٹانگوں میں کھچاؤ محسوس ہو کچھ ہی دیر میں آپ کا درد ختم ہو جائے گا۔وکس ویپورب بھی اینٹھن ختم کرنے کا فوری اور موٴثر حل ہے۔اینٹھن والے مقام پر اس کا مساج فوری اثر دکھاتا ہے۔
وکس ہمیشہ نیچے سے اُوپر کی جانب لگائیں بعض کیسز میں میگنیشیم کی کمی بھی عضلات میں کھینچاؤ پیدا کرتی ہے۔اینٹھن میں مبتلا افراد کو میگنیشیم کے سپلیمنٹس لینے کی ضرورت ہے۔یہ خاص طور پر دوران حمل مفید ہے۔اینٹھن کے مقام پر گرم پانی کی بوتل سے سکائی کرنے سے بھی افاقہ ہوتا ہے۔اس سے عضلات ڈھیلے پڑتے ہیں اور درد میں کمی واقع ہوتی ہے تاہم اسے زیادہ دیر تک پٹھوں (عضلات) پر رکھنے سے اجتناب کرنا چاہیے 20 منٹ سے زیادہ اس کا استعمال نہ کریں ورنہ درد بڑھ سکتا ہے۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ وٹامن B.D.E کی کمی سے بھی ٹانگوں میں اینٹھن پیدا ہوتی ہے۔یہ تمام وٹامنز خوراک‘سپلیمنٹس اور دھوپ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔نیورولوجی نامی جرنل کے مطابق وٹامن بی کمپلیکس ٹانگوں کی اینٹھن میں 85 فیصد کمی لاتا ہے۔

Browse More Healthart