Eucalyptus Ka Tail Mukhtalif Masail Ka Aasan Hal - Article No. 2804

Eucalyptus Ka Tail Mukhtalif Masail Ka Aasan Hal

یوکلپٹس کا تیل مختلف مسائل کا آسان حل - تحریر نمبر 2804

یوکلپٹس کے تیل کی معجزاتی خصوصیات کی بنا پر اسے اروما تھراپسٹ کی اولین پسند قرار دیا جاتا ہے

جمعرات 11 جنوری 2024

قدرت نے بہت سے انسانی مسائل کا حل مختلف قدرتی اشیاء میں محفوظ کر رکھا ہے۔مشروبات‘خوراک سے لے کر ادویات تک قدرت کی عطا کردہ اشیاء میں مختلف تکالیف‘مسائل اور بیماریوں کا حل پوشیدہ ہے۔ان قدرتی اشیاء کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ان کے ضمنی اثرات نہیں ہوتے اور یہ دواؤں کے مقابلے میں زیادہ مفید بھی ہوتی ہیں اور انسانی جسم انہیں باآسانی قبول بھی کر لیتا ہے بہت سی قدرتی اشیاء کو خام حالت میں استعمال کرنا ممکن نہیں ہوتا تاہم بعض بیماریاں یا مسائل ایسے بھی ہیں جن میں قدرتی اشیاء سے مدد لی جا سکتی ہے۔
ایسی قدرتی اشیاء میں مختلف تیل بھی شامل ہیں جو عام انسانی صحت کے لئے نہایت مفید مانے جاتے ہیں یوں تو مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے مارکیٹ میں درجنوں تیل موجود ہیں لیکن یوکلپٹس کا تیل ایسا تیل ہے۔

(جاری ہے)

جس میں انسانوں کیلئے بہت سے فوائد چھپے ہوئے ہیں۔اروما تھراپسٹ اور تیلوں کو پسند کرنے والوں کی اولین پسند یوکلپٹس کا تیل ہی ہوتا ہے جو اپنی جادوئی خصوصیات کی بناء پر بہت مشہور ہے۔

یہ تیل یوکلپٹس کے سوکھے پتوں سے بھاپ کے ذریعے عرق کشید کر کے حاصل کیا جاتا ہے۔یوکلپٹس کا تیل کیل مہاسوں‘دمے‘کھانسی‘بخار‘زخموں وغیرہ کے علاج کے لئے استعمال ہوتا ہے۔یہ تیل صرف شفائی خصوصیات کا حامل نہیں بلکہ اس میں اروما تھراپی اور حسن کی آرائش کے لئے بھی خاصے عناصر پائے جاتے ہیں۔
نظام تنفس کی بیماریاں
یہ تیل دمے‘سینے کی جکڑن‘برونکائٹس اور دیگر تنفس کی بیماریوں میں مفید ہے اس تیل میں ایسے عناصر اور ردِ سوزش مرکبات پائے جاتے ہیں جو تنفس کی بیماریوں کو کم کرتے ہیں اور اس کے استعمال سے سانس کی بیماریوں میں افاقہ ہوتا ہے۔

بخار اور فلو
فلو اور بخار کے خاتمے کے لئے یوکلپٹس کے تیل کو برسوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس میں موجود اینٹی بیکٹیریل‘اینٹی وائرل اور اینٹی سیپٹک عناصر فلو اور بخار کے علاوہ عام نزلہ زکام کا بھی سدباب کرتے ہیں۔
عضلات کا درد
اگر آپ جوڑوں یا عضلات کے درد میں مبتلا ہیں تو متاثرہ مقام پر یوکلپٹس کے تیل کا مساج سکون آور ثابت ہو سکتا ہے۔
خالص یوکلپٹس کے تیل میں رد سوزش اور دافع درد عناصر موجود ہیں۔جس کی وجہ سے یہ جوڑوں اور عضلات کی مختلف بیماریوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
منہ کی بیماریاں
یوکلپٹس کے تیل میں جراثیم کش عناصر کی موجودگی دانتوں کی بوسیدگی‘گلنا سڑنا اور دیگر بیماریوں کا خاتمہ کرتی ہے آپ صرف یوکلپٹس کے تیل کے 5 قطرے ایک کپ پانی میں ملا کر اس سے غرارے کر لیں آپ کا منہ بھی صاف ہو جائے گا جراثیم بھی مر جائیں گے اور بدبو کا بھی خاتمہ ہو گا۔

جلد کا انفیکشن
جیسا کہ پہلے بتایا گیا یوکلپٹس کے تیل میں ردّ فنکس‘ردّ جراثیم اور اینٹی سیپٹک خوبیاں پائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے اس کا 5 فیصد سلوشن مختلف زخموں‘خراشوں‘جھلسنے کے نتیجے میں آئے زخموں‘کیڑے کے کاٹے کا علاج ہے اور انہیں بہت جلد مندمل کر دیتا ہے۔یوکلپٹس تیل کو ہمیشہ ناریل یا کیسٹر آئل میں ملا کر استعمال کریں۔

Browse More Healthart