Dard E Shaqiqa Aur Aam Sar Dard - Article No. 2799

Dard E Shaqiqa Aur Aam Sar Dard

دردِ شقیقہ اور عام سر درد - تحریر نمبر 2799

دردِ شقیقہ مضمحل اور کمزور کر دینے والا مزمن درد ہوتا ہے،جو کہ بار بار وقفے وقفے سے ہوتا رہتا ہے

جمعرات 28 دسمبر 2023

ڈاکٹر سید امجد علی جعفری
شاہد ہی کوئی فرد ایسا ہو گا،جس کے سر میں کبھی درد نہ ہوا ہو۔ادارہ بین الاقوامی صحت کے مطابق گزشتہ برس 2022ء میں دنیا کے 17 سے 65 سال کی عمر کے (75 فیصد) افراد کے سر میں درد ہوا،جن میں سے ایک تہائی اشخاص دردِ شقیقہ کے شکار تھے،جبکہ بعض افراد کو سر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے درد ہوا تھا۔سر درد اس درد کو کہا جاتا ہے،جو سر میں کسی ایک جگہ مقید ہو،سر کی چوٹی پر یا ایک طرف یا پھر پورے سر میں ہو۔
ہر فرد میں سر درد کی کیفیات مختلف ہوتی ہیں،یہ دُکھن والا ہو سکتا ہے یا کبھی درد دھڑکن کی طرح دھڑکتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔بعض مریضوں میں یہ دفعتاً بھی شروع ہو سکتا ہے یا رفتہ رفتہ بڑھتا ہے یا ہلکا ہلکا سا ہر وقت ہوتا رہتا ہے۔اس کا انحصار اس امر پر ہوتا ہے کہ اُس کی وجہ کیا ہے؟
ماہرینِ اعصاب اس درد کی وجوہ کو دو حصوں میں منقسم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بنیادی اور دوسرا ثانوی۔بنیادی وجوہ میں سرِ فہرست اعصابی یا خون کی نالیوں یا عضلات کی کارکردگی میں خلل واقع ہونا ہے۔مستند معالج ہی تشخیص کی بنیاد پر اس کا بہتر انداز میں علاج کر سکتا ہے۔ثانوی وجوہ میں دماغ پر چوٹ،رسولی،خون کی نالیوں میں کلاٹ بننا،چہرے،ناک کی ہڈیوں کی جھلیوں پر ورم وغیرہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ مزمن یا سنگین امراض میں بھی سر درد ہو سکتا ہے۔

کیا دردِ شقیقہ اور سر درد ایک ہی بیماری ہے؟
دردِ شقیقہ مضمحل اور کمزور کر دینے والا مزمن درد ہوتا ہے،جو کہ بار بار وقفے وقفے سے ہوتا رہتا ہے۔یہ روزمرہ کے کام کاج میں حائل ہوتا ہے۔مریض کو متلی ہوتی ہے،کچھ دیر کے لئے دھڑکن کی طرح دھڑکتا ہوا بھی محسوس ہوتا ہے۔دردِ شقیقہ میں روشنی اور آواز سے حساسیت پائی جاتی ہے۔
یہ دونوں ہی انتہائی گراں محسوس ہوتی ہیں۔آنکھوں کے سامنے سیاہ دھبے نظر آتے ہیں یا پھر روشنی چمکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے،جس سے تکلیف میں اضافہ ہو جاتا ہے۔میو کلینک کی ایک تحقیق کے مطابق بعض مریضوں میں اعصابی کیفیات بھی نمایاں ہو جاتی ہے۔بعض اوقات سر درد کے ساتھ چہرے اور ہاتھوں میں جھنجھناہٹ یا سرسراہٹ محسوس ہوتی ہے۔چند افراد کو یہ علامت سر کے ایک طرف محسوس ہوتی ہے۔
بعض کیسز میں یہ موروثی بیماری ہوتی ہے۔اس کا علاج مشکل ہے۔
دردِ شقیقہ سے محفوظ رہنے کے لئے ایک خالی کتابچہ اپنی جیب میں رکھیں اور اس میں درج کرتے رہیں کہ کس غذا،ورزش،سونے کے لئے کس کروٹ لیٹنے،ذہنی پریشانی یا کس کام سے جنم لینے والے ذہنی دباؤ،بے خوابی،کس پیشہ ورانہ کام میں اُلجھنیں پیدا ہونے،آرام کرنے کے مواقع نہ ملنے سے ہوتا ہے۔ان نکات کو سلجھانے کی کوشش کریں۔مزید برآں سوتے وقت اندھیرا کر کے سوئیں۔اس سے دردِ شقیقہ ہونے کے امکانات کچھ کم ہو جاتے ہیں۔اس کے برعکس عام سر درد میں سر میں جس جگہ درد محسوس ہو،وہاں دکھن ہوتی ہے۔اس کی وجہ تشخیص کرتے ہوئے اس سے بچنے کی کوشش کریں۔

Browse More Healthart