Coffee - Dunya Ka Qeemti Or Pasandeda Mashroob - Article No. 1698

Coffee - Dunya Ka Qeemti Or Pasandeda Mashroob

کافی،دنیا کا قیمتی اور پسندیدہ مشروب - تحریر نمبر 1698

یہ ذہنی امراض،معدے اور جگر کے لئے مفید ہے یکم اکتوبر،کافی کے عالمی دن کے موقع پر تحریر

پیر 14 اکتوبر 2019

کافی کا شمار دنیا بھر کے مرغوب ترین مشروبات میں کیا جاتا ہے اس سے رغبت رکھنے والے افراد ہر موسم میں کافی پیتے ہیں۔کافی کی تاریخ خاصی قدیم ہے جو کہ ایتھوپیا سے شروع ہوئی ہے۔وہاں مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ کافی ایک چرواہے نے ایجاد کی جب اس نے غور کیا یہ کالے رنگ کے بینز جولال رنگ کی بیریز میں پائے جاتے ہیں جیسے جیسے اس کی بکریاں کھاتی ہیں زیادہ دودھ دیتی ہیں اور ان میں توانائی بڑھ جاتی ہے۔
آہستہ آہستہ کافی ایتھوپیا سے عرب اور عرب سے یورپ اور باقی دنیا تک پھیل گئی۔آج کافی دنیا کی قیمتی ترین اشیائے خوردونوش میں سے ایک ہے۔
انٹرنیشنل کافی آرگنائزیشن نے دنیا بھر میں کافی کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کے لئے عالمی سطح پر کافی کا عالمی دن منانے کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

پہلی بار اٹلی کے شہر میلان میں منعقد ہونے والے 2015ء کے ایکسپومیں اس دن کو عالمی سطح پر منانے کی بنیاد رکھی گئی۔

جس کے بعد سے اب ہر سال یکم اکتوبر کو عالمی دن برائے کافی کا اہتمام دنیا بھر کے کئی ممالک میں کیا جاتا ہے تاہم چند ممالک میں اس دن کو ستمبرکی29تاریخ کو بھی منایا جاتاہے۔
کافی ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں پائی جانے والی کافی کی متعدد اقسام سے متعلق آگاہی پیدا کی جاتی ہے اور اس کی افادیت پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔اس کی کاشت سے لے کر پیالیوں تک پہنچانے کے لئے کسان ،تاجر اور شیفس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اس دن کا بنیادی مقصد ہے۔

انٹر نیشنل کافی آرگنائزیشن میں 75ممبر ریاستیں ہیں ۔اس ادارے کی کوشش ہے کہ عالمی اشتراک کے ذریعے کافی کی در آمد اور برآمد میں دلچسپی رکھنے والی حکومتوں کو ایک میز پر جمع کیا جائے تاکہ اس کی ایک مضبوط مارکیٹ تشکیل دی جاسکے جس کے ذریعے کافی کی کاشت کرنے والے ترقی پذیر ممالک میں غربت کی شرح کو کم کیا جاسکے۔
اس کے علاوہ اس دن کے موقع پر دنیا بھرمیں پائی جانے والی کافی کی اقسام کی نمائش کی جاتی ہے اور نامیاتی کافی کی کاشت پر زور دیا جاتاہے۔
کئی جگہوں پر اس طرز کی تقریبات کا اہتمام کیا جاتاہے جہاں کافی کا ذوق رکھنے والے افراد کو دیس بدیس کی کافی کے ذائقوں سے متعارف ہونے اور اس کی تیاری کے عمل کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔اس کے علاوہ ان تقریبات میں اس کے ذائقے سے تیار کر دہ دیگر پکوان بھی پیش کئے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی کئی ریسٹورنٹس میں 1اکتوبر کو کافی پر خاص رعایت بھی دی جاتی ہے۔

جہاں تک کافی کی غذائی افادیت کا تعلق ہے تو اس کا استعمال بہترین صحت کے حصول میں معاون ثابت ہوتاہے۔تاہم ضرورت سے زائد استعمال نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے ۔کافی میں کیفین کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے جو دماغ کو متحرک کرنے والا عنصر ہے ۔اس کا استعمال قلب کی بہتر کارکردگی میں مدد دیتاہے۔یہ جسم اور دماغ کو توانائی پہنچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے اور ذہنی دباؤ سے نجات حاصل کرنے میں بھی مدد دیتاہے۔
کہتے ہیں کہ کافی کا روزانہ استعمال ٹائپ 2ذیابیطس سے بچاؤ میں بھی کارگرثابت ہوتا ہے۔یہ دمے سے بچاؤ اور معدے سے متعلق امراض کے امکانات کم کرنے میں معاون ہے۔یہ جگرکے افعال بہتر بنانے اور کینسر سے محفوظ رہنے میں بھی مدد دیتاہے۔ایک تحقیق کے مطابق ایسے مرد حضرات جو روزانہ تین کپ کافی کا استعمال کرتے ہیں ان میں پارکینسن کا خطرہ 5گناکم
ہوجاتاہے۔
دنیا کی سب سے مہنگی ترین کافی Kopi Luwakہے جبکہ مشہور ترین کافی Cappuccinoہے۔دنیا بھر میں کافی کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں جن میںCaffe
Americano،,Caffe Latte Espresso Flat White, Long Black, Macchiaio, ,Mochaccino, ,Irish Coffee ViennaاورAffogatoنمایاں ہیں۔

Browse More Healthart