Hijama - Article No. 2234

Hijama

حجامہ - تحریر نمبر 2234

دور حاضر میں قدیم طریقہ علاج

جمعہ 27 اگست 2021

نازش احتشام اعظمی
حجامہ دنیا میں تیزی سے مقبول ہوتا ہوا اسلامی طریقہ علاج ہے،جسے مغربی ممالک اور غیر اسلامی ممالک میں Therapy Cupping کے نام سے جانا جاتا ہے۔”حجامہ عربی زبان کے لفظ حجم سے نکلا ہے“جس کے معنی کھینچنا،چوسنا ہے۔اس عمل میں مختلف حصوں کی کھال سے تھوڑا سا خون نکالا جاتا ہے۔انسانی صحت کا دارومدار جسمانی خون پر ہے۔
اگر خون صحیح ہے تو انسان صحت مند ہے،ورنہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔بیماریاں اس فاسد خون کے ساتھ نکل جاتی ہیں۔حجامہ ایک قدیم علاج ہے اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تجویز کردہ ہے۔اس قدیم طریقہ علاج میں جسم کے 143 مقامات سے فاسد خون نکال کر مختلف بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجامہ لگانے کو افضل عمل قرار دیا ہے۔


جدید میڈیکل سائنس اب تیزی سے حجامہ کی جانب متوجہ ہو رہی ہے۔مغربی سائنسدان اور تحقیقاتی ادارے حجامہ پر مسلسل تحقیق میں مصروف ہیں،ان تمام تحقیقات کی بنیاد قدیم ترین طبی کتاب ”ایبرس پیپیرس“ ہے۔سائنسدان اس امر پر بھی حیران ہیں کہ ہزاروں سال قبل انسان نے میڈیکل کی اس قدر پیچیدہ گتھی کس طرح سلجھائی تھی۔حجامہ سے بلڈ پریشر،ٹینشن،جوڑوں کا درد،پٹھوں کا درد،کمر کا درد، ہڈیوں کا درد،سر کا درد (درد شقیقہ) مائیگرین،یرقان،دمہ،قبض،بواسیر،فالج،موٹاپا،کولیسٹرول،مرگی،گنجا پن،الرجی،عرق النساء وغیرہ اور اس کے علاوہ 70 سے زائد روحانی و جسمانی دونوں بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے۔
یہ خون صاف کرتا ہے اور حرام مغز کو فعال کرتا ہے، شریانوں پر اچھا اثر ہوتا ہے،پٹھوں کا اکڑاؤ ختم کرتا ہے،دمہ اور پھیپھڑوں کے امراض اور انجائنا کے لئے مفید ہے،آنکھوں کی بیماریوں کو بھی ختم کرتا ہے،گٹھیا عرق النساء اور نقرس کے درد کو ختم کرتا ہے،فشار خون میں آرام دیتا ہے،زہر خورانی میں مفید ہے ،مواد بھرے زخموں کے لئے فائدہ مند ہے۔
جسم کے کسی حصے میں درد کو فوری ختم کرتا ہے۔حجامہ لگوانے کے لئے مستند اور تجربہ کار تھیراپسٹ کا انتخاب ضروری ہے کیونکہ نا تجربہ کار شخص صحیح حجامہ نہیں لگا سکتا جس وجہ سے علاج نہیں ہو پاتا اور مریض مایوس ہو جاتا ہے۔
یہاں یہ بات بھی ذہن نشین رہنی چاہئے کہ یہ طریقہ علاج کسی طرح مریض کیلئے تکلیف دہ نہیں ہے اور حجامہ یعنی کپنگ تھیراپی کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ بھی نہیں ہے۔
چونکہ حجامہ میں کپ لگانے سے پہلے کپ لگائے جانے والے مقام پر ہلکی ہلکی خراشیں لگائی جاتی ہیں تاکہ وہاں سے خون کے قطرے باہر آسکیں اس لئے عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک تکلیف دہ عمل ہو گا۔جبکہ حقیقت میں ایسا بالکل نہیں ہے حجامہ عام طور پر پشت پر کیا جاتا ہے یہ دس سے پندرہ منٹ کا عمل ہوتا ہے اور مریض کو اس وقت حیرت ہوتی ہے،جب اسے پتا چلتا ہے کہ یہ عمل مکمل ہو چکا ہے اور اسے کوئی تکلیف بھی نہیں ہوئی۔
چونکہ حجامہ ایک مکمل طریقہ علاج ہے اس لئے اس میں اس طرح کے سخت پرہیز نہیں کرنے پڑتے جو کہ عام طور پر ایلو پیتھک،ہومیو پیتھک،یونانی یا دیگر علاج کے طریقوں میں کئے جاتے ہیں۔تاہم مکمل علاج کے لئے مریض کو سختی سے طب نبوی میں دی گئی ہدایت کی پابندی کرنی چاہئے۔یہاں یہ امر گوش گزار کر دینا ضروری ہے کہ حجامہ مسلمانوں کی ایجاد نہیں ہے،لیکن مسلمانوں نے اس کو اختیار کیا۔
حجامہ کی تاریخ اور حجامہ سے علاج کا طریقہ 3000 سال قبل مسیح سے بھی پرانا ہے۔اس طریقہ علاج کا ذکر Ebers Papyrus نامی کتاب میں بھی ہے جو 1550 قبل مسیح کی مشہور طبی کتاب ہے۔حجامہ ہزاروں سال پرانا طریقہ علاج ہونے کی وجہ سے اس میں ہزاروں سال کے تجربات بھی شامل ہیں۔
حجامہ کی وجہ سے جسم کا دوران خون (Circulation Of Blood) بہتر ہو جاتا ہے۔
حجامہ Arteries systemic,Vascular,Lymphatic system کی صفائی کرتا اور Capillaries کو فعال بناتا ہے۔

حجامہ کولیسٹرول لیول کو Maintain کرتا ہے،یعنی LDL(خراب چربی) کو کم کرتا ہے اور HDL (فائدہ مند چربی) کو بڑھاتا ہے۔
جسم کے نازک و اہم بڑی شریانوں (Arteries) کی صفائی کرتا اور فعال کرکے شریانوں کی صلابت Atherosclerosis/Arteriosclerosis کو کم کرتا ہے۔
حجامہ جسم کی قوت مدافعت کو بھی تقویت دیتا ہے جس سے بیماریوں سے لڑنے کی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے۔
نفسیاتی امراض جیسے دماغی تناؤ،ذہنی دباؤ،گھبراہٹ اور بے چینی جیسے نفسیاتی امراض میں کافی مفید ہے۔

حجامہ حسن کی افزائش میں مددگار ہے۔
حجامہ جسم کے Tissues سے زہریلے اور فاسد مادوں کے اخراج میں مدد کرتا ہے۔
حجامہ دماغ،اعصاب،یادداشت اور حسی اعضاء،آنکھ کان اور ناک کو طاقت دیتا ہے۔
پھوڑے،پھنسیاں اور زخم وغیرہ سے مضر صحت مواد کو نکالنے میں مدد کرتا ہے۔

Browse More Healthart