Laqwa Ki Bimari Or Adviya - Article No. 1822

Laqwa Ki Bimari Or Adviya

لقوہ کی بیماری اور ادویہ - تحریر نمبر 1822

لقوہ ہو جائے تو پریشان نہ ہوں ،اس لئے کہ یہ بیماری کچھ دنوں بعد خود ہی ختم ہو جاتی ہے ۔

ہفتہ 29 فروری 2020

ڈاکٹر آصف محمود جاہ
لقوہ (FACIAL PARALYSIS) کی بیماری چہرے کی نس(NERVE) کی سوجن یا تعدیے(انفیکشن)کی وجہ سے ہوتی ہے ،جس کے سبب چہرہ ٹیڑھا ہو جاتاہے ،آنکھیں کھلی رہ جاتی ہیں اور منہ سے پانی نکلتا رہتا ہے۔ آدمی بھلا چنگا سوتا ہے اور صبح اٹھتا ہے تو اچھا بھلا چہرہ ٹیڑھا محسوس ہوتاہے ۔اس بیماری کے علاج کے لئے مختلف ادویہ کھلائی جاتی ہیں ،مثلاً اسٹیرائڈز(STEROIDS)، ہومیو پیتھک اور ہربل(HERBAL) دوائیں۔
مختلف قسم کے ٹیکے (انجکشنز) بھی لگائے جاتے ہیں۔
لقوہ کی بیماری میں کھائی جانے والی مختلف قسم کی دواؤں کے مضر اثرات دوا کے کھانے پر منحصر ہوتے ہیں۔ زیادہ تر اسٹیر ائڈز دوائیں دی جاتی ہیں۔
احتیاط
دوا ہمیشہ ڈاکٹر کے مشورے سے کھائیں۔

(جاری ہے)


دواؤں کی مقدار ڈاکٹر کے مشورے سے بتدریج کم کرنی پڑتی ہے ،اس لئے اس دوران ڈاکٹر سے رابطہ ضروری ہے ۔


لقوی کی بیماری کے دوران ڈاکٹر سے رابطہ ضروری ہے ۔
لقوہ کی بیماری کے دوران مختلف قسم کے مقوی صحت مشروبات پینے اور ٹیکے لگوانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا، اس لئے ان سے پرہیز کریں۔
دوا کی نوعیت اور ضرورت کی اہمیت
لقوہ میں مختلف قسم کی دوائیں کھائی جاتی ہیں ،لیکن اس دوران زیادہ تر دواؤں کا کوئی خاص اثر نہیں ہوتا،کیونکہ یہ بیماری چہرے کی نس میں سوجن یا تعدیے کی وجہ سے ہوتی ہے ۔
اس میں زیادہ تر اسٹیرائڈز ادویہ کھائی جاتی ہیں ۔اس کے علاوہ کھائی جانے والی مختلف قسم کی قیمتی دوائیں ،جن میں مختلف قسم کے ٹیکے ،گولیاں، شربت وغیرہ ہوتے ہیں ،ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ غیر ضروری دوائیں کھانے سے ان کے مضر اثرات سے بیماری مزید لمبی اور تکلیف دہ ہو جاتی ہے ،اس لئے ضروری ہے کہ لقوہ کی بیماری میں غیر ضروری دوائیں نہ کھائی جائیں ۔
زیادہ تر مریضوں میں یہ بیماری دو تین ہفتے بعد خود بخود ٹھیک ہو جاتی ہے ۔دواؤں سے زیادہ فزیو تھراپی کام آتی ہے۔
آسان اور متبادل علاج
لقوہ ہو جائے تو پریشان نہ ہوں ،اس لئے کہ یہ بیماری کچھ دنوں بعد خود ہی ختم ہو جاتی ہے ۔پریشانی اور گھبراہٹ کے سبب بیماری کی شدت میں اضافہ ہو سکتاہے ۔دواؤں سے زیادہ فزیو تھراپی پر انحصار کریں ،کیونکہ فزیو تھراپی سے لقوہ کی بیماری کی علامات بہت جلد ٹھیک ہو جاتی ہیں۔

بیماری کے دوران تازہ سبزیاں وپھل کھائیں اور سوپ وغیر ہ پییں۔
لقوہ کی بیماری میں زیادہ لحمیات(پروٹینز)والی غذائیں کھائیں۔
جنگلی کبوتر کا گوشت کھانا اور اس کا سوپ پینے سے فائدہ ہوتاہے۔
چہرے کی مکمل صفائی رکھیں ۔آنکھوں کو گرد سے بچانے کے لئے چشمہ استعمال کریں۔
اتائی حکیموں اور ویدوں سے علاج نہ کروائیں۔
اچھے فزیو تھراپسٹ سے مشورہ کریں ۔چہرے کی ہلکی پھلکی ورزشیں جن میں منہ پھلانا ،ماتھے پر بل ڈالنا ،زور زور سے پھونک مارنا اور غبارے پھلانا وغیرہ شامل ہیں ،،ان کو بار بار کرنے سے بھی بیماری کی علامات دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

Browse More Healthart