Neend Ko Behtar Banane Wale Mashroob - Article No. 1866

Neend Ko Behtar Banane Wale Mashroob

نیند کو بہتر بنانے والے بہترین مشروبات - تحریر نمبر 1866

نیند کی کمی دن بھر نہ صرف سستی کی وجہ بنتی ہے بلکہ صحت کے حوالے سے بھی متعدد خطر ناک مسائل پیدا ہوتے ہیں

جمعہ 5 جون 2020

رابعہ شیخ
گزشتہ برسوں کے دوران نیند کی کمی ایک عالمی مسئلے کے طور پر سامنے آئی ہے ۔لوگوں کی اکثریت کا یہی کہنا ہے کہ رات کروٹیں بدلتے ہی گزر جاتی ہے ۔نیند کی کمی دن بھر نہ صرف سستی کی وجہ بنتی ہے بلکہ صحت کے حوالے سے بھی متعدد خطر ناک مسائل پیدا ہوتے ہیں ،جن میں ہارٹ اٹیک ،بلڈ پریشر، ڈپریشن اور انزائٹی جیسی بیماریاں شامل ہیں ۔
ان مسائل کے پیش نظر بے خوابی کے شکار افراد انٹرنیٹ پر یا پھر دوستوں کی محفلوں میں بہتر نیند کے لئے مددگار مشوروں کی تلاش میں رہتے ہیں۔
ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ ایک گلاس گرم دودھ رات کو اچھی نیند لانے میں مددگار ثابت ہوتاہے ، اس حوالے سے دنیا بھر میں متضاد رائے پائی جاتی ہے ۔سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کو ایک گلاس گرم دودھ لینا اگر چہ صحت کے لئے فائدہ مند ہے لیکن اس سے نیند آنے کے امکانات کم ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ نیند کے لئے پیئے جانے والے مشروبات کار آمد نہیں ہوتے ۔آج ہم آپ سے کچھ ایسے مشروبات کا ذکر کرنے جارہے ہیں ،جن کا سونے سے قبل استعمال نہ صرف اچھی نیند میں معاون ثابت ہو گا بلکہ یہ بے چینی جیسی کیفیات کا بھی خاتمہ کرے گا۔
گولڈن ملک
انٹرنیٹ پر ان دنوں گولڈن ملک (ہلدی والا دودھ) کا ذکر بڑا عام ہے ۔
گولڈن ملک صحت کے حوالے سے بے شمار فوائد کا مجموعہ کہلاتا ہے ۔اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اجزاء جسم سے سوزش (انفلیمیشن) ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں ۔یہی نہیں ،یہ دیسی مشروب معیاری نیند کی فراہمی میں بھی بے مثال ہے ۔ایک مطالعے سے ثابت ہے کہ ہلدی کا استعمال نیند کی کمی جیسے مسائل سے محفوظ رکھتا ہے ، لہٰذا رات کو سونے سے قبل یہ ہلدی ملا دودھ آپ کے مزاج کو بہتر بنانے ،ذہنی دباؤ اور بے چینی جیسی کیفیات کو کم کرنے کے علاوہ بہتر نیند لانے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

ملک بنانے کا طریقہ:سوس پین میں 2کپ دودھ ڈیڑھ چمچ ہلدی، ڈیڑھ چمچ دار چینی، ڈیڑھ انچ چھلا ادرک اور ایک چمچ شہد ڈال کر کچھ دیر پکائیں ۔پھر مصالحے چھانتے ہوئے دودھ کو پی لیں۔
اسٹرابیری ملک
اچھی اور معیاری نیند کے لئے میلاٹون کی مقدار کا بڑھنا ضروری ہے ۔میلاٹون ایک ایسا ہارمون ہے ،جو انسانی جسم میں رات غروب آفتاب کے بعد بڑھنا شروع ہو جاتا ہے ۔
اس ہارمون کی کم سطح بے خوابی جیسے مسائل پیدا کرتی ہے ۔اسٹرابیری ملک کے ذریعے میلاٹونن کی سطح با آسانی بڑھائی جا سکتی ہے ۔اسٹرابیری سے تیار کردہ یہ دودھ کو ریائی ٹرینڈ ہے ۔کوریا میں بچے اور نوجوان بیڈ ٹائم سے قبل اسٹرابیری سے تیار کردہ دودھ استعمال کرتے ہیں ۔اسٹرابیری میں ضروری اینٹی آکسیڈنٹس ،پوٹاشیم اور وٹامن پائے جاتے ہیں۔
وٹامن B6معیاری نیند کی فراہمی اور میلا ٹونن کی مقدار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتاہے جبکہ وٹامن سی کی زیادہ مقدار جلد کی صحت کے لئے بہترین ہوتی ہے۔
ملک بنانے کا طریقہ: بلینڈر میں 2کپ کٹی ہوئی اسٹرابیری،2چمچ شہد، ایک چٹکی نمک، 8اونس ملک اور ایک چمچ ونیلا ایکسٹریکٹ شامل کریں۔ اسٹرابیری ملک کو گرم پینا چاہیں یا ٹھنڈا ،یہ آپ کی پسند پر منحصر ہے۔

چیری پنک مون ملک
چیری نہ صرف ذائقے میں مزیدار ہوتی ہے بلکہ یہ ایک ایسی غذا ہے ،جو نیند کے لئے ضروری ہارمون میلاٹونن تیار کرتی ہے ۔چیری میں موجود ٹرپٹوفن، سیروٹونن میں تبدیل ہو کر میلاٹونن بناتاہے ۔تحقیق سے ثابت ہے کہ نوجوانوں میں سونے سے قبل چیری ملک کا استعمال ،انھیں نیند کی کمی جیسے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیتاہے ۔
چیری پنک مون ملک میں موجود غذائی اجزاء معیاری نیند کے ساتھ ساتھ انسان کے مزاج کو بہتر بنانے اور سوزش کو کم کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں۔
ملک بنانے کا طریقہ: چیری پنک مون ملک بنانے کے لئے6اونس المنڈ ملک، 4اونس کھٹی چیری کا جوس، ایک چمچ شہد اور خشک گلاب کی کچھ پتیاں بطور اجزاء لیں ۔المنڈ ملک کو کچھ دیر پکائیں ،پھر اس میں چیری ڈال کر ہلکی آنچ پر مزید پکائیں ۔
چولہے سے اُتار کر اس میں شہد اور گلاب کی پتیاں ڈال دیں ۔ان تمام اجزاء کو بلینڈر میں ڈال کر بھی چیری پنک مون تیار کیا جا سکتاہے۔
بنانا ملک شیک
کیلے جسم کے پٹھوں کو شدید دباؤ سے باہرنکالنے کا کام سر انجام دیتے ہیں۔ اس پھل میں میگنیشیم اور پوٹا شیم کی خصوصی مقدار موجود ہوتی ہے ۔یہ دونوں اجزاء انسان میں شب بیداری جیسے مسائل کا خاتمہ کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔
دوسری جانب اس دودھ میں موجود ٹرپٹوفن نامی امینو ایسڈ، سلیپنگ سرکل کو ریگولیٹ کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ملک بنانے کا طریقہ:بنانا ملک شیک بنانے کے لئے دودھ اور کیلوں کے ساتھ شہد کا اضافہ کر دیں اور پھر اچھی طرح سے تینوں اجزاء کو بلینڈ کریں ۔بنانا ملک شیک انسانی موڈ کو بہتر بنانے اور اچھی نیند کے حصول میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

Browse More Healthart