PoodooN Se Sehat Bhi Khobsorti Bhi - Article No. 2155

PoodooN Se Sehat Bhi Khobsorti Bhi

پودوں سے صحت بھی خوبصورتی بھی - تحریر نمبر 2155

اگر آپ پریشان ہوں تو کچھ دیر کے لئے کسی ایسی جگہ چلے جائیے،جہاں سر سبز پودے ہوں،ہریالی ہو تو آپ کو اپنی اداسی اور اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) بھی کم ہوتی ہوئی محسوس ہو گی

جمعہ 21 مئی 2021

عفیفہ احمد کو مسلسل تین ماہ سے کھانسی کی شکایت تھی۔وہ متعدد ڈاکٹروں سے علاج کروا چکی تھی اور ڈاکٹروں کے تجویز کرنے پر ایکسرے کے علاوہ اس کے دیگر ٹیسٹ بھی ہو چکے تھے۔ایک ملنے والی خاتون نے اسے بتایا کہ اسے الرجی (حساسیت) ہے اور اس کی وجہ موجودہ ماحول ہے جہاں مٹی،دھول اور دھواں ہے۔چنانچہ اس کے لئے یہ تجویز کیا گیا کہ وہ گھر کے ڈرائنگ روم اور مختلف کمروں میں پودے لگائے۔

اکثر ایسے لوگ نظر آتے ہیں جو مسلسل کھانسی،ناک بہنے،مسلسل سر کے درد اور متلی کی شکایت کرتے ہیں۔ایک معالج کا کہنا ہے کہ گھروں میں فرنیچر،فوم،قالین،کاٹھ کباڑ اور پینٹ کی وجہ سے تنفسی نظام میں تکلیف،سر کا درد اور جلد پر خارش وغیرہ ہو جاتی ہے۔
ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ایسی صورت حال میں اپنے گھروں اور دفتروں میں سر سبز پودے لگانے سے ان تکالیف سے نجات پائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین صحت نے ثابت کیا ہے کہ گھروں کے اندر موجود آلودگی اور جراثیم کو سر سبز پودوں کے ذریعے دور کیا جا سکتا ہے۔
پودے نقصان دہ کیمیائی اجزاء کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔یہ کیمیائی اجزاء اور دھول و مٹی کے باریک ذرات زیادہ تر ان گھروں، دفتروں،مکانوں اور کارخانوں میں پائے جاتے ہیں،جہاں صفائی کا فقدان ہوتا ہے۔
ان کیمیائی اجزاء کے نقصان دہ اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے چند سر سبز پودے گھروں اور دفاتر میں لگائے جائیں تو ہمارے اردگرد کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

پودے ہمارے اندرونی محسوسات اور جذبات کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔ہر موسم کے پھولوں،کلیوں اور پتیوں کو دیکھ کر ذہنی تناؤ،دباؤ اور بہت سی فکروں سے نجات ملتی ہے۔اگر آپ پریشان ہوں تو کچھ دیر کے لئے کسی ایسی جگہ چلے جائیے،جہاں سر سبز پودے ہوں،ہریالی ہو تو آپ کو اپنی اداسی اور اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) بھی کم ہوتی ہوئی محسوس ہو گی۔

خوبصورتی سے پودے لگانے اور ان کی بہتر نشوونما کے لئے ضروری ہے کہ حالات اور جگہ کو مدنظر رکھ کر پودے لگائے جائیں۔جس جگہ پودے لگائے جائیں وہاں مناسب روشنی،پانی اور درجہ حرارت کا بھی خیال رکھا جائے۔ان تمام باتوں اور ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے گھروں میں پودے لگائیے،تاکہ ان کی نشوونما بہتر طریقے سے ہو سکے۔
جس جگہ آپ نے پودے لگانے کا ارادہ کیا ہو،اسے اچھی طرح دیکھ لیجیے کہ وہ بہت زیادہ روشن ہے یا وہاں اندھیرا ہے،نمی زیادہ ہے یا کم،درجہ حرارت کم ہے یا زیادہ۔
اس بات پر غور کیجیے کہ پودوں کی دیکھ بھال میں آپ کتنا وقت صرف کر سکتے ہیں۔آپ گھریلو پودوں کو جس قدر وقت دیں گے،وہ اتنا ہی پروان چڑھیں گے اور آپ کے گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو صحت بخش بنانے کا فریضہ بھی انجام دیں گے۔

Browse More Healthart