Qabz Kayi Amraz Ki Wajah - Article No. 2399

Qabz Kayi Amraz Ki Wajah

قبض کئی امراض کی وجہ - تحریر نمبر 2399

قبض سے نجات کے لئے مشورے

جمعرات 17 مارچ 2022

قبض ایک عام عارضہ ہے۔شاید یہی وجہ ہے کہ لوگ اسے زیادہ اہمیت نہیں دیتے اور کسی معالج سے مشورہ کیے بغیر چلتے پھرتے اس کا علاج کر لیتے ہیں۔ماہرین نے قبض کو ”ام الامراض“ کا نام دیا ہے یعنی”بیماریوں کی ماں۔“حقیقت ہے کہ تنہا یہی ایک عارضہ بہت سے امراض کا باعث بن جاتا ہے۔ان میں جگر کی خرابی،خون کے سرخ ذرات کی ٹوٹ پھوٹ،طبیعت کی سستی،حافظہ کی کمزوری،سر درد اور بعض دماغی امراض شامل ہیں۔

قبض کا سب سے بڑا سبب غلط غذاؤں کا استعمال اور غلط طرز زندگی ہے۔کھانے کی تمام اشیاء میں،جب وہ اپنی قدرتی حالت میں ہوں،فالتو مادوں (Roughage) کا اچھا خاصا تناسب موجود ہوتا ہے،یہ مادے غذاؤں میں فطری توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ہوتے ہیں۔یہ انتڑیوں کو حرکت دینے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی حرکت کی بدولت خوراک معدے کی نالی میں سفر کرتی ہے۔

ہم جو غذائیں استعمال کرتے ہیں ان میں سے بیشتر میں یہ فالتو مادے کم مقدار میں ہوتے ہیں۔اس مقدار کی کمی ہی قبض پیدا کرنے اور اسے برقرار رہنے میں مدد دیتی ہے۔اس کی وجہ سے ہم قبض کے مستقل مریض بنتے رہتے ہیں۔
وٹامنز اور منرلز کا تناسب کم رکھنے والا باریک پسا ہوا آٹا اور مرغن غذائیں کھانا،کم پانی پینا،گوشت زیادہ مقدار میں کھانا،زیادہ پتی والی چائے اور کافی کا استعمال،نوالوں کو اچھی طرح نہ چبانا،خوب پیٹ بھر کر کھانا،غذاؤں کو غلط امتزاج اور کھانے پینے کے اوقات میں بے قاعدگی یہ سب آنتوں کی کارکردگی کو خراب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
اس کارکردگی کو نقصان پہنچانے والی دیگر باتیں یہ ہیں۔اجابت کے اوقات میں بے قاعدگی،جلاب زیادہ لینا،پیٹ کے عضلات کا کمزور ہونا (جو بیٹھے رہنے یا نقل و حرکت کم ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے) جذباتی اور ذہنی دباؤ زیادہ ہونا۔ذیل میں قبض سے نجات کے لئے مفید نسخے دیے جا رہے ہیں۔
250 گرام کچی گاجر اچھی طرح چبا چبا کر روزانہ خالی پیٹ کھائیں،اس سے قبض دور ہو گا اور بھوک اچھی لگے گی۔

لیموں کا رس گرم پانی کے ساتھ رات کو لینے سے اجابت کھل کر آتی ہے۔بارہ گرام لیموں کا رس،اور بارہ گرام شکر ایک گلاس میں ملا کر رات کو پینے سے کچھ ہی دنوں میں قبض کی پرانی سے پرانی شکایت دور ہو جاتی ہے۔
صبح ناشتے میں نارنگی کا رس کئی دنوں تک پیتے رہنے سے قبض دور ہو جاتا ہے۔اس سے قوت انہضام میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
میتھی کے پتوں کی سبزی کھانے سے قبض دور ہوتا ہے۔

سوتے وقت آدھا چمچ پسی ہوئی سونف گرم پانی کے ساتھ لینے سے قبض میں فائدہ ہوتا ہے۔
رات کو ایک چمچ پسا ہوا آنولہ گرم پانی یا گرم دودھ کے ساتھ لینے سے قبض نہیں رہتا۔آنتیں اور پیٹ صاف رہتے ہیں۔
گرم دودھ کے ساتھ دو چمچ گلقند یا اسپغول کا چھلکا رات کو لینے سے قبض دور ہوتا ہے۔
پرانا قبض ہو،تو پختہ انجیر کھانا،یا پانچ خشک انجیر دودھ میں اُبال کر رات کو سوتے وقت لینا مفید ہے۔
تل کوٹ کر اور چینی ملا کر کھانے سے قبض دور ہوتا ہے،تل،چاول اور مونگ کی دال کی کھچڑی سے بھی قبض دور ہوتا ہے۔

Browse More Healthart