Gathiya - Article No. 2349

Gathiya

گٹھیا - تحریر نمبر 2349

جوڑوں کی ایک تکلیف دہ بیماری

ہفتہ 15 جنوری 2022

گٹھیا (Arthritis) کی بیماری جوڑوں کے درد کی ایک عام قسم ہے۔اس کی اہم وجہ جسم میں یورک ایسڈ کی زیادتی ہے۔یورک ایسڈ ہمارے خون میں پایا جاتا ہے،اس کی زیادہ مقدار عموماً پیشاب کے ذریعے جسم سے خارج ہوتی ہے،اگر اس کا اخراج مطلوبہ مقدار میں جسم سے نہ ہو سکے تو یہ کسی جوڑ میں چھوٹے چھوٹے ذروں کی شکل میں جمع ہوتے ہیں۔بعد میں یہ خون کے ذریعے جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل جاتے ہیں،جس سے دوسرے جوڑ بھی متاثر ہوتے ہیں۔
گٹھیا اکثر پاؤں کے انگوٹھے میں اس لئے ہوتا ہے کیونکہ اس میں حرارت اور خون کی گردش کم ہوتی ہے۔اس کے نتیجے میں متاثرہ حصوں میں سوجن ہو جاتی ہے اور ناقابل برداشت درد ہوتا ہے۔اس بیماری کی شدت میں مختلف تیل اور عرقیات کی مالش سے بھی علاج کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پانی اور پھلوں کے رس کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے یورک ایسڈ پیشاب کے راستے جسم سے خارج ہو جاتا ہے۔

درج ذیل بعض پھل،سبزیوں اور جڑی بوٹیوں سے اس مرض میں افاقہ ممکن ہے۔
ہلدی
ہلدی میں قدرت نے درد کش صلاحیتیں رکھی ہیں،گٹھیا کے درد کی شدت میں کمی کے لئے ہلدی مفید بتائی جاتی ہے۔نصف چائے کا چمچ پسی ہوئی ہلدی اور اتنی ہی مقدار میں پسی ہوئی ادرک دو پیالی پانی میں ڈال کر دس سے پندرہ منٹ تک دھیمی آنچ پر پکائیں۔ٹھنڈا کرکے حسب ذائقہ شہد ملا کر دن میں دو مرتبہ پئیں،درد میں افاقے کے علاوہ خون میں جمع یورک ایسڈ کے اخراج کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔
ایک چائے کا چمچ ہلدی ایک گلاس دودھ میں حل کرکے تھوڑا سا شہد ملا کر صبح و شام پئیں۔چند روز کے استعمال سے گٹھیا کے مرض کی وجہ سے ہونے والے جوڑوں کے درد میں انشاء اللہ افاقہ محسوس ہو گا۔ہلدی کی ایک گانٹھ پانی میں اچھی طرح بھگو کر پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں۔اب ایک ڈش میں یہ پیسٹ ڈال دیں۔ان پر تھوڑا سا خوردنی چونے کا پاؤڈر چھڑک کر اس آمیزے کو اچھی طرح ملا کر پیسٹ بنا لیں۔
اس سے انگوٹھے اور جسم کے دیگر جوڑوں کے درد کی جگہ آہستہ آہستہ چند منٹوں تک مساج کیجیے۔اس کے بعد درد کی جگہ پر ارنڈی کا پتہ جو ارنڈی کے تیل میں بھگویا ہوا ہو،رکھ کر پٹی باندھ لیں۔اس طرح تین روز تک اس نسخے کو استعمال کریں۔
لونگ
ایک طبی تحقیق کے مطابق لونگ کا استعمال جسم سے ایسے مادوں کو خارج ہونے سے روکتا ہے،جن کے اخراج سے جوڑوں میں سوجن بڑھتی ہے۔
لونگ میں اینٹی آکسیڈنٹس اجزاء ہوتے ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں۔لونگ کا تیل بھی مفید ہوتا ہے۔
زیتون کا تیل
چند قطرے زیتون کے تیل سے دکھتے ہوئے جوڑوں کا ہلکے ہلکے مساج کیا جائے۔یہ عمل دن میں دو مرتبہ دوہرانے سے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔روغن زیتون دو سے تین چائے کے چمچ ایک گلاس نیم گرم دودھ میں ملا کر پینے سے چند روز میں یورک ایسڈ کی سطح میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ادرک
گٹھیا کی بیماری میں ادرک کا مختلف طریقے سے استعمال،شفا بخش ہے۔قدیم دور میں ادرک کو آگ پر بھون کر کھایا جاتا تھا،جس سے اس مرض میں کافی افاقہ ہوتا تھا۔ادرک کے باریک ٹکڑے کاٹ کر خشک کر لیں اور انہیں دو کپ پانی میں ڈال کر اُبالیں۔جب چائے تیار ہو جائے تو اس میں حسب ذائقہ چینی یا شہد ملا کر پئیں۔ادرک کا ایک ٹکڑا پیس کر درد والی جگہ پر لگانے کے بعد کپڑا لپیٹ لیں۔
کچھ دیر میں افاقہ محسوس ہو گا۔ادرک کا مرہم بھی بنایا جاتا ہے،تازہ ادرک کے تین ٹکڑے پیس لیں،اس میں نصف چائے کا چمچ زیتون کا تیل ملا کر پیسٹ بنا کر چھوٹی شیشی میں محفوظ کر لیں وقت ضرورت درد والے حصے پر لگا کر دس سے پندرہ منٹ تک کپڑے سے ڈھانپ دیں۔ملیٹھی اور ادرک چھ چھ گرام،ایک گلاس پانی میں ڈال کر چند منٹ جوش دے کر چھان لیں،نیم ہونے پر اس میں چینی ملا کر پینا درد میں مفید ہے۔

کلونجی
کلونجی کے بیجوں میں ایسے طبی اجزاء ہوتے ہیں جو جسم سے فاسد مادے خارج کرکے مدافعتی نظام کو محفوظ بناتے ہیں۔گٹھیا کی بیماری میں ایک چائے کا چمچ سرکہ نصف چائے کا چمچ کلونجی کا تیل اور دو چائے کے چمچ شہد ملا کر صبح نہار منہ اور رات کو سونے سے قبل استعمال کرنا چاہیے ۔جوڑوں کی تکلیف میں کلونجی کے تیل سے مالش سے انشاء اللہ چند ہفتے میں مرض میں نمایاں کمی محسوس ہو گی۔

آلو
آلو ایک عام ملنے والی اور سستی سبزی ہے۔گٹھیا کے درد کے لئے آلو کا رس مفید ہے۔دو بڑے آلو لے کر ان کا چھلکا اُتار لیں،پھر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے انہیں جوسر میں ڈال کر رس نکالیں۔حسب ذائقہ شکر ملا کر روزانہ دو چائے کے چمچ کھانے سے پہلے پئیں۔کچے آلو کے دو ٹکڑے کر لیں،جہاں درد ہو،اس جوڑ پر ان ٹکڑوں سے مساج کریں،تھوڑی دیر میں ہی افاقہ محسوس ہو گا۔
جوڑوں کا درد شدید نوعیت کا ہو تو آلو کاٹ کر ایک پٹی کی مدد سے درد کی جگہ پر اس کے ٹکڑے باندھ دیں۔چند روز تک اسی طرح باندھنے سے جوڑوں کے درد سے نجات مل جائے گی۔
نیم کے پتے
پچاس گرام نیم کے پتے باریک پیس لیں۔اتنی ہی مقدار میں تلوں کے تیل میں ڈال کر اچھی طرح گرم کرکے بوتل میں رکھ لیں۔شدید درد کی صورت میں متاثرہ جگہ پر اسے لگا کر مالش کرنے سے تھوڑی ہی دیر میں افاقہ محسوس ہوتا ہے۔

بید کی لکڑی کا برادہ
دو چائے کے چمچ بید کی لکڑی کا برادہ دو پیالی پانی میں ڈال کر پندرہ منٹ تک اُبالیں،جب پانی ایک پیالی رہ جائے تو چولہے سے اُتار کر تیس منٹ تک ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔اس میں آدھا لیموں کا رس اور نصف چائے کا چمچ شہد ملا کر دن میں دو مرتبہ پینا مفید ہے،گٹھیا کے لئے یہ ایک اچھا نسخہ بتایا جاتا ہے۔

Browse More Joint Pain