فرانس نے ایپل کو آئی فون کی فروخت روکنے کا حکم دے دیا

آئی فون 12 پر مقررہ حد سے زیادہ برقی مقناطیسی شعاعیں خارج کرنے کا الزام‘ ایپل نے اختلافی بیان جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 ستمبر 2023 16:30

فرانس نے ایپل کو آئی فون کی فروخت روکنے کا حکم دے دیا
پیرس ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 ستمبر 2023ء ) فرانس نے ایپل کو ملک میں آئی فون کی فروخت روکنے کا حکم دے دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق امریکی کمپنی ایپل کے آئی فون 12 ہینڈ سیٹس سے خطرناک درجے میں برقی مقناطیسی تابکاری کے اخراج کی شکایت کے بعد فرانسیسی ریگولیٹر نے کمپنی کو ملک میں آئی فون 12 کی فروخت روک کر موجودہ ہینڈ سیٹس میں پائی جانے والی خامی کو دور کرنے کا حکم دے دیا۔

فرانس میں نیشنل فریکوئینسی ایجنسی نے کہا ہے کہ آئی فون کا مذکورہ ماڈل مقررہ حد سے زیادہ برقی مقناطیسی شعاعوں کو خارج کرتا ہے، اس کے باعث ایپل کو فرانسیسی مارکیٹ سے آئی فون 12 کو ہٹانے کا حکم دیا ہے کیوں کہ منظور شدہ لیبز کی جانچ میں پتا چلا کہ آئی فون 12 کو جیب یا ہاتھ میں رکھنے سے 5.74 واٹ فی کلوگرام کے حساب سے برقی مقناطیسی توانائی جسم میں جذب ہو رہی ہے جب کہ یورپی معیار میں اس طرح کے ٹیسٹوں میں 4.0 واٹ فی کلوگرام مقناطیسی توانائی جذب ہونے کی شرح مخصوص ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ڈیجیٹل امور کے فرانسیسی وزیر جین نو بیرٹ نے مقامی اخبار ’لے پیرئزین‘ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ مجھے یقین ہے کمپنی کو اپنی مصنوعات میں پیدا ہونے والی شکایت کے منفی اثرات کا ادراک ہے، جس کے بعد وہ اسے نقص کو دور کرکے ہمارے قواعد سے ہم آہنگ بنانے کو تیار ہے لیکن اگر آئی فون ایسا کرنے میں ناکام رہی تو ہم مارکیٹ سے تمام آئی فون 12 اٹھوا دیں گے۔ ایپل نے ان نتائج پر اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آئی فون 12 متعدد بین الاقوامی اداروں سے تصدیق شدہ ہے اور اسے تمام قابل اطلاق تابکاری کے ضوابط اور معیارات کے مطابق تسلیم کیا گیا ہے، فرانسیسی واچ ڈاگ کو یہ ثابت کرنے کے لیے آزاد تھرڈ پارٹی لیب کے نتائج فراہم کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پیرس میں شائع ہونے والی مزید خبریں