پیرس میں سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ پروگرام میں تقریباً ایک لاکھ یورو کے عطیات دیئے گئے

اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا فنڈ ریزنگ پروگرام جس میں وعدے نہیں ، بلکہ موقع پر عطیات جمع کرائے گئے

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن جمعرات 8 ستمبر 2022 15:19

پیرس میں سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ پروگرام میں تقریباً ایک لاکھ یورو کے  عطیات دیئے گئے
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7ستمبر۔2022ء) فرانس کی پاکستانی کمیونٹی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے متحرک ہوگئی ، معروف بزنسمین اور سرپرست اعلی پاکستان بزنس فورم فرانس محمد ابراہیم ڈار نے عملی قدم اُٹھایا ، ان کی تجویز کی روشنی میں چئیرمین پاکستان بزنس فورم فرانس و سی ای او شمع انٹرنیشنل سردار ظہور اقبال ، بانی صدر بزنس فورم فرانس حاجی محمد اسلم چوہدری ، جنرل سیکریٹری بزنس فورم یاسر خان ، سینئر راہنما تحریک انصاف فرانس چوہدری گلزار لنگڑیال اور چیف کوآرڈینیٹر بزنس فورم صاحبزادہ عتیق نے فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز فرانس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مبشر ملک کے ساتھ ایک طویل میٹنگ کی اور پاکستان میں متاثرین سیلاب کی مدد اور بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

جملہ شرکاء میٹنگ نے اس بات پر اتفاق کیا کیونکہ مسلم ہینڈز فرانس دوسری فلاحی تنظیموں کی طرح پاکستان میں کام کررہی ہے اور حکومت ہاکستان اور فرانسیسی اداروں کی طرف سے اس کی اپروول بھی ہے تو بہتر ہے کہ تمام فنڈز مسلم ہینڈز کے ذریعے پاکستان بھیجے جائیں اور عطیات دینے والے احباب کی تجاویز کی روشنی میں زیادہ متاثر علاقوں میں بحالی کا کام کیا جائے ، میٹنگ میں مسلم ہینڈز فرانس سے یہ بھی طے ہؤا کہ کمیونٹی جتنے فنڈز اکٹھے کرکے دے گی ، اتنے ہی فنڈز مسلم ہینڈز فرانس اپنے اکاؤنٹ سے پاکستان متاثرین کے لئے بھیجے گی ، اگر کمیونٹی ایک لاکھ یورو اکٹھا کرکے مسلم ہینڈز کو دے گی تو مسلم ہینڈز فرانس دو لاکھ یورو پاکستان بھیجے گی اور متاثرین سیلاب پر خرچ کرے گی۔

(جاری ہے)

 فنڈ ریزنگ پروگرام کے آرگنائزرز سردار ظہور اقبال ، حاجی محمد اسلم چوہدری ، صاحبزادہ عتیق الرحمن ، چوہدری گلزار لنگڑیال ، یاسر خان ، یاسر قدیر ، چوہدری نوید پکھووال ، سہیل بھدر ، چوہدری افضل سدوال ، سلمان اسلم و دیگر نے پروگرام کے انتظامات کے لئے بھاگ دوڑ شروع کی ، دوستوں کے ساتھ رابطے کئے اور انہیں متاثرین سیلاب کی مدد کی طرف راغب کیا۔

سردار ظہور اقبال نے پروگرام کی میزبانی کا ذمہ اٹھایا ، اس طرح متاثرین سیلاب کے لئے پہلا فنڈ ریزنگ پروگرام شالیمار ریستوران کے خوبصورت ہال میں ہؤا ، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ لوکل ایڈمنسٹریشن ، سفارت خانہ پاکستان کے نمائیندوں ، سیاسی، سماجی اور بزنس کمیونٹی کی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ خدمت اور جوش و جذبہ کچھ یوں تھا کہ پروگرام شروع ہونے سے قبل ہی لوگوں نے عطیات جمع کرانا شروع کردئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا - تلاوت و نعت کی سعادت سلمان اسلم کے حصے میں آئی ، جنرل سیکریٹری بزنس فورم یاسر خان نے فرانسیسی و پاکستانی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ڈائریکٹر مسلم ہینڈز فرانس ڈاکڑ مبشر نے اپنی تنظیم کا تعارف کروایا اور تفصیل سے بتایا کہ تباہ حال علاقوں میں مسلم ہینڈز فرانس کیسے متاثرین کی مدد کررہی ہے۔

ڈاکٹر مبشر نے شرکاء پروگرام کو بتایا کہ مسلم ہینڈز فرانس ایک رجسڑڈ فلاحی تنظیم ہے ، آپ لوگ مسلم ہینڈز سے عطیات کی باقاعدہ رسید لیں اس سے آپکو ٹیکس میں بھی چھوٹ ملے گی- سرپرست اعلی بزنس فورم فرانس محمد ابراہیم ڈار جو بوجہ سفر پروگرام میں شرکت نہ کرسکے ، ان کے بیٹے نوید ابراہیم ڈار نے دس ہزار یورو سیلاب زدگان کے لئے عطیہ دیا۔

ابراہیم ڈار کی والدہ مرحومہ کے نام پر قائم سکینہ ویلفئیر ٹرسٹ پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب زدگان کی خشک راشن ، ادویات اور مالی امداد کررہا ہے۔ چئیرمین بزنس فورم فرانس ، آرگنائزر و میزبان پروگرام سردار ظہور اقبال نے اپنی فیملی اور دوستوں کی طرف سے سولہ ہزار یورو سے زائد کے عطیات جمع کرائے ، بزنس فورم کے صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے اپنی فیملی اور دوستوں کی طرف سے تقریباً تیرہ ہزار یورو سے زائد کے عطیات جمع کرائے ، آرگنائزرز صاحبزادہ عتیق ، یاسر خان ، چوہدری افضل سدوال ، چوہدری گلزار لنگڑیال ، یاسر قدیر ، سہیل بھدر ،حمزہ تاج سکھیرا ، چوہدری نواز اورنگزیب ، راجہ علی اصغر ، یاسر قدیر ، ابرار کیانی ، صوفی نیاز ، یاسر مروان ، چوہدری عبدالستار ، چوہدری سجاد حسین آف موہاڑی ، اصغر برہان ، آصفہ ہاشمی ، شاہدہ امجد نے بھی اپنی طرف سے اور دوستوں کی طرف سے دئے گئے ہزاروں اور سینکڑوں یورو کے عطیات سیلاب فنڈ میں جمع کرائے۔

یہ اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا پروگرام تھا کہ جس میں عطیات کے وعدے نہیں کئے گئے ، بلکہ عملی طور پر موقع پر عطیات جمع کرائے گئے۔ تمام عطیات مسلم ہینڈز فرانس کے ذریعے سیلاب متاثرین تک پہنچائے جائیں گے۔ اِس موقع پر سردار ظہور اقبال اور حاجی محمد اسلم چوہدری نے تشریف لانے اور عطیات دینے والے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔ فنڈ ریزنگ پروگرام میں بوبینی شہر کے مئیر اور ڈپٹی مئیر ، اور پاکستان ایمبسی سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن میڈیم خذیفہ خانم، پریس قونصلر دانیال گیلانی اور ہیڈ قونصلر احسان کریم نے بھی شرکت کی-مئیر بوبینی نے اپنے خطاب میں سیلاب زدگان کے لئے امداد کا وعدہ کیا۔

پروگرام کی مہمان خصوصی ڈپٹی ہیڈ آف مشن پاکستان ایمبیسی محترمہ خذیفہ خانم نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں سیلاب زدگان کو اوورسیز پاکستانیوں کی مدد کی اشد ضرورت ہے اور آپ لوگوں نے فراخ دلی سے عطیات دیئے ہیں- محترمہ خذیفہ خانم نے پروگرام میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور بڑی تعداد میں عطیات جمع کرنے پر آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی۔

پروگرام کے آرگنائیز اور میزبان سردار ظہور اقبال نے کہا کہ آج فنڈ ریزنگ کے پروگرام میں پاکستان کی کمیونٹی نے فراغ دلی سے عطیات دئیے اور ایک بھاری رقم اکٹھی کر لی گئی ہے اور ہم اس بات کا عہد بھی کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے- پروگرام کے آرگنائزر صاحبزادہ عتیق الرحمان نے کہا فرانس میں پاکستان کمیونٹی کا پہلا پروگرام ہوا اور اس پروگرام میں جتنے عطیات کا اعلان ہوا اُتنے عطیات اکٹھے بھی ہوئے اور سارے عطیات مسلم ہینڈ فرانس کو دے دئیے گئے ہیں- معروف کاروباری بزنس مین یاسر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ فنڈ ریزنگ میں ایک لاکھ یورہ اکھٹا کیا گیا ہے اور پوری پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور حصہ ڈالا ہے پی ٹی آئی فرانس کے رہنما یاسر قدیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی پریشانی آتی ہے تو فرانس میں مقیم پاکستانی پاکستان کی مدد کرتے ہیں اس دفعہ بھی پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور تعاون کیا ہے- پروگرام میں شریک خواتین آصفہ ہاشمی، نتاشا ظہور اقبال ، فائزہ شاہ اور ناصرہ فاروقی نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کمیونٹی کو اس سلسلے کو جاری رکھنا چاہیے اور پاکستان میں موجود سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنا چاہیے-

پیرس میں شائع ہونے والی مزید خبریں