عازمین حج اور معتمرین کے لیے 3 نئے پروگرام ترتیب دے دیئے گئے

زائرین کے لیے موبائل کلینکس، لفٹس اور آن لائن عمرہ ویزہ کی سہولت متعارف کرا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 فروری 2019 11:01

عازمین حج اور معتمرین کے لیے 3 نئے پروگرام ترتیب دے دیئے گئے
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2019ء) مکّہ مکرمہ اللہ تعالیٰ کا گھر ہے۔ جہاں ہر سال ایک کروڑ سے زائد لوگ حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ اللہ کے ان مہمانوں کی ہمہ وقت خدمت اور اُن کے لیے سہولتوں کے اضافے کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔ اور اس سلسلے میں نِت نئے منصوبے بھی تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ سعودی ویژن 2030ء کے تحت 2030ء تک مملکت میں معتمرین کی گنتی 3 کروڑ تک لے جانے کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ حاجیوں کی تعداد بھی دُگنی کی جائے گی۔ اس حوالے سے مکّہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں معمترین و زائرین کے آرام و آسائش کی خاطر تین شاندار منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں۔ جن میں سے پہلا منصوبہ وزارت صحت کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت معتمرین کی خدمت کے لیے موبائل کلینکس کی سروس شروع کی جا رہی ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے آس پاس عمارتوں میں رہائش پذیر زائرین کو موبائل کلینکس کے ذریعے صحت سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اگر کوئی شخص بیمار پڑ جاتا ہے تو اُسے موبائل کلینکس کے اہلکار موقع پر پہنچ کر اُسے ادویات وغیرہ دیں گے۔ جس کے باعث زائرین ہسپتالوں اور صحت مراکز جانے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔ اور اُنہیں اپنی رہائشی عمارات میں ہی بہترین طبی سہولتیں فراہم ہوں گی۔ دُوسرا منصوبہ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ جس کے تحت زائرین کو عمارتوں میں موجود لفٹس کے استعمال کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

جبکہ تیسرا پروگرام وزارت حج و عمرہ کی نے شروع کیا ہے۔ ’بوابۃ مقام‘ نامی اس پروگرام کے تحت زائرین کے لیے ایک ویب سائٹ قائم کی گئی ہے جس کے باعث دُنیا بھر میں موجود فرزندانِ توحید آن لائن عمرہ کا ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ہوٹلز میں اپنی ریزرویشن کروا سکتے ہیں اور عمرہ کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ معاہدے بھی کر سکتے ہیں۔ اس طرح وہ ممالک جہاں عمرہ کے ٹورز آپریٹر موجود نہیں ہیں، وہاں کے باشندے اس سروس سے زیادہ فیض یاب ہوں گے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں