سعودی عرب کا آئندہ حج عازمین کیلئے 21 ہزار بسیں چلانے کا اعلان

اس سال تقریباً 20 لاکھ عازمین حج کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 جنوری 2024 13:29

سعودی عرب کا آئندہ حج عازمین کیلئے 21 ہزار بسیں چلانے کا اعلان
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے آئندہ حج کے موقع پر عازمین کیلئے 21 ہزار بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب میں آئندہ سالانہ حج سیزن کے دوران تقریباً 21 ہزار بسیں عازمین کی خدمت کے لیے تیار کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں سعودی جنرل سنڈیکیٹ آف کارس کی ترجمان روبا الغسن نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد اس سال تقریباً 20 لاکھ عازمین حج کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنا ہے، اس کے لیے اب تک 65 کمپنیوں کی بسوں کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جن کے حوالے سے ہم آپریشنل پلان ترتیب دے رہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ سعودی عرب نے جون میں ہونے والے اس سال کے حج کے لیے ابتدائی تیاری شروع کر دی ہے اور اس ماہ کے شروع میں اس سے منسلک آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس سال کے حج کے لیے ضابطے طے کر لیے گئے ہیں، جن کے تحت نئے حج سیزن میں مقدس مقامات پر ممالک کے لیے کوئی مخصوص جگہ مختص نہیں کی جائے گی، اس کی بجائے مختلف ممالک کے لیے جگہوں کا تعین معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لحاظ سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ جو ملک جلد از جلد معاہدے کر لے گا، اسے مقدس مقامات میں مناسب جگہ لینے پر ترجیح دی جائے گی، حج ویزوں کا اجراء یکم مارچ سے شروع ہوگا اور 29 اپریل کو اسلامی کیلنڈر کے 10ویں مہینے شوال کی 20 تاریخ تک یہ سلسلہ جاری رہے گا، سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد 9 مئی کی مناسبت سے 11ویں اسلامی مہینے ذوالقعدہ کی پہلی تاریخ سے شروع ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں