حاجیوں کیلئے رہائشی اجازت ناموں کی درخواستوں کی وصولی شروع

عمارتوں کے مالکان اور سرمایہ کاروں کو جلد از جلد درخواستیں جمع کروانے کا مشورہ دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 جنوری 2024 15:33

حاجیوں کیلئے رہائشی اجازت ناموں کی درخواستوں کی وصولی شروع
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2024ء ) سعودی عرب میں حاجیوں کے لیے رہائشی اجازت ناموں کی درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی۔ سبق نیوز پورٹل کے مطابق آئندہ حج کے موقع پر حاجیوں کے لیے رہائشی اجازت ناموں کی درخواستوں کی وصولی کا آغاز کرتے ہوئے مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے عازمین حج کو رہائش فراہم کرنے والی کمیٹی سے عمارتوں کے اجازت نامے حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے، عمارتوں کے مالکان اور سرمایہ کاروں کو اجازت ناموں کے حصول کے لیے جلد از جلد درخواستیں جمع کرواننے کا مشورہ دے دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مکہ مکرمہ گورنریٹ نے کہا ہے کہ عازمین حج کو رہائش فراہم کرنے والی کمیٹی نے عازمین کی رہائش کے لیے مختص عمارتوں کے اجازت ناموں کے لیے درخواستوں کی وصولی شروع کردی ہے، عازمین کی رہائش کے لیے مختص عمارتوں کے مالکان اور سرمایہ کاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ متعلقہ دفاتر میں اپنی درخواست جمع کرائیں تاکہ ان عمارتوں کا معائنہ ممکن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سعودی عرب نے جون میں ہونے والے اس سال کے حج کے لیے ابتدائی تیاری شروع کر دی ہے اور اس ماہ کے شروع میں اس سے منسلک آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس سال کے حج کے لیے ضابطے طے کر لیے گئے ہیں، جن کے تحت نئے حج سیزن میں مقدس مقامات پر ممالک کے لیے کوئی مخصوص جگہ مختص نہیں کی جائے گی، اس کی بجائے مختلف ممالک کے لیے جگہوں کا تعین معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لحاظ سے کیا جائے گا۔

سعودی وزیر برائے حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ جو ملک جلد از جلد معاہدے کر لے گا، اسے مقدس مقامات میں مناسب جگہ لینے پر ترجیح دی جائے گی، حج ویزوں کا اجراء یکم مارچ سے شروع ہوگا اور 29 اپریل کو اسلامی کیلنڈر کے 10ویں مہینے شوال کی 20 تاریخ تک یہ سلسلہ جاری رہے گا، سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد 9 مئی کی مناسبت سے 11ویں اسلامی مہینے ذوالقعدہ کی پہلی تاریخ سے شروع ہوگی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں