عمرہ زائرین کی تعداد میں لاکھوں کا اضافہ

2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار افراد نے سعادت حاصل کی

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 جنوری 2024 09:54

عمرہ زائرین کی تعداد میں لاکھوں کا اضافہ
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جنوری 2024ء ) عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں کئی لاکھ افراد کا ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے اور 2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔

حج و عمرہ کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے جب کہ مکہ روٹ پراجیکٹ سے اب تک 8 ممالک کے 6 لاکھ 17 ہزار عازمین مستفید ہوچکے ہیں، حج 2024ء کے لیے 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کو خدمات فراہم کریں گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ ہم نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شراکت داروں سے مل کر براہ راست پروازوں میں اضافہ کیا ہے، پہلے 164 ایئرپورٹس سے پروازیں آتی تھیں اب ان کی تعداد 32 فیصد اضافے کے ساتھ 216 ہوچکی ہے، اس کے علاوہ سعودی عرب اپنے یہاں تاریخی مقامات کو جدید طرز پر استوار کر رہا ہے، اس ضمن میں اب تک 10 نئے تاریخی مقامات پر کام مکمل ہوچکا ہے، 12 تاریخی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام ہورہا ہے اور 18 ایسے مقامات تیار کیے گئے ہیں جن سے زائرین کی معلومات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس مدینہ منورہ میں بھی عمرہ کانفرنس اور نمائش کا انعقاد ہوگا، جس میں 80 سے زائد ممالک کے وزراء اور عہدیدار شرکت کریں گے، تمام شریک ممالک کے ساتھ حج انتظامات کے حوالے سے معاہدے ہوچکے ہیں، منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں نیا انفرا سٹرکچر قائم کرنے کے لیے 5 ارب ریال سے زیادہ کے منصوبے متعارف کرائے ہیں، گزشتہ سال حج و عمرہ خدمات فراہم کرنے والے 40 ہزار سے زائد اہلکاروں کو ٹریننگ دی گئی اور اس سال 1 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ اہلکاروں کی ٹریننگ جاری ہے۔

سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف کے تعاون سے آگہی مرکز قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عازمین میں آگہی کا معیار بلند کرنا ہے، وزارت ان ممالک سے آنے والے عازمین کی بھی خدمت کر رہی ہے جہاں حج مشن نہیں ہیں، وزارت نے حج پورٹل کے ذریعے گزشتہ سال 67 ممالک کو سہولت دی تھی اس سال اس کا دائرہ مزید وسیع کیا ہے اور 126 ملکوں کو کم لاگت پر معیاری خدمات براہ راست فراہم کی جائیں گی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں