مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ میں ماسک کی پابندی کی ہدایت کردی گئی

زائرین اگر تنفس کے مرض کی علامات محسوس کریں تو ایسی صورت میں دوسروں کی خاطر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 جنوری 2024 17:52

مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ میں ماسک کی پابندی کی ہدایت کردی گئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں زائرین کے لیے ماسک کی پابندی کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین کے نگراں اعلی ادارے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں تشریف لانے والے زائرین ماسک کی پابندی کریں۔

اس سلسلے میں حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین اگر تنفس کے مرض کی علامات محسوس کریں تو ایسی صورت میں دوسروں کی خاطر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، مشروبات کا زیادہ استعمال کرتے ہوئے آرام کا خیال رکھیں اور ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات کا استعمال نہ کیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ 2023ء میں 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار فرزندان توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کی اور زائرین کی ریکارڈ تعداد 2023ء میں مسجد نبوی ﷺ پہنچی اور ایک سال میں 28 کروڑ افراد نے عبادت کا شرف حاصل کیا، سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے۔

(جاری ہے)

مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سال 2023 کے دوران 28 کروڑ سے بھی زیادہ زائرین نے مختلف سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روحانی ماحول میں مسجد نبوی میں حاضری کی سعادت حاصل کی، اس موقع پر نمازیوں کی آسانی کے لیے معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور انہیں راحت اور سکون کے تمام ممکن وسائل کی مہیا کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ زائرین اطمینان اور سکون دل کے ساتھ مسلمانوں کے دوسرے مقدس ترین مقیم پر عبادت کا شرف حاصل کرسکیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں