مخصوص ممالک کے رہائشیوں کیلئے عمرہ کرنا مزید آسان ہوگیا

یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ کے مستقل رہائشی پیشگی عمرہ ویزہ حاصل کیے بغیر کسی بھی ویزہ یا ویزہ آن ارائیول پر مملک پہنچنے کے بعد بھی عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 فروری 2024 16:54

مخصوص ممالک کے رہائشیوں کیلئے عمرہ کرنا مزید آسان ہوگیا
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری 2024ء ) سعودی عرب کی جانب سے مخصوص ممالک کے رہائشیوں کیلئے عمرہ کرنا مزید آسان کردیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے نشاندہی کی ہے کہ یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ کی مستقل رہائش رکھنے والے باشندے پیشگی عمرہ ویزہ حاصل کیے بغیر کسی بھی ویزہ یا ویزہ آن ارائیول پر مملک پہنچنے کے بعد بھی عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔

وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کے لیے اس مقدس عمل میں آسانی پیدا کرنا، اعلیٰ معیار کی خدمات کو یقینی بنانا اور سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے تحت زائرین کے لیے ثقافتی اور مذہبی تجربات میں اضافہ ہے۔ وزارت نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عمرہ کرنے کے اہل افراد اب آسانی سے نسک ایپ کے ذریعے اپنی زیارت کا شیڈول بنا سکتے ہیں یا یہاں تک کہ کسی دوسرے ویزہ پر مملکت پہنچنے پر براہ راست عمرہ کرنے کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، مملکت نے ان ممالک کے رہائشیوں کے لیے آمد پر ویزہ کے اختیارات شامل کرنے کے لیے رسائی کو بڑھا دیا ہے، چاہے وہ عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں یا سیاحت کے مقاصد کے لیے مملکت کا سفر کریں۔

(جاری ہے)

سعودی وزیرِ برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ 2023ء میں سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 58 فیصد یعنی تقریباً 50 لاکھ افراد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی جو سالانہ بنیاد پر اب تک کی زائرین کی سب سے زیادہ ہے، اس سے قبل 2019ء میں بیرون مملکت سے 85 لاکھ 50 ہزارعمرہ زائرین آئے تھے، عمرہ زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں، تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ کرنے کے لیے ای ویزے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے جب کہ مکہ روٹ پروجیکٹ سے اب تک 8 ممالک کے 6 لاکھ 17 ہزار عازمین مستفید ہوچکے ہیں، حج 2024ء کے لیے 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کو خدمات فراہم کریں گی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں