مکّہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر رمضان المبارک کے دوران کھول دیا گیا

چار منزلہ عجائب گھر میں مختلف نظام شمسی ، خلا اور سیاروں سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 مئی 2019 12:17

مکّہ کلاک ٹاور میں موجود عجائب گھر رمضان المبارک کے دوران کھول دیا گیا
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 11 مئی 2019ء) حرمِ کعبہ کے سامنے واقع مشہور کلاک ٹاور میں موجود چار منزلہ عجائب گھر رمضان المبارک کے مہینے میں زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔ یہ میوزیم پُورے رمضان کے دوران کھُلا رہے گا۔ اُردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس عجائب گھر کی پہلی منزل پر نظامِ شمسی کی مجسم عکاسی کی گئی ہے، جس کے بعد وقت کے تعین، کائنات، کہکشاں کے علاوہ نظامِ شمسی کی گردش کو بیان کرنے کے لیے بہترین اور جدید ترین طریقوں کے ذریعے وضاحت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ دُنیا کی سب سے بڑی گھڑی جو مکّہ ٹاور پر نصب کی گئی ہے، اس کی تیاری کے مختلف مراحل اور تنصیب کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی شہرت یافتہ گھڑی دُنیا کی بڑی واچ کمپنیوں کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ کلاک ٹاور میوزیم کی دُوسری منزل ’وقت‘ کے بارے میں ہے۔ یہاں مختلف ادوار میں گھڑیوں کی ایجاد کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے۔

کلاک ٹاور کی تیسری منزل پر کائنات کے رازوں کے بارے میں مجسم عکاسی کرتے ہوئے مختلف مناظر کو پیش کیا گیا ہے، اس کے علاوہ چاند گرہن اور سورج گرن سے متعلق مختلف ادوار کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ چوتھی منزل پر زائرین کو خلا اور سیاروں سے متعلق معلومات دی جاتی ہیں۔ مکّہ کلاک ٹاور کا سب سے بلند مقام ’شرفہ‘ کہلاتا ہے ، جہاں پہنچ کر زائرین پُورے مکّہ شہر کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ یہاں سے حرم کا انتہائی خوبصورت منظر بھی دکھائی دے سکتا ہے۔ یہ کلاک ٹاور مکّہ سے 25 کلومیٹر دُور سے بھی دکھائی دے جاتا ہے۔ اس شہرہ آفاق کلاک ٹاور کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہاں اذان کے وقت بھی ایل ای ڈیز جگمگاتی ہیں جن کی روشنی میلوں دُور سے دکھائی دیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں