مکّہ مکرمہ میں نابیناؤں کے لیے خصوصی اقدام اُٹھا لیا گیا

شہر کی سڑکوں پر بینائی سے محروم افراد کے لیے الگ ٹریک بنائے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 جولائی 2019 13:33

مکّہ مکرمہ میں نابیناؤں کے لیے خصوصی اقدام اُٹھا لیا گیا
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جولائی 2019ء) دُنیا بھر میں نابینا افراد کے آرام و آسائش کا خیال رکھنے اور اُنہیں تکلیف سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات اُٹھائے جاتے ہیں کیونکہ اگر ان لوگوں کے بچاؤ اور تحفظ کا خیال نہ رکھیں جائے تو یہ بصارت سے محرومی کے باعث کسی بھی وقت خوفناک حادثے کا شکار بن سکتے ہیں۔ خصوصاً مغربی دُنیا میں تو نابینا افراد کے لیے وظیفے بھی مقرر کیے جاتے ہیں اور اُن کے لیے خاص سفری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

اب سعودی مملکت بھی بصارت سے محروم افراد کے لیے خصوصی اقدامات کرنے جا رہی ہے۔ اس معاملے میں پہل کا اعزاز مکّہ مکرمہ میونسپلٹی کے حصّے آیا ہے۔ مکّہ کی میونسپلٹی کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مکّہ شہر میں نابینا افراد کی سہوت اور تحفظ کی خاطر تمام سڑکوں پر الگ سے ٹریک بنائے جائیں گے تاکہ بصارت سے محروم یہ افراد کسی کا سہارا اور مدد لیے بغیر کسی عدم تحفظ کے احساس کے بغیر سڑک پر چل سکیں اور اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

مکّہ اخبار نے میونسپلٹی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس مقصد کے لیے کئی سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے اور اُن کے ڈیزائن میں تبدیلی لائی جائے گی تاکہ معذوروں کے لیے سہولت پیدا ہو سکے۔ اس سلسلے میں سڑکوں پر مخصوص قسم کے نشانات لگائے جائیں گے تاکہ نابینا افراد کو پیدل چلنے میں دُشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ معذوروں کی سہولت کے لیے مکّہ کی سڑکوں کے ڈیزائن اور فٹ پاتھ میں تبدیلی لائی جا رہی ہے جس سے معذور بوڑھے یا بچے ان پر چڑھنے یا اُترنے میں کسی قسم کی دُشواری کا سامنا نہ کریں۔ اس منصوبے کا آغاز العتیبیہ، الخانسہ، ابن حسن، الستین اور المنصور نامی سڑکوں سے کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں