خانہ کعبہ کی دیواروں میں پڑ نے والے شگاف بھر دیئے گئے، متاثرہ پتھر بھی ٹھیک ہو گئے

مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابع حج سیزن کے دوران اُوپر چڑھائے گئے غلافِ کعبہ کو بھی نیچے تک اُتار دیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 ستمبر 2019 11:48

خانہ کعبہ کی دیواروں میں پڑ نے والے شگاف بھر دیئے گئے، متاثرہ پتھر بھی ٹھیک ہو گئے
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،11ستمبر 2019ء) مسجد الحرام کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خادمین حرمین شریفین کی ہدایت کے مطابق خانہ کعبہ کی دیواروں کی مرمت کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ خانہ کعبہ کی دیواروں میں پڑ نے والے شگاف بھر دیئے گئے ہیں، کچھ حصوں کے متاثرہ پتھر بھی ٹھیک کر دیئے گئے ہیں۔

تمام کام اعلیٰ معیار کے مطابق انجام دیا گیا ہے۔ اصلاح و مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد حج سیزن کے دوران اُوپر چڑھائے گئے غلافِ کعبہ کو بھی نیچے تک اُتار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس موقع پر غلاف کعبہ کو باندھنے والے کندوں پر سونے کا پانی چڑھایا گیا۔جبکہ حج سیزن کے خاتمے کے بعد مطاف میں نمازیوں کے لیے دوبارہ سے 1200 قالین بچھوا دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ حج کے موسم میں خانہ کعبہ کے اطراف یعنی مطاف اور مسجد الحرام کے دالانوں میں بچھائے گئے قالین اُٹھا دیئے جاتے ہیں تاکہ زائرین کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جنہیں حج سیزن کے اختتام کے بعد دوبارہ سے بچھا دیا گیا ہے۔ عہدے دار کے مطابق مسجد الحرام کے احاطوں اور چھت سمیت تمام مقامات پر بچھائے گئے قالینوں کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ جن کی صفائی سُتھرائی اعلیٰ معیار کے مطابق کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مسجد نبوی میں بھی مزید نئے قالین بچھائے جا رہے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں