مسجد حرام آنے والے زائرین کی آسانی کیلئے مطاف میں 25 نئے ٹریک بنا دیے گئے

معتمرین کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں نئے مُصلّے بنادیے گئے، طواف کے بعد 2 رکعت ادا کرنے کی جگہ پر اسٹیکرز بھی لگائے گئے ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 ستمبر 2021 16:42

مسجد حرام آنے والے زائرین کی آسانی کیلئے مطاف میں 25 نئے ٹریک بنا دیے گئے
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2021ء ) عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے باعث مطاف میں 25 نئے ٹریک بنا دیے گئے۔ العربیہ نیوز کے مطابق مطاف کے صحن میں 25 نئے ٹریک مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے بنائے گئے ہیں ، جس کا مقصد اللہ کے گھر آنے والے مہمانوں کو آسانی فراہم کرنا ہے ، اس کے علاوہ نمازیوں اور معتمرین کی تعداد میں اضافے کے دوران احتیاطی اقدامات اور سماجی فاصلے کو بھی پوری طرح نافذ العمل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے متعلقہ انتظامی ذمہ دار انجینئر معن قاروت نے بتایا کہ سماجی فاصلے کے اسٹیکروں کی ترتیب مسجد حرام میں آنے والے افراد کی تعداد کی مناسبت سے رکھی گئی ہے اور مطاف کے صحن میں 25 ٹریکس کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ معذور افراد کے لیے الگ سے ٹریک مخصوص کیے گئے ہیں اسی طرح طواف کے بعد 2 رکعت ادا کرنے کی جگہ پر بھی اسٹیکرز لگائے گئے ہیں اور معتمرین کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں نئے مُصلّے بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مسجد حرام کا نیا توسیع شدہ حصہ بھی تیار کرلیا گیا جس کو جلد نمازیوں اور زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا ، شاہ فہد توسیعی حصے کی پہلی منزل اور چھت تیار کرلی گئی ہے جب کہ دروازوں پر 100 دربان بھی مقرر کیے گئے ہیں جو دروازوں کو کھولنے بند کرنے کے علاوہ باب شاہ فہد کی سیڑھیوں کو بھی آپریٹ کریں گے ، شاہ فہد توسیعی پروجیکٹ کی پہلی منزل اور چھت کو زائرین کے لیے حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے ’صدارت عامہ برائے امور حرمین‘ کی جانب سے جاری عمرہ سیزن کے دوران بیت اللہ میں نمازیوں اور زائرین کی تعداد میں اضافے کے باعث کیا گیا ، اس سہولت کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے بہترین اورمعیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔

اس ضمن میں مسجد حرام میں دروازوں کے امور کے ڈائریکٹر فہد المالکی نے بتایا ہے کہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، جس کے تحت زائرین کے لیے شاہ فہد توسیعی حصے کی پہلی منزل اور چھت کو بھی تیار کرلیا گیا ہے جب کہ دروازوں پر 100 دربان مقرر کیے گئے ہیں جو دروازوں کو کھولنے بند کرنے کے ساتھ ساتھ باب شاہ فہد کی سیڑھی اور باب 74 اور 83 کی سیڑھی کو آپریٹ کریں گے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں