مکہ مکرمہ ؛ کلاک ٹاور سے بلند ہونے والی سبز روشنی کی تصاویر وائرل ، حقیقت سامنے آگئی

ہر ہجری مہینے کے آغاز کے علاوہ عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی ٹاور کے اوپری حصے میں سبز لیزر لائٹ کے ساتھ ایسی روشنی بلند کی جاتی ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اکتوبر 2021 18:02

مکہ مکرمہ ؛ کلاک ٹاور سے بلند ہونے والی سبز روشنی کی تصاویر وائرل ، حقیقت سامنے آگئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر 2021ء ) مکہ مکرمہ میں کلاک ٹاور سے بلند ہونے والی سبز روشنی کی تصاویر وائرل ہونے پر حقیقت سامنے آگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک تصویر شیئر کی گئی ، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مکہ مکرمہ میں کلاک ٹاور سے پیغمبر اسلام ﷺ کا یوم ولادت منانے کے لیے سبز بتی روشن کی جاتی ہے تاہم مکہ مکرمہ کے اس کلاک ٹاور کی گردش کرنے والی تصویر کی جب تحقیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ ایسی تصویر پہلی بار 2015ء میں شائع ہوئی تھی۔

 
 
بتایا گیا ہے کہ ایسی تصویر ہر ہجری مہینے کے آغاز میں سامنے آتی ہے ، اس کے علاوہ عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹاور کے اوپری حصے میں سبز لیزر لائٹ کے ساتھ روشنی بلند کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بیت اللہ کے عین سامنے مکہ کلاک ٹاور کی عظیم الشان عمارت واقع ہے ، جو 2013 میں اپنے افتتاح کے موقع پر دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت تھی ، اس عمارت کی چوٹی زمین سے 607 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور بلند ترین مقام پر ایک خوبصورت سنہرا ہلال بنایا گیا ہے جس کی چمک میلوں دور سے آنکھوں کو خیرہ کرتی ہے جب کہ چوٹی کے عین نیچے، سنہری ہلال کی بنیاد میں ایک خاص کمرہ بنایا گیا ہے جسے عبادت کے لئے وقف کیا گیا ہے ، اس کمرے تک پہنچنے کے لئے ہائی اسپیڈ لفٹ استعمال کرنا پڑتی ہے جو عمارت کے ٹاپ فلور تک جاتی ہے ، اس کے بعد 18 میٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا جاسکتا ہے یا اس کے لئے دنیا کی بلند ترین چئیر لفٹ استعمال کی جاسکتی ہے۔

اس کی منصوبہ بندی کرنے والے چاہتے تھے کہ کعبہ کے پاکیزہ اور روح پرور نظارے کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لئے جگہ تعمیر کی جائے اور اسی مقصد کی تکمیل کے لئے بلند ترین مقام پر واقع ہلال کے اندر یہ خاص کمرہ تعمیر کیا گیا۔ مکہ مکرمہ کلاک ٹاور فن تعمیر کی ایک اچھوتی یادگار ہے ، اس حسین شاہکار کو ماہرين تعميرات نے نہايت نفاست اور خوبصورتي سے بنایا ہے جسے فن تعمير کا دلکش نمونہ قرار ديا گيا ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ، اپنی دیو ہیکل قامت کی وجہ سے یہ ٹاور شہر مقدس کی ہر جگہ سے نہ صرف بآسانی دیکھا جاسکتا ہے بلکہ راستے کے تعین میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں